Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مفتی عبدالقادر

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مفتی عبدالقادر
ARI Id

1676046599977_54338041

Access

Open/Free Access

Pages

248

مفتی عبدالقادر
افسوس ہے کہ گذشتہ مہینہ ۲۴؍ اگست کو فرنگی محل کے نامور عالم مفتی عبدالقادر صاحب نے وفات پائی، مرحوم علم و عمل میں اپنے اسلاف کرام کا نمونہ اور طبعاً نہایت خاموش اور عزلت پسند تھے، پوری زندگی خاموشی اور قناعت کے ساتھ درس و تدریس اور علم و افتاد کی خدمت میں گذاری، ان کی موت سے فرنگی محل کی ایک اہم یادگار مٹ گئی، نئی نسل جدید تعلیم یافتہ ہے، اس کو اپنے اسلاف کے علوم اور روایات سے بہت کم علاقہ رہ گیا ہے اس لئے جو ایک دو پرانے بزرگ باقی رہ گئے ہیں ان کے بعد فرنگی محل میں سناٹا نظر آتا ہے۔
اس خاندان میں جتنی طویل مدت تک علم رہا اور اس سے پورے ہندوستان کو جو فیض پہنچا اس کی مثال دوسرے علمی خاندانوں میں کم ملے گی، عموماً دو چار پشتوں سے زیادہ کسی خاندان میں علم نہیں چلتا، مگر فرنگی محل تقریباً تین صدیوں تک دینی علوم اور اس کی تعلیم کا مرکز رہا اور اس مدت میں ملا نظام الدین بانی درس نظامیہ ، ملا حیدر ، ملا حسن، مولانا بحرالعلوم، مولانا عبدالحئی اور مولانا عبدالباری رحہم اﷲ جیسے بڑے بڑے علماء پیدا ہوئے مگر اب بظاہر اس سلسلۃ الذہب کا خاتمہ نظر آتا ہے۔
مفتی صاحب مرحوم علم و عمل کے ساتھ اخلاق فاضلہ اور اوصاف حمیدہ سے بھی آراستہ نہایت خاموش متواضع، نرم خور، خندہ جبیں، شگفتہ مزاج اور خوش خلق تھے، ملنے والوں پر ان کے علم سے زیادہ ان کے اخلاق کا اثر پڑتا تھا، ان اوصاف کی بنا پر وہ ہر طبقے میں بڑے مقبول تھے۔ راقم نے ان سے مختصر المعانی پڑھی تھی، اس زمانہ میں ان کے اخلاق اور مہرومحبت کا جو نقش دل پر قائم ہوا تھا وہ اب تک باقی ہے، اﷲ تعالیٰ اس خادم علم و دین کو اپنی رحمت کاملہ سے سرفراز فرمائے۔
(شاہ معین الدین ندوی، ستمبر ۱۹۵۹ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...