Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولانا اصغر حسین نبولوی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولانا اصغر حسین نبولوی
ARI Id

1676046599977_54337970

Access

Open/Free Access

Pages

173

مولانا اصغر حسین نبولوی صاحب مرحوم
سابق پرنسپل مدرسہ شمس الہدی پٹنہ
( ابو محفوظ الکریم معصومی)
افسوس ہے کہ ۶؍ ذوالحجہ شب جمعہ کو بوقتِ نماز عشاء مولانا اصغر حسین نبولوی سابق پرنسپل مدرسہ شمس الہدی پٹنہ نے داعی اجل کو لبیک کہا، اناﷲ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم محلہ نبولیہ بہار شریف کے رہنے والے اور صوبہ بہار کے طبقہ علیا کے فضلاء میں سے تھے معقولات کے ساتھ منقولات میں بھی یدطولی رکھتے تھے، حدیث و سنن سے خاص شغف تھا۔
طالب علمی میں عسرت کی زندگی بسر کی، آپ کی تعلیم کے ابتدائی مراحل مدرسہ اسلامیہ بہار شریف میں طے ہوئے امیر شریعت حضرت مولانا سجاد صاحب مرحوم و مغفور سے شرف تلمذ تھا، دارالعلوم دیوبند میں تکمیل کی تھی اور حضرت شیخ الہند مولانا محمود الحسنؒ کے مشکوۃ علم و عمل سے اقتباس نور کیا تھا، فراغت کے بعد مدرسہ اسلامیہ بہار میں درس و تدریس کی مسند پر جلوہ فرما ہوئے یہیں سے مدرسہ شمس الہدیٰ پٹنہ گئے اور مولانا حاجی معین الدین ندوی مرحوم کے بعد اس کے پرنسپل ہوئے، تقریباً دو برس ہوئے اس سے ریٹائر ہوئے اور اپنے وطن میں تبلیغ دین و تصنیف و تالیف میں مصروف تھے کہ ۶؍ ذوالحجہ کو سفر آخرت کیا، کُل نفس ذائقہ الموت [العنکبوت: ۵۷] موصوف کی یادگار صرف لڑکیاں ہیں اور اولاد ذکور میں کوئی نہیں۔
آپ کو تصنیف و تالیف کا بھی ذوق تھا، مدرسہ کے فرائض اور ذمہ داریوں کے باوجود آپ نے جو قلمی کام کئے اگر چہ مختصر لیکن مفید و قابلِ قدر ہیں، سوال و جواب کی شکل میں ترمذی شریف کی ایک مفید شرح لکھی جس کا نام نزلِ الثویٰ ہے، شرح اگرچہ نامکمل چھپی ہے لیکن اپنے اختصار و جامعیت کی وجہ سے عربی درسگاہوں میں مشہور و متعارف ہے، اس کا اردو ایڈیشن بھی شائع ہوچکا ہے، سفرنامہ حجاز بھی مرتب کیا تھا جس کا نام ارمغان حجاز ہے اس کی اشاعت بھی ہوچکی ہے فی الحال تفسیر المنار کو اردو کا جامہ پہنا رہے تھے کہ زندگی کی آخری منزل ہی طے ہوگئی، اس ترجمہ کے بعض اجزاء مثلاً تمہید تفسیر قرآن و مقدمہ تفسیر قرآن شائع ہو چکے ہیں۔
(نومبر ۱۹۴۹ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...