Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > سر سید علی امام

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

سر سید علی امام
ARI Id

1676046599977_54337860

Access

Open/Free Access

Pages

88

سرسید علی امام
افسوس ہے کہ گذشتہ ماہ اکتوبر کے خاتمہ پر نئی تعلیم کے ایک بہترین نمونہ کا خاتمہ ہوگیا، سر سید علی امام صوبہ بہار کے مشہور خاندان کے سپوت نے اس عالمِ فانی کو الوداع کہا، مرحوم نے ارادہ کیا تھا کہ وہ امسال سفرِ حج اختیار کریں گے، مگر افسوس کہ اس سفر سے پہلے ان کو سفر آخرت پیش آگیا، مرحوم ایک کامیاب بیرسٹر کے علاوہ ہماری زبان کے مشہور مقرر اور اپنے زمانہ عمل میں اسلامی سیاسیات کی بساط کے نامور مہرہ تھے، وہ یکسر نئی تعلیم، تمدن، اور نئے خیالات کے باوجود اپنے مشرقی علوم و تمدن سے اپنے خاندانی اثر سے بہت کچھ واقف تھے، غالباً ۱۹۰۸؁ء میں مسلم لیگ منعقدہ امرتسر کی ایک ہی کامیاب صدراتی تقریر تھی، جس نے ان کو مسلمانوں کا سیاسی رہنما بنادیا ہنگامہ کانپور کے وقت میں وہ وائسرائے کی مجلس وزارت کے رکن رکین تھے، اس ہنگامہ کے فرو کرنے اور مسلم یونیورسٹی کی قانونی ترتیب میں غالباً ان کا بڑا حصہ تھا، خدا مغفرت فرمائے۔ ۱؂ (سید سلیمان ندوی، نومبر ۱۹۳۲ء)

۱؂ ان کی وفات کے کچھ دن بعد صوبہ بہار اڑیسہ کے سرکاری عربی مدارس کی ترتیب نصاب کے سلسلہ میں رانچی کے سفر کا اتفاق ہوا، شہر سے باہر علی امام کا وہ ناتمام قصر واقع ہے جس کے سربفلک ستونوں، مناروں اور سقف کی زبانِ حال، انسانی آرزوؤں کی ناتمامی کی داستان سنارہی ہے، اس عظیم الشان قصر کا دامن قسم قسم کے نادر درختوں سے بھرا ہے اور ہائے افسوس کہ اس عظیم الشان قصروباغ کے ایک دور افتادہ گوشہ میں اس کے ایک چھپّر کے نیچے اس کا اولوالعزم بانی دوگز مٹی کے فرش پر تنہا پڑا سورہا ہے، زبان نے اس فرش خاک پر سونے والے کے لئے دعائے مغفرت مانگی اور آنکھوں نے آنسوؤں کے چند پھول تربت پر چڑھائے اور زبانِ حال نے پڑھا:
آئے تھے دنیا میں اس دن کے لئے۔ (یادِ رفتگاں، ص ۱۴۲)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...