Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > وصلؔ بلگرامی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

وصلؔ بلگرامی
ARI Id

1676046599977_54337929

Access

Open/Free Access

Pages

126

وصلؔ بلگرامی
اس ماہ یوپی اور بہار کے دو ممتاز شاعروں اور ادیبوں کی وفات کی اطلاع ملی، ان صفحات میں ان مرحوموں کا ذکر اس لئے ہوتا ہے کہ ہماری آئندہ نسلوں کو اپنے پچھلوں کے نام نیک کی خبر رہے، اسلامی تاریخ کا ایک بڑا اہم کارنامہ وفیات یعنی ہزاروں لاکھوں بزرگوں، فاضلوں، ادیبوں اور ممتاز لوگوں کی وفات کی تاریخ کا تعین ہے، تاریخ کی اس صنف پر بہت سی کتابیں مدون ہوئیں، کیا عجب ہے کہ شذرات کا یہ حصہ ایک دن اس عہد کے وفیات کے اوراق بن جائیں۔
وصل بلگرامی مرحوم و مغفور کے جاننے والوں اور ملنے والوں کو یہ سن کر بڑا قلق ہوگا، کہ ۲۸؍ رمضان المبارک ۱۳۶۱؁ھ کو رات کے وقت وہ ہمیشہ کے لئے ان سے جدا ہوگئے، مرحوم بڑے ملنسار، متواضع، پُرمحبت، دوستوں کے فداکار اور وقت پر ہر ایک کے کام آنے والے تھے، وہ گو ہمیشہ سے دیندار اور پابند وضع لوگوں میں تھے، جوانی میں حضرت مولانا رشید احمد صاحب محدث گنگوہی سے ملتے تھے اور اب ادھر دس بارہ برس سے حضرت مولانا اشرف علی تھانوی (متعنا اﷲ تعالیٰ بفیوضہ وبرکاتہ) سے ان کی ارادت کا تعلق تھا اور اب وہ زیادہ تر حضرت مولانا کی خدمت میں تھانہ بھون ہی میں خانقاہ امدادیہ کے ایک حجرہ میں مقیم رہتے تھے، وہیں اسی حجرہ میں چند روز کے بخار میں اچانک وفات پائی، شیخ نے اپنے مرید کی نماز جنازہ پڑھائی اور وہیں کے قبرستان میں تدفین ہوئی۔ خاکسار سے مرحوم کے تعلقات بہت پرانے تھے، ۱۹۰۶؁ء میں میری تعلیم ختم ہوئی اور وہ اس عمر میں تھے کہ عالمگیر کے نام سے ایک رسالہ نکال رہے تھے، ان سے بلگرام ہی کی مردم خیز زمین پر اسی زمانہ میں ملاقات ہوئی تھی، اس وقت وہ جوان شاعر اور ادیب تھے، اردو فارسی قدرے عربی اور انگریزی جانتے تھے، پھر ان کو جب وہ ادھیڑ ہوچکے تھے مولوی سبحان اﷲ صاحب مرحوم رئیس گورکھپور کی سرپرستی میں گورکھپور میں دیکھا، اس کے بعد انہوں نے لکھنؤ پہنچ کر مرقع کے نام کا رسالہ جاری کیا، جو چند سال جیتا رہا، اب آخر میں وہ زاہد گوشہ نشیں ہوکر آئے اور اسی پر ان کے کارنامۂ حیات کا خاتمہ ہوگیا، اﷲ تعالیٰ اس خلق محبت کے مجسمہ کو اپنی محبت سے نوازے۔
(سید سلیمان ندوی، نومبر ۱۹۴۲ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...