Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > ولیم میکڈوگل

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

ولیم میکڈوگل
ARI Id

1676046599977_54337900

Access

Open/Free Access

Pages

108

ولیم میکڈوگل
گذشتہ نومبر میں انگلستان کے مشہور ماہر نفسیات ولیم میکڈوگل کا انتقال ہوگیا، وہ ۱۸۷۱؁ء میں لنکاشائر میں پیدا ہوا،مانچسٹر میں تعلیم پاکر کیمبرج یونیورسٹی میں داخل ہوا، اور آخر میں لندن یونیورسٹی سے طب کی ڈگری حاصل کی، لیکن نفسیات میں اس کا مطالعہ اتنا گہرا تھا کہ وہ لندن یونیورسٹی میں اس کا لکچرار مقرر ہوا، اور پھر ذہنی فلسفہ کا پروفیسر ہوکر آکسفورڈ چلاگیا، ۱۹۲۰؁ء میں وہ ممالک متحدہ بلالیا گیا، جہاں وہ ہارورڈ اور ڈیوک یونیورسٹی میں معلمی کے فرائض انجام دیتا رہا۔
اس نے مندرجہ ذیل کتابیں لکھی ہیں، جن میں سے ہر ایک کے بہت سے اڈیشن شائع ہوچکے ہیں، (۱)خلاف معمول نفسیات کا ایک خاکہ، (۲)ذہین اجتماع، (۳)نفسیات کردار کا مطالعہ، (۴)مردوں کی قوتیں، (۵)زندگی کا مذہب اور سائنس، (۶)بورنیو کے غیر شائستہ قبائل، (۷)معاشرتی نفسیات کا مقدمہ، (۸)نفسیات کا ایک خاکہ، (۹)’’زندگی کی سیرت اور طور طریقے، ان میں ’’معاشرتی نفسیات کا مقدمہ‘‘ زیادہ مقبول ہے، نفسیات سے دلچسپی رکھنے والے طلبہ کے لئے ’’نفسیات کا ایک خاکہ‘‘ بھی مفید اور ضروری کتاب ہے، زندگی کی سیرت اور طور طریقے‘‘ آسان اور عام پسند ہے۔
ولیم میکڈوگل نے نفسیات کے اتنے مختلف نظریئے قائم کئے ہیں، کہ ان پر آئندہ بہت سی کتابیں اور شرحیں لکھی جائیں گی، لیکن اس نے سب سے زیادہ ’’جبلت‘‘ پر لکھا ہے، جبلت کی تعریف اس نے یہ کی ہے کہ یہ حسب منشا کام کرنے کی ایک فطری اور پیدائشی صلاحیت کا نام ہے، جو انسان کے علاوہ جانوروں، پرندوں اور کیڑوں پر بھی پائی جاتی ہے، ولیم میکڈوگل کے خیال کے مطابق چودہ جبلتیں ہوتی ہیں، مثلاً نقل، کھیل، خوشی، محبت، نفرت، غصہ، رنج، لڑائی، فرار، بے چینی، غول بندی، جنسی خواہش وغیرہ، بعض ماہرین نفسیات کا خیال ہے کہ جبلتیں صرف تین ہی ہوتی ہیں، خود غرضانہ، معاشرتی اور جنسی، مگر میگڈوگل نے دکھایا ہے کہ ان تینوں میں سے ہر ایک کی علیحدہ علیحدہ قسمیں ہیں، جن میں مذکورہ بالا چودہ جبلتوں کی تطبیق صحیح صحیح ہوجاتی ہے۔
ولیم میکڈوگل کا خیال ہے کہ ایک انسان اپنی جبلتوں کا محض تودہ نہیں ہوتا، اور نہ وہ ایک دوسرے سے بالکل علیحدہ رہتی ہیں، بلکہ ان میں باہمی ربط ہوتا ہے، اور یہ کہنا بھی صحیح نہیں کہ انسان جبلت کے تغیر میں مجبور ہے، صحیح تربیت اور نشوونما سے جبلت جذبہ میں اور جذبہ وجدان میں بدلا جاسکتا ہے، ولیم میکڈوگل نے سارا زور افراد اور اقوام کے وجدان پر دیا ہے، جس سے ایک قوم کو دوسری قوم کا مطالعہ کرنے میں بڑی سہولتیں پیدا ہوگئی ہیں۔ (’’ص۔ ع‘‘، مارچ ۱۹۳۹ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...