Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > رضا علی وحشت ؔ

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

رضا علی وحشت ؔ
ARI Id

1676046599977_54338021

Access

Open/Free Access

Pages

221

مولانا ظفر علی خان
افسوس ہے کہ گذشتہ مہینہ ۲۷؍ نومبر کو مولانا ظفر علی خان نے بھی سفر آخرت کیا، ان کی موت سے ایک اہم تاریخی یادگار مٹ گئی، وہ پرانے نامور علیگ اور مولانا شبلی مرحوم کے شاگرد تھے، نئی نسل ان کی اہمیت اور ان کے کارناموں کا اندازہ کر ہی نہیں سکتی، ایک زمانہ میں پورا ہندوستان ان کی شہرت سے گونجتا تھا، اور سیاست و صحافت، انشاء و خطابت، سخن وری سخن سنجی ہر میدان میں ان کا طوطی بولتا تھا، وہ اپنے زمانہ کے بڑے جری، دلیر، پرجوش اور سرفروش لیڈر، شعلہ بیان خطیب، سحرطراز ادیب اور قادر الکلام و نکتہ سنج شاعر تھے، ان کے قلم اور زبان دونوں میں سیلاب کا جوش و خروش تھا، اپنی تحریر و تقریر سے طوفان بپا کردیتے تھے، ملک و ملت کی راہ میں ان کے بڑے کارنامے اور بڑی قربانیاں ہیں، ان کے زمانہ میں کوئی مذہبی و ملی اور قومی و سیاسی تحریک ایسی نہ تھی، جس میں ان کا سرگرم حصہ نہ رہتا ہو، وہ اس زمانہ میں انگریزی حکومت سے ٹکرلیتے تھے، جب اس کے جلال و جبروت کا آفتاب نصف النہار پر تھا، اور بڑے بڑے لیڈر اعتدال سے باہر قدم نکالنے کی ہمت نہ کرتے تھے اور اس راہ میں جانی و مالی ہر قسم کی قربانیاں کیں اور برسوں قید و بند کی مصیبتیں جھلیں۔
ان کا اخبار زمیندار اپنے زمانہ کا اردو کا سب سے مشہور اور ممتاز اخبار تھا، ہندوستان خصوصاً مسلمانوں کی بیداری میں اس کا بڑا حصہ ہے، اس نے جس قدر مالی نقصان برداشت کیا ہے، اس کی مثال اردو اخباروں میں نہیں مل سکتی، زمیندار کا ادارہ صحافت کی مستقل تربیت گاہ تھا، پنجاب کے اکثر اخبار نویس اسی ادارہ کے تربیت یافتہ ہیں، قادر الکلامی میں اکبر کے بعد ظفر علی خاں ہی کا درجہ تھا، وہ ایسی ایسی مشکل زمینوں میں ایسے ڈھلے ہوئے شعر کہتے تھے کہ دوسرے شعراء ان زمینوں میں قدم رکھنے کی ہمت نہیں کرسکتے، بدیہہ گو ایسے تھے کہ بات کرتے جاتے تھے اور شعر ڈھل ڈھل کر نکلتے جاتے تھے، ان کے کلام کا بڑا حصہ قومی و ملی شاعری اور وقت کے اہم واقعات و حوادث اور ان سے متعلق جذبات و تاثرات پر مشتمل اور رنگارنگ پھولوں کا دلکش گلدستہ ہے، خصوصاً طنزیہ شاعری کے بادشاہ تھے، قادیانیوں، حکومت پرستوں، ہندو مہاسبھا، آریا سماج اور شدھی اور سنگھٹن وغیرہ کے متعلق ان کی طنزیہ نظمیں بہت خوب ہیں، ان کے کلام کا مجموعہ عرصہ ہوا نگارستان کے نام سے چھپ چکا ہے۔
وہ جس درجہ کے ادیب و شاعر تھے، اسی درجہ کے مترجم بھی تھے، اپنے زور قلم سے ترجمہ کو اصل سے بڑھا دیتے تھے، ڈاکٹر جان ولیم ڈریپر کی مشہور تصنیف (Conflict between Religion & Science)کا ترجمہ معرکہ مذہب و سائنس کے نام سے کیا۔ لارڈ کرزن کی کتاب ’’پرشیا‘‘ کے پہلے حصہ کا ترجمہ ’’خیابان فارس‘‘ کے نام سے کیا، مولانا شبلی مرحوم کی الفاروق کی پہلی جلد کا انگریزی میں ترجمہ کیا، جس کو شیخ محمد اشرف تاجر کتب لاہور نے شائع کیا ہے اور چھوٹی چھوٹی متعدد تصانیف اور تراجم ہیں، زمیندار کے علاوہ ایک ہفتہ وار اخبار سیارہ صبح لاہور سے اور دو ماہانہ رسالے فسانہ اور دکن ریویو حیدرآباد سے نکالے تھے۔
وہ طبعاً بڑے پرجوش اور انتہاپسند تھے، اس لیے کبھی کبھی ان کا قدم جاوہ اعتدال سے باہر نکل جاتا تھا، اس کا اثر ان کی تحریر، تقریر اور شاعری سب میں نظر آتا تھا، وہ نہایت راسخ العقیدہ مسلمان تھے، ان کا دل دینی اور ملی حمیت سے معمور تھا، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف کوئی بات برداشت نہ کرسکتے تھے، ان کی اسلامیت ہی کانگریس سے ان کی علیحدگی کا باعث ہوئی، ایک زمانہ تک وہ کانگریس کے ساتھ رہے اور اس کے لئے بڑی قربانیاں کیں، مگر اس کی فرقہ پرستی اور تنگ نظری دیکھ کر اس سے الگ ہوگئے اور احرار کے نام سے خود مسلمانوں کی قوم پرور جماعت قائم کی، پھر نیلی پوشوں کی تحریک چلائی، آخر میں مسلم لیگ میں شامل ہوگئے تھے اور پنجاب میں اس کی کی کامیابی میں ان کی کوششوں کو بڑا دخل تھا۔
غرض ان کی زندگی شروع سے آخر تک بڑی ہنگامہ خیز اور سراپا حرکت و عمل رہی، قیام پاکستان کے بعد ضعف پیری کی وجہ سے عزلت نشین ہوگئے تھے اور اب تو عرصہ سے ان کی یاد بھی فراموش ہوچلی تھی، بالآخر اسی گوشہ خمول میں یہ تابناک شمع جس سے ایک زمانہ میں ہر محفل میں اجالا رہتا تھا، خاموش ہوگئی، والبقاء للّٰہ وحدہ، اﷲ تعالیٰ دین و ملت کے اس خادم کو اپنے رحمت و مغفرت سے سرفراز فرمائے۔
(شاہ معین الدین ندوی، دسمبر ۱۹۵۶ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...