Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولوی حاجی سر رحیم بخش

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولوی حاجی سر رحیم بخش
ARI Id

1676046599977_54337874

Access

Open/Free Access

Pages

97

مولوی حاجی سر رحیم بخش مرحوم
مولوی حاجی سر رحیم بخش مرحوم نے اس مہینہ ۴؍مئی ۱۹۳۵؁ء کو اسّی برس کے قریب عمر پاکر اپنے وطن ٹھسکہ میرانجی ضلع کرنال میں وفات پائی، انہوں نے اسکول کے ایک معمولی مدرس عربی و فارسی کی حیثیت سے ملازمت شروع کی اور ترقی کرکے چیفس کالج لاہور کے بورڈنگ کے سپرنٹنڈنٹ مقرر ہوئے، یہیں موجودہ ہزہائنس نواب صاحب بھاول پور کے والد مرحوم زیر تعلیم تھے اور ان کی نگرانی میں تھے، ممدوح الشان جب مسند نشین ہوئے تو اپنے لائق اتالیق کی دیانت و محنت و جفاکشی کو دیکھ کر اپنی سرکار میں ایک اعلیٰ عہدہ پر رکھ لیا، یہاں بھی انہوں نے خوبی سے کام انجام دیا، جس کی وجہ سے سرکار برطانیہ اور سرکار بھاول پور دونوں کو ان پر برابر کا اعتبار ہوگیا، اس لئے نواب ممدوح کی وفات اور نواب حال کی نابالغی میں وہ مجلس نیابت کے صدر مقرر ہوئے اور بڑی عزت و ہر دلعزیزی حاصل کی، اس کے بعد ریاست سے پنشن پائی اور قومی و ملکی کاموں میں مصروف رہنے لگے۔
غربت سے امارت اور معمولی درجہ سے اعلیٰ رتبہ تک ترقی کی مثالیں دنیا میں کم نہیں، لیکن ایسی مثالیں کہ ادنی سے اعلیٰ مرتبہ تک پہنچنے کے بعد بھی اس کو اپنی پہلی حالت فراموش نہ ہو اور اس نعمت کے شکرانے میں دینی و قومی خدمات میں انہماکِ زندگی کا فرض قرار پاجائے، بہت کم ہیں، مرحوم کی سب سے بڑی خوبی یہی تھی، ندوۃ العلماء کے بھاول پور میں جو کامیابی ہوئی، وہ تمامتر مرحوم ہی کے اخلاص کا نتیجہ تھی، ندوۃ العلماء کو ارکان نے ان کی ان خدمات کی قدر پہچان کر ان کو سرپرست و حامی ندوۃ العلماء کا منصب دیا تھا، اخیر زمانہ میں انہوں نے تبلیغی کاموں میں دلچسپی لی اور اپنی دولت کا اچھا خاصہ حصہ نیک کاموں میں خرچ کیا ان کی زندگی سادہ تھی اور ہمیشہ سادہ رہی، مولانا رشید احمد گنگوھیؒ کے مرید تھے، اس لئے وہ علماء دیوبند کا بھی ادب کرتے تھے، مسلم یونیورسٹی کے کورٹ کے ممبر بھی تھے، اس لئے وہاں بھی ان کو خدمت کا موقع ملا دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ ان کے اعمال حسنہ کو قبول فرما کر ان کو اپنی مغفرت کی عزت سے نوازے۔ (سید سلیمان ندوی، جون ۱۹۳۵ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...