Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > سلطان جہان بیگم

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

سلطان جہان بیگم
ARI Id

1676046599977_54337848

Access

Open/Free Access

Pages

68

والیۂ بھوپال سلطان جہاں بیگم
خادمہ ملت و مخدومہ امت کا ماتم
علیا حضرت سلطان جہان بیگم سابق فرمانرواے کشور بھوپال جن کے نامِ نامی کے ساتھ ہمیشہ قلم کو یہ لکھنے کی عادت تھی کہ خلداﷲ ملکھا، خدا ان کی حکومت ہمیشہ قائم رکھے، اب وہاں کوسدھاریں جہاں کی حکومت واقعاً ہمیشہ ہے، اﷲ تعالیٰ ان کو اپنی مغفرت کی لازوال دولت، اور اپنی رضا و خوشنودی کی غیر فانی سلطنت عطا فرمائے۔
علیا حضرت کی وفات ایک ایسا سانحہ ہے جس کا ماتم نہ صرف بھوپال، نہ صرف ہندوستان نہ صرف مسلمان بلکہ تمام دنیا کررہی ہے، اور کرے گی وہ نہ صرف اسلام کی بلکہ مشرق کی وہ آخری تاجدار خاتون تھیں جن کے کارناموں پرمرد سلاطین اور امراء بھی رشک کرسکتے ہیں، ان کا دور حکومت جو تیس ۳۰ سال سے کم نہیں رہا بھوپال کی تاریخ کا زرین عہد ہے۔
سلطانہ مرحومہ مشرقی و مغربی تعلیم و تمدن کا ایسا مجمع البحرین تھیں، جو آج مصلحین امت کا آئیڈیل ہے، اُن کی مشرقی تعلیم پوری اور مغربی واقفیت بقدر ضرورت تھی، وہ نہ صرف فرمانرواتھیں، بلکہ ہندوستانی خواتین کی رہنما مسلمانوں کی واحد یونیورسٹی کی رئیسۂ علیا، مذہبی تعلیم کی سب سے بڑی حامی، مذہبی علوم و فنون کی سب سے بڑی سرپرست ہندوستان کی معتدل نسوانی اصلاحات کی سب سے بڑی مبلغ، مسلمان عورتوں میں سب سے بڑی کثیرالتصانیف اور سب سے بہتر مقررہ، لیکن ان ہر قسم کے انتظامی، اصلاحی، ملکی، علمی اور تعلیمی کارناموں سے بڑھ کر اُن کا حقیقی شرف، اُن کی مذہبی گرویدگی، دینی عقیدت اور ایمانی جوش و ولولہ تھا۔
وہ ہر قومی و مذہبی و علمی تحریک پر سب سے پہلے لبیک کہتی تھیں، اور اُس کے لئے عملی قدم اٹھاتی تھیں، مسلم یونیورسٹی، مدرسۂ دیوبند، دارالعلوم ندوہ، اور ووکنگ مشن چھوٹے بڑے بیسیوں تعلیمی و مذہبی ادارے اُن کی امداد و اعانت کے طوقِ منت سے گرانبار ہیں، دارالمصنفین اور سیرۃ نبویؐ کو کہا جائے کہ انھیں کے دستِ کرم اسے اُن کی بنیاد پڑی، خصوصاً سیرۃ البنیؐ جیسی اہم کتاب کا عالمِ وجود میں آنے کا شرف صرف ان کی ذاتِ گرامی کے لئے مخصوص ہے، امید ہے کہ تنہا ان کی یہی نیکی شفاعتِ رسول اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم کے استحقاق کے لئے کافی ہوگی۔
سلطان مرحومہ کی ہستی میں رعب و شفقت کی عجیب آمیزش تھی اور اُن کے اخلاق میں عجیب کشش تھی۔ اُن کا دربار حد درجہ سادہ ہوتا تھا، دربار کے آداب بھی تمام تر شرعی تھے، پردہ کے پیچھے وہ تشریف رکھتی تھیں، کورنش و تسلیمات و رکوع و سجود کا وہاں دخل نہ تھا، سبب سے پہلے السلام علیکم کی بلند آواز اُن کی طرف سے آتی تھی، شاید ہی کوئی اُن سے ملا ہو اور اُن کے اخلاق و معلومات کی وسعت سے وہ متاثر نہ ہوا ہو، علامہ شبلی مرحوم غالباً ۱۹۰۶؁ء میں اُن سے ملے، تو ایسے متاثر ہوئے کہ انھوں نے اپنے جذبات الندوہ کے چند صفحات میں ظاہر کئے، مجھے دو تین دفعہ اُن کے حضور میں باریابی کا شرف حاصل ہوا، مگر ہر دفعہ دیر تک وہ اس اخلاق سے مصروفِ کلام رہیں، کہ مخاطب یہ بھول جاتا تھا کہ وہ کسی خود مختار فرمانروا سے باتیں کررہا ہے۔
ان کو تصنیف و تالیف کا شوق تھا اور اس کے لیے ایک خاص محکمہ تھا، اس سلسلہ میں ان کے مسودات بارہا دیکھے ان کے برمحل اعتراض اور باموقع سوجھ حیرت انگریز تھی، اپنی تصنیفات کے مسودوں پر وہ خود نظرثانی کرتی تھیں اور اپنے قلم سے ان پر نشان بناتی تھیں۔
اُن کو رسولِ پاک علیہ الصلوٰۃ سے بے مثال عقیدت تھی، جس کی کھلی دلیل خود سیرۃ نبویؐ کا وجود ہے، مگر اس کے علاوہ ان کی گفتگو، تحریر، تقریر ہر چیز سے اُن کا یہ جذبہ ظاہر ہوتا تھا، مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ میں سیرۃ کی پہلی جلد لے کر جب اُن کی خدمت میں حاضر ہوا تھا تو بڑے اشتیاق سے انھوں نے دریافت کیا تھا کہ عالمِ رویا میں رسول انام علیہ السلام کی زیارت کس طرح ہوسکتی ہے عرض کی کہ کتبِ حدیث و سیرت کے مطالعہ اور درد و سلام کی کثرت سے۔
سلطانہ! تو آج سب سے بڑے سلطان کے دربار میں حاضر ہے، تیری ایک ایک نیکیاں انشاء اﷲ اس دربار میں تیری سفارشی ہوں گی، قبول و مغفرت کا تاج تیرے سر پر ہوگا، اور رضا و خوشنودی کے مروارید تیرے گلے میں، سلطانہ! اب زمانہ ہزاروں کروٹیں بدلے گا، مگر تجھ کو نہ پائے گا تاہم تیری زندۂ جاوید نیکیاں تجھ کو تاابد زندہ رکھیں گی۔
ہر گز نمیرد آنکہ دش زندہ شد بعشق
ثبت است برجریدۂ عالم دوامِ تو
(سید سلیمان ندوی، مئی ۱۹۳۰ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...