Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > ڈاکٹر محمد اقبال

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

ڈاکٹر محمد اقبال
ARI Id

1676046599977_54337894

Access

Open/Free Access

Pages

105

اقبال، محمد، ڈاکٹر
ماتم اقبال
وَقَعَتِ الْوَاقِعَۃُ [الواقعۃ:۱]آخر موت اور حیات کی چند ہفتوں کی کشمکش کے بعد ڈاکٹر اقبال نے دنیائے فانی کو الوداع کہا، صفر کی انیسویں اور اپریل کی اکیسویں کی صبح کو عمر کی اکسٹھ بہاریں دیکھ کر اور شاعری کی دنیا میں چالیس برس چہچہا کر یہ بلبل ہزار داستان اب ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگیا، وہ ہندوستان کی آبرو، مشرق کی عزت، اور اسلام کا فخرتھا، آج دنیا ان ساری عزتوں سے محروم ہوگئی، ایسا عارف فلسفی، عاشقِ رسول شاعر، فلسفہ اسلام کا ترجمان اور کاروانِ ملت کا حدی خواں صدیوں کے بعد پیدا ہوا تھا، اور شاید صدیوں کے بعد پیدا ہو، اس کے دہن کا ہر ترانہ بانگِ دار، اس کی جانِ حزیں کی ہر آواز زبورِ عجم، اس کے دل کی ہر فریاد پیامِ مشرق، اس کے شعر کا ہر پرواز بال جبریل تھا، اس کی فانی عمر گو ختم ہوگئی، لیکن اس کی زندگی کا ہر کارنامہ ، جاوید نامہ بن کر انشاء اﷲ باقی رہے گا، امید ہے کہ ملت کا یہ غمخوار شاعر اب عرشِ الٰہی کے سایہ میں ہوگا، اور قبول و مغفرت کے پھول اس پر برسائے جارہے ہوں گے، خداوند! اس کے دلِ شکستہ کی جو ملت کے غم سے رنجور تھا، غمخواری فرما! اور اپنی ربانی نوازشوں سے اس کے قلبِ حزیں کو مسرور کر۔
مرحوم کی زندگی کا ہر لمحہ ملت کی زندگی کے لیے ایک نیا پیام لاتا تھا، وہ توحید خالص کا پرستار، دین کامل کا علمبردار، اور تجدید ملت کا طلبگار تھا، اس کے رونگٹے رونگٹے میں رسول انام علیہ السلام کا عشق پیوست تھا، اور اس کی انکھیں جسمِ اسلام کے ہر ناسور پر اشکبار رہتی تھیں، اس نے مستقبلِ اسلام کا ایک خواب دیکھا تھا، اسی خواب کی تعبیر میں اس کی ساری عمر ختم ہوگئی، ع
آنکھ جو کچھ دیکھتی ہے لب پہ آسکتا نہیں
کہنے کو تو ہم میں ملت کے غمخواروں کی کمی نہیں، اور نہ امت کے دوستداروں کی قلت، مگر واقعہ یہ ہے کہ نئی تعلیم نے اپنے ساٹھ ستر برس کے طویل عرصہ میں دو ہی سچے مسلمان غمخوار پید ا کئے، ایک محمد علی مرحوم اور دوسرا اقبال مرحوم، دونوں مرحوموں پر خدا کی بڑی رحمت ہو، ان کے دلوں میں اسلام کا حقیقی سوز تھا، اور رسول رحمتﷺ کے ساتھ سچا عشق، نئے زمانہ کی جھوٹی آب و تاب، اور نئے تمدن کی ظاہری چمک دمک سے ان کی آنکھیں خیرہ نہ تھیں، آفتابِ اسلام کی ضیا باری کے مقابلہ میں ان کے سامنے جدید تہذیب و تمدن، اور زمانہ حال کی تجدیدات کی نئی روشنی مہِ نخثب کے مصنوعی نور سے زیادہ وقعت نہیں رکھتی تھی، خدا ان کی قبروں کو اپنے نور سے بھردے۔
اقبال کی قومی شاعری بیسویں صدی کے آغاز کے ساتھ شروع ہوئی بیسویں صدی کے اس پیغام رساں نے اپنے اڑتیس برس شاعرانہ پیغاموں سے ملت کے نوجوانوں میں نئی امنگ بھر دی اور نئے سفر کے قطعِ منزل کے لیے ان میں نئے سرے سے ہمت پیدا کردی، اقبال کا یہ دعویٰ حرف حرف سچا تھا،
اقبال کا ترانہ بانگِ دار ہے گویا
ہوتا ہے جادہ پیما پھر کاروں ہمارا
اقبال کی تصنیفات زمانہ میں یاد رہیں گی، وہ اسلام کا غیر فانی لٹریچر بن کر انشاء اﷲ رہے گا، ان کی شرحیں لکھی جائیں گی، تشریحیں کی جائیں گی، نظر یئے ان سے بنیں گے، ان کا فلسفہ تیار ہوگا، اس کی دلیلیں ڈھونڈھی جائیں گی، قرآنِ پاک کی آیتوں، احادیث شریفہ کے جملوں، مولانا رومی اور حکیم سنائی کے تاثرات سے ان کا مقابلہ ہوگا، اور اس طرح اقبال کا پیام اب دنیا میں انشاء اﷲ ہمیشہ زندہ رہے گا، اور اقبال زندہ جاوید!
اقبال صرف شاعر نہ تھا، وہ حکیم تھا، وہ حکیم نہیں جوارسطو کی گاڑی کے قلی ہوں، یا یورپ کے نئے فلاسفروں کے خوشہ چیں، بلکہ وہ حکیم جو اسرارِ کلامِ الٰہی کے محرم اور رموزِ شریعت کے آشنا تھا، وہ نئے فلسفہ کے ہر راز سے آشنا ہو کر اسلام کے راز کو اپنے رنگ میں کھول کر دکھاتا تھا یعنی بادہ انگور نچوڑ کر کوثر و تسنیم کا پیالہ تیار کرتا تھا۔
وفد کابل جن تین ممبروں سے بنا تھا، افسوس ہے کہ اس میں یکے باد یگرے دو چل دئیے، سرراس مسعود اور اقبال، اب صرف ایک رہ گیا ہے، اور معلوم نہیں کہ وہ بھی کتنے دن کے لیے ہے، آہ!
حریفاں بادہ ہاخور دندور فتند
مولانا شبلی مرحوم نے اقبال کو اسی وقت پہچان لیا تھا، جب ہنوز ان کی شاعری کے مرغِ شہرت نے پر وبال نہیں پیدا کئے تھے، چنانچہ انہوں نے پیشگوئی کی تھی کہ حالی و آزاد کی جو کرسیاں خالی ہوں گی، ان میں سے ایک اقبال کی نشست سے پر ہوجائے گی، افسوس کہ آج اڑتیس برس کے بعد وہ کرسی خالی ہوگئی، اور اب اسے کے بھرنے کی کوئی صورت نہیں۔
اقبال! ہندوستان کا فخر، اقبال! اسلامی دنیا کا ہیرو، اقبال! فضل کمال کا پیکر اقبال! حکمت و معرفت کا دانا اقبال! کاروانِ ملت کا رہنما اقبال! رخصت رخصت! الوداع سلام اﷲ علیک و رحمتہ الیٰ یوم التلاق! (سید سلیمان ندوی، مئی ۱۹۳۸ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...