Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولانا خلیل الرحمن

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولانا خلیل الرحمن
ARI Id

1676046599977_54337878

Access

Open/Free Access

Pages

100

مولانا خلیل الرحمن
افسوس کہ مولانا خلیل الرحمن صاحب سابق ناظم ندوۃ العلماء نے ۴؍ فروری ۱۹۳۶؁ء کی شب کو اپنے وطن سہارنپور میں اس دار فانی کو الوداع کہا، مولانائے مرحوم مولانا احمد علی صاحب محدث سہارنپوری (محشی بخاری و تلمیذ مولانا شاہ محمد اسحق دہلوی) کے چشم و چراغ تھے، مولانا احمد علی مرحوم پچھلی صدی کے آخری دور میں ہندوستان کے ان باکمالوں میں تھے جن کی مسندِ درس سے علم دین کی شمع روشن تھی اور تشنگانِ علم اس سرچشمہ سے سیراب ہونے کے لئے سینکڑوں میل کی منزلیں پاپیادہ طے کرکے وہاں تک پہنچتے تھے، مولانا خلیل الرحمن نے علم کے اسی گہوارہ میں آنکھ کھولی اور اپنے والد ماجد کے دامنِ فیض میں تعلیم و تربیت پاکر فارغ التحصیل ہوئے۔
مرحوم ندوۃ العلماء کے دور اول کے محسنین میں سے تھے، مولانا محمد علی مونگیریؒ ناظم ندوۃ العلماء کی معیت میں اس ملی و علمی خدمت میں شریک ہوئے اور آخر تک رہے، مرحوم خوش خلق، متواضع، رحمدل، اور عزیزوں سے دلی محبت فرمانے والے تھے، اتفاق وقت کہ دارالعلوم ندوۃ العلماء کی ہنگامہ خیز اسٹرائک کا واقعہ انہی کے دور نظامت میں پیش آیا تھا، اس نازک وقت اور ناسازگار حالات میں بھی مولانائے مرحوم دارالعلوم کے طلبہ کے ساتھ جس عدیم المثال شفقت و محبت سے پیش آئے، اسکی یاد اس عہد کے فارغ التحصیل علمائے ندوہ کے دلوں میں ہمیشہ کے لئے باقی رہ گئی، اور مدت گزرنے کے بعد انہیں جب کبھی مرحوم سے شرف ملاقات کا موقع حاصل ہوا انھوں نے ان کے دل کو شفقت و محبت سے لبریز پایا ندوۃ العلماء کی خدمات انجام دینے کے علاوہ مرحوم کی زندگی کا ایک اہم کارنامہ صحیح بخاری کے اس نادر نسخہ کی اشاعت ہے، جس پر ان کے والد ماجد کے حواشی ثبت ہیں، یہ نسخہ مدتوں عربی مدارس میں صحیح بخاری کے لئے واحد مدار رہا ہے، مرحوم نے اسی (۸۰) سال سے زیادہ عمر پائی، اگرچہ آخر عمر میں چراغ سحری ہوکر گوشہ نشین ہوگئے تھے، لیکن ان کے وجود گرامی سے ہندوستان کے پچھلے دور کی دینی تعلیم و تہذیب کی شمع روشن تھی، افسوس کہ وہ بھی گل ہوگئی دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمت کے سایہ میں لے اور ان کے صاحبزادگان مولوی منظور النبی ندوی و مولوی عقیل الرحمن صاحب ندوی کو توفیق صبر عطا فرمائے۔ (ریاست علی ندوی، فروری ۱۹۳۶ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...