Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولوی عبدالغنی وارثی عظیم آبادی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولوی عبدالغنی وارثی عظیم آبادی
ARI Id

1676046599977_54337772

Access

Open/Free Access

Pages

39

مولوی عبدالغنی صاحب وارثی عظیم آبادی

            اس مہینہ ہماری قوم کے ایک اور فاضل نے داغِ مفارقت دیا، یعنی جناب مولوی عبدالغنی صاحب وارثی عظیم آبادی نے وہ مضافات بہار میں سے استہاداں نام ایک مردم خیز قصبہ میں پیدا ہوئے تھے، عربی کے فاضل انگریزی کے عالم تھے، عربی کی تعلیم آرہ کے مدرسہ میں پائی تھی۔ اس وقت انگریزی کا نیانیا دور تھا، انہوں نے عربی کتابیں ختم کرکے اس وقت علی گڑھ کے مدرستہ العلوم میں انگریزی پڑھی، جب کہ وہ ایک اسکول کا جھوپڑا تھا، انگریزی تعلیم کے بعد انہوں نے بانکی پور میں اخبار نویسی کی زندگی اختیار کی، پھر حیدرآباد گئے، اور مترجمی کے عہدے پر ممتاز ہوئے اور آخر رفتہ رفتہ اسسٹنٹ جنرل سرکار حیدرآباد ہوئے۔ حیدرآباد میں اس بزم کے ممبر تھے جس کے صدر نشین علامہ شبلی، مولوی عبدالحلیم شرر اور مولوی عزیز مرزا مرحوم تھے، چند مہینہ ہوئے کہ پنشن پاکر خانہ نشین ہوئے تھے کہ وفعتہ ۱۰، جون ۱۹۱۸؁ء کی شب کو درد سینہ سے وفات ہوئی۔

            مرحوم کو اخلاق و تصوف سے فطری ذوق تھا، اسی لئے ان کی تصنیفات زیادہ تر اسی موضوع پر ہیں، بوذاسف و بلوہر جو اصل میں ایک ہندی قصہ اور بودھ کی زندگی اور تعلیم کا خلاصہ ہے۔ مسلمانوں کے عہد عروج میں اس کا عربی میں ترجمہ ہوا تھا، پھر کلیلہ و منہہ کی طرح وہ عربی سے دنیا کی اکثر زبانوں میں منتقل ہوا۔ مولوی صاحب مرحوم عربی سے اردو کا نہایت عمدہ ترجمہ کرکے ہندوستان کی کھوئی ہوئی دولت کو پھر ہندوستان واپس لائے، یہ قصہ اس قدر پر اثر اور ہندی تمثیلات سے اس قدر مملو ہے کہ شبہ ہوتا ہے کہ کیا موجودہ انجیل اسی سے ماخوذ ہے، عربی میں اخلاق کی ایک اور چھوٹی سی کتاب ہندوشاہ کی ’’الکلم الروحانیہ فی الحکم الیونانیہ‘‘ ہے، مرحوم نے اس کو بھی اپنی زبان میں منتقل کیا۔ اولیاء اﷲ کے حالات میں امام شعرانی کی ایک مستند ضخیم کتاب عربی میں ہے، اس کو بھی نعمتِ عظمٰی کے نام سے اردو میں ترجمہ کیا، عربی کی الف لیلہ اور ابن شداد کی سیرۃ صلاح الدین کا ترجمہ بھی انہوں نے بعض امرائے دکن کی فرمائش سے کیا تھا۔ لیکن شائع نہیں ہوا۔ آج کل رسالہ الناظر میں (شاید لین پول کی) انگریزی تاریخ اسپین کا نہایت صحیح ترجمہ عربی ناموں کی صحت کے ساتھ شائع ہورہا ہے۔ پچھلی بار جب مولوی صاحب سے وطن میں ملنے کا اتفاق ہوا تو فرماتے تھے کہ اب اس فرصت میں امام شعرانی کی لائف پوری کروں گا، افسوس کہ خود ان کی لائف پوری ہوگئی۔

(سید سليمان ندوی، جون ۱۹۱۸ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...