Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولانا شاہ محی الدین پھلواروی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولانا شاہ محی الدین پھلواروی
ARI Id

1676046599977_54337957

Access

Open/Free Access

Pages

160

حضرت مولانا شاہ محی الدین پھلواروی امیر شریعت بہار
پھلواری پٹنہ سے چند میل پچھم ایک مردم خیز قصبہ ہے، جو صدیوں سے اس صوبہ کا علمی اور مذہبی مرکز ہے، یہاں خانقاہ مجیبی قائم ہے، جہاں ظاہر و باطن اور علم و عمل دونوں کے سرچشمے آکرملتے ہیں، اس خانقاہ کی خاص خصوصیت یہ ہے کہ شروع سے اب تک اس کے سجادہ نشین علم شریعت و طریقت دونوں کے جامع رہے ہیں، یعنی ہر صاحب سجادہ صوفی صافی ہونے کے ساتھ عالم دین بھی ہوتے آئے ہیں، دستار فضیلت اور خرقہ مشیخت دونوں یہاں ایک جسم پر آراستہ رہے ہیں، اور اب دو پشتوں سے یہاں کے صاحب سجادہ صوبہ کے امیر شریعت بھی ہورہے ہیں، شاہ عبدالعزیز صاحب محدث دہلوی کے ملفوظات میں اس خاندان کے معاصر شیخ کا تذکرہ مدح کے ساتھ آیا ہے، مولانا شاہ اسمٰعیل شہید نے اپنے سفر بہارو بنگال میں اس خانقاہ میں بھی قدم رنجہ فرمایا۔
سجادہ نشین جاں حضرت مولانا شاہ محی الدینؒ خلف حضرت مولانا شاہ بدرالدین صاحبؒ نے چند سال کے اضمحلال طبع اور تسلسل علالت کے بعد ۲۹؍ جمادی الاولیٰ ۱۳۶۶؁ھ مطابق ۲۲؍ اپریل ۱۹۴۷؁ء کی صبح کو ستر سال کی عمر میں اس دار فانی کو الوداع کہا، اور زمانہ قدیم کی ایسی یادگار مٹ گئی، جس کی زیارت سے بزرگوں کی بہت سی نشانیاں ایک ذات میں نظر آتی تھیں۔
مجھ ہیچمدان کو مرحوم سے گوناگوں تعلقات حاصل تھے، میرے والد مرحوم نے ان کے والد مرحوم کے ساتھ ان کے نانا حضرت شاہ علی حبیب صاحب قدس سرہ سے فیض ارادت اور تکمیل باطن حاصل کی تھی، میرے والد مرحوم کی پیدائش ۱۲۵۷؁ھ میں ہوئی تھی، اور اخذ و فیض و استفادہ جوانی میں شروع کیا، جس کے معنی یہ ہیں، کہ اس واقعہ پر اسی (۸۰) نوے (۹۰) برس گذر چکے، میرے بڑے بھائی مرحوم کی تعلیم کی تکمیل اور دستار بندی شاہ محی الدین صاحب رحمہ اﷲ تعالیٰ کے ماموں مولانا شاہ عین الحق صاحب مرحوم کے ساتھ اسی خانقاہ پھلواری ہی میں ہوئی، میری عمر جب تیرہ چودہ برس کی تھی، غالباً ۱۸۹۹؁ء میں والد مرحوم کے حسب الحکم بغرض تعلیم اسی خانقاہ میں طالب العلم رہا، اس وقت شاہ محی الدین صاحب کی آخری کتابیں مولاناعبدالرحمان صاحب سے ہورہی تھیں، یہ مولانا عبدالرحمان صاحب ناصری گنج ضلع آرہ کے باشندہ اور مولانا عبدالعزیز صاحب امروہوی کے شاگرد تھے، جو مولانافضل حق صاحب خیر آبادی کے مشہور شاگرد اور ممتاز مدرس تھے، اس وقت میری عربی کی ابتدائی کتابیں تھیں، مجھے خانقاہ میں خاص حضرت شاہ صاحب مرحوم کے قریب قیام کی اور ایک ساتھ طعام کی اور زیر درس کتابوں میں شاگردی کی سعادت حاصل ہوئی، مجھے اس نسبت پر فخر اور انہیں اس پر مسرت تھی، انہیں جب دیکھتا تھا، عہد اول یاد آجاتا تھا، اور ان کو بھی خوشی ہوتی تھی، افسوس کہ اس بزرگانہ تبسم کا منظراب ہمیشہ کے لیے آنکھوں سے پنہاں ہوگیا۔
مرحوم کی پیدایش کا سال ۱۲۹۶؁ھ ہے، ابتدائی کتابیں اپنے والد بزرگوار امیر شریعت اول مولانا شاہ بدرالدین صاحب قدس سرہ سے پڑھیں بقیہ درسیات مولانا عبداﷲ صاحب رامپوری سے حاصل کیں، اور تحصیل فراغ جیسا کہ ابھی گذرا ۱۳۱۸؁ھ میں مولانا عبدالرحمان صاحب سے حاصل ہوئی، طب کی تعلیم بھی پھلواری ہی کے ایک قیام پذیر بزرگ مولوی حکیم وارث حسن صاحب سے حاصل کی، مگر عملاً کبھی مطب نہیں کیا، سجادہ نشینی سے پہلے تک درس و تدریس کا سلسلہ بھی جاری رہا، ۱۳۴۳؁ھ مطابق ۱۹۲۴؁ء میں اپنے والد ماجد کی وفات کے بعد وہ سجادہ نشین اور صوبہ بہار کے امیر شریعت ثانی ہوئے اوراس وقت سے اخیر تک وہ ہدایت خلق اور اپنے متبعین اور معتقدین کے تزکیہ و تصفیہ و تعلیم طریقت اور اپنے نقطہ نظر سے بہار کے مسلمانوں کی قومی خدمت میں مصروف رہے، ۱۳۴۴؁ھ میں حج و زیارت کے لیے حجازو عراق و شام کا سفر کیا، اور لوگوں کو اپنے برکات سے مستفید اور ان ملکوں کے بعض بزرگوں سے استفادہ کیا۔
وہ حد درجہ شریف، نیک، صلح پسند، متواضع، اور صورت اور سیرت، لباس، ہر چیز میں نمونہ سلف تھے، مذاق حال سے بھی آشنا تھے، تقریر و تحریر پر قدرت رکھتے تھے، متعدد مجالس میں شرکت فرمائی، قومی اجتماعات میں تقریریں کیں، مساجد میں وعظ و پندسنائے، تحریک خلافت کے زمانہ سے سیاسیات میں بھی شرکت کی، خلافت کانفرنس منعقدہ آرہ اور جمعیۃ العلمائے بہار کے اجلاس منعقدہ در بھنگہ کی صدارت کی وقتاً فوقتاً ان کے سیاسی خیالات اور امیر شریعت کی حیثیت سے ان کے فرامین بھی شائع ہوا کرتے تھے۔
اب ان کی وفات سے مسلمانان بہار ایک بڑی نعمت سے محروم ہوگئے، دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ جانے والے کو اپنی نوازش بے پایاں سے اور رہ جانے والوں کو اپنی نصرت بے کران سے سرفراز فرمائے۔ (سید سلیمان ندوی، جون ۱۹۴۷ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...