Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > غلام محمد (گورنر جنرل پاکستان)

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

غلام محمد (گورنر جنرل پاکستان)
ARI Id

1676046599977_54338017

Access

Open/Free Access

Pages

219

غلام محمد صاحب (گورنر جنرل پاکستان)
افسوس ہے کہ غلام محمد صاحب گورنر جنرل پاکستان نے ایک طویل علالت کے بعد انتقال کیا، وہ نہ صرف اپنے عہدوں بلکہ دل و دماغ کے لحاظ سے بھی اس دور کے نامور لوگوں میں تھے، خصوصاً مالیات کے بڑے ماہر تھے، ایک زمانہ میں حکومت ہند اور ریاست حیدرآباد میں فنانس کے بڑے بڑے عہدوں پر ممتاز رہے تھے اور ہر جگہ اپنی مہارت فن کا ثبوت دیا، پاکستان کی گورنر جنرلی کے زمانہ میں ان کی سیاسی اور دماغی قابلیتیں نمایاں ہوئیں، چنانچہ انھوں نے بڑے نازک موقعوں پر پاکستان کی حکومت کو اپنی ہوشمندی اور قوت سے خطرات سے بچایا اور اس کے استحکام کی کوشش کی، گو ان کے بعض اقدام آمرانہ تھے، لیکن پاکستان جیسے ڈاواں ڈول سیاست والے ملک کے لیے ایسے ہی مضبوط لیڈر بلکہ ایک اچھے ڈکٹیٹر کی ضرورت ہے، اس کے بغیر اس کو استحکام نہیں ہوسکتا۔
ان کی قابلیتوں کے ساتھ ان کی ذات مختلف حیثیتوں سے بڑی غنیمت تھی، وہ پنجابی تھے لیکن ان کی تعلیم علی گڑھ میں ہوئی تھی، پھر ملازمت کے سلسلہ میں عرصہ تک دلی اور لکھنو میں رہے، اس لیے اس صوبہ کے لوگوں سے ان کے بڑے تعلقات تھے، پنڈت جواہر لال نہرو بھی ان کے دوستوں میں تھے، اس لیے قدرۃً اس کا اثر دونوں ملکوں کی سیاست پر بھی پڑتا تھا، چنانچہ غلام محمد صاحب مرحوم کی گورنر جنرلی کے زمانہ میں دونوں ملک ایک دوسرے کے بہت قریب آگئے تھے، جس کی توقع نئے اور اجنبی لوگوں سے نہیں ہوسکتی، مذہبی حیثیت سے راسخ العقیدہ بلکہ خوش عقیدہ مسلمان تھے، حج و زیارت سے بھی مشرف ہوئے تھے، حاجی وارث علی قدس سرہ سے ان کو بڑی عقیدت تھی، چنانچہ اپنی گورنر جنرلی کے زمانہ میں وہ ان کے مزار کی زیارت کے لیے دیوہ آئے تھے، ان میں پرانی تہذیب کی بہت سی خوبیاں تھیں، وہ ایک عرصہ سے فالج میں مبتلا تھے، نقل و حرکت سے بالکل معذور ہوگئے تھے، زبان بھی پوری طرح کام نہ دیتی تھی، لیکن دماغ اس حالت میں بھی پورا کام کرتاتھا اور انھوں نے اس معذوری کے زمانہ میں جو کارنامے انجام دیئے، وہ بہت تندرست بھی مشکل سے انجام دے سکتے ہیں، اﷲ تعالیٰ محمدؐ کے اس غلام کو ان کے طفیل میں عالم آخرت کی سربلندی سے بھی سرفراز فرمائے۔
(شاہ معین الدین ندوی، ستمبر ۱۹۵۶ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...