Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > پروفیسرمحمد الیاس برنی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

پروفیسرمحمد الیاس برنی
ARI Id

1676046599977_54338037

Access

Open/Free Access

Pages

246

پروفیسر محمد الیاس برنی
افسوس ہے کہ گذشتہ مہینوں میں دنیائے علم و ادب کی دو نامور شخصیتیں پروفیسر محمد الیاس برنی اور خلیفہ عبدالحکیم ہم سے جدا ہوگئے، پروفیسر الیاس برنی علی گڑھ کالج کے نامور فرزند تھے، حصول تعلیم کے بعد کالج ہی میں معاشیات کے لکچرار ہوگئے تھے، پھر دارالترجمہ کے رکن کی حیثیت سے حیدرآباد چلے گئے اور کچھ دنوں تک اس کے ناظم بھی رہے، پھر جامعہ عثمانیہ میں معاشیات کے استاد مقرر ہوگئے، اور اسی عہدہ سے سبکدوش ہوئے، تعلیم و تدریس کے ساتھ تالیف و تصنیف کا سلسلہ بھی برابر جاری رہا، جامعہ عثمانیہ کے لیے معاشیات کی کئی کتابیں لکھیں، اس فن کو اردو میں سب سے پہلے ان ہی نے روشناس کیا تھا، ان کی پہلی تصنیف علم المعیشت ایک زمانہ میں بہت مشہور تھی۔ شعر و ادب کا مذاق بھی رکھتے تھے، معارف ملت، جذبات فطرت اور مناظر قدرت کے نام سے کئی حصوں میں اردو نظموں کا ایک نہایت عمدہ انتخاب مرتب کیا تھا جو بہت مقبول ہوا۔
مذہبی ذوق ابتداء سے تھا جو عمر کے ساتھ بڑھتا گیا اور آخر میں مذہب و تصوف کا بڑا غلبہ ہوگیا تھا اور ان کی ساری قلمی کوششیں اسی کے لیے وقف ہوگئی تھیں، انھوں نے مختلف مذہبی موضوعات پر مفید کتابیں لکھیں، ان کا سفرنامۂ حج، صراط الحمید خاص طور پر مقبول ہوا، قادیانی مذہب کے نام سے ایک ضخیم کتاب لکھی تھی جس میں مرزا غلام احمد قادیانی اور دوسرے قادیانی اکابر کی تحریروں سے اس مذہب کی حقیقت ظاہر کی گئی تھی، یہ کتاب اتنی مقبول ہوئی کہ اس کے کئی ایڈیشن شائع ہوئے اور ہر ایڈیشن پہلے ایڈیشن سے بڑھ کر تھا، ان کی چھوٹی بڑی تصانیف کی تعداد دو درجن سے زیادہ ہوگی، اﷲ تعالیٰ اس شیدائے علم و دین کو اپنی رحمت و مغفرت سے سرفراز فرمائے۔
(شاہ معین الدین ندوی، مارچ ۱۹۵۹ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...