Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > کاکا محمد اسمٰعیل مدراسی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

کاکا محمد اسمٰعیل مدراسی
ARI Id

1676046599977_54338043

Access

Open/Free Access

Pages

249

کاکا محمد اسمٰعیل مرحوم مدراسی
( مولوی ثناء اﷲ)
کاکا اسمٰعیل صاحب مرحوم قوم ملت کی ان شخصیتوں میں تھے، جنھوں نے لاکھوں روپیہ کمایا اور لاکھوں قوم و ملت کی راہ میں صرف کیا، ہندوستان کے بہت سے مذہبی و قومی ادارے ان کی فیاضی سے سیراب ہوئے تھے، ایسے محسن قوم کے حالات سے دوسرے ارباب ثروت سبق حاصل کرسکتے ہیں۔ (شاہ معین الدین ندوی)
علاقہ مدراس ضلع نارتھ آرکاٹ کا تاریخی مقام گڑھ آمبور کاکا محمد اسمٰعیل صاحب کا وطن تھا، آپ کے والد کاکا حاجی محمد عمر صاحب ایک دیندار بزرگ، دولتمند تاجر علماء کے عقیدت مند، فیاض اور غریب پرور تھے، دینی اور اصلاحی کاموں میں پیش پیش رہتے تھے، مدراس کی روشن کمپنی جو علم نوازی میں مشہور تھی اور اب بند ہوگئی آپ اس کے ایک رکن تھے، گڑھ آمبور سے متصل اپنے نام کی مناسبت سے عمرآباد نامی ایک گاؤں آباد کیا اور وہیں ایک اعلیٰ دینی درسگاہ و مدرسہ دارالسلام کے نام سے ۱۹۲۴؁ء میں قائم کی چند ہی سال بعد دسمبر ۱۹۲۷؁ء میں آپ کا انتقال ہوگیا، آپ کے بعد آپ کے فرزند اکبر کاکا محمد اسمٰعیل صاحب نے جملہ کاروبار کو نہایت خوبی سے سنبھالا، والد مرحوم کی جملہ خوبیوں کے علاوہ آپ میں اور بھی بہت سے کمالات تھے، علمی اور دینی خدمت کے جذبہ سے سرشار تھے، دولت کا بیشتر حصہ ملی و قومی کاموں میں خرچ کرتے تھے، صاحب دل مخلص، موحد اور متبع سنت تھے، متعدد علمی ادارے بذات خود چلارہے تھے، حسب ذیل ادارے آپ کی یادگار ہیں:
۱۔ جامعہ داراسلام عمر آباد: یہ ایک اعلیٰ دینی درس گاہ ہے جس طلباء کی تعداد سوسے متجاوز ہے، اس میں رہائش، خوراک اور درسی کتابوں کا انتظام بغیر کسی فیس کے مدرسہ کی طرف سے ہوتا ہے، اساتذہ کی تعداد گیارہ بارہ تک رہتی ہے، درس نظامی میں حذف و ترمیم کرکے اس کا ایک جدید معقول اور جامع نصاب تیار کیا گیا ہے، مولانا سید سلیمان ندوی اس جامعہ کو جنوبی ہند کا ندوہ کہتے تھے۔
۲۔ محمدیہ اسکول: اس میں ہر قوم و مذہب کے بچے انگریزی اور ملکی زبانوں کی تعلیم پاتے ہیں، طلباء کی تعداد تقریباً دو سو اور اساتذہ کی چھ سات ہے۔
۳۔ مدرسۂ نسواں: اس میں صرف مسلمان بچیوں کو دینی اور قومی تعلیم دی جاتی ہے، دو تین استانیاں کام کرتی ہیں۔
۴۔ عمر لائبریری: یہ ایک نہایت شاندار کتب خانہ ہے، جس میں عربی، فارسی، اردو، انگریزی اور ٹمل کی بیش بہا کتابوں کا ذخیرہ ہے، جس میں بلا تفریق ہر خاص و عام استفادہ کرتا ہے، ان کے علاوہ ہر چھوٹے بڑے علمی اور دینی اداروں کی بڑی فیاضی سے امداد فرماتے تھے، دارالمصنفین کے لائف ممبر تھے، مولانا سید سلیمان ندویؒ سے آپ کو اور مولانا مرحوم کو آپ سے بڑی عقیدت و محبت تھی۔
نہایت ہی عالی حوصلہ اور بلند ہمت تھے۔ تقریباً پندرہ سال سے آپ کا تجارتی کاروبار بالکل بند تھا، جو ان اداروں کو چلانے کا سب سے بڑا سہارا تھا، لیکن آپ کی اولالعزمی اور بلند ہمتی نے ان اداروں کو بند ہونے نہ دیا اور کسی نہ کسی طرح چلاتے رہے، آپ کی فیاضی سے ہر قوم و ملت کے آدمی مستفیض ہوتے تھے، نہایت خلیق، متواضع اور ملنسار تھے، یگانہ، بیگانہ، دوست اور دشمن سب آپ کے حسن اخلاق کے مداح تھے، بڑے دانشمند اور مدبر تھے، پیچیدہ سے پیچیدہ معاملات کو بڑی آسانی سے سلجھا دیتے تھے، اطراف کی ہر چھوٹی بڑی مسلم و غیر مسلم آبادی میں آپ کی حیثیت حکم کی تھی۔ ہر فرقہ کے لوگ اپنے خاندانی اور قومی اختلافات میں آپ ہی کی طرف رجوع کرتے تھے اور آپ کے دانشمندانہ اور عادلانہ فیصلوں پر بے چون و چرامطمئن ہوجاتے، آپ کی قومی اور ملکی خدمات کے اعتراف میں سرکار انگریزی نے ’’خان بہادر‘‘ کے لقب سے نوازا۔
انتقال سے تین سال پیشتر آپ نے جامعہ کے چلانے کے لیے چند قابل اعتماد، مخیر اور ہمدرد ملت افراد کی ایک کمیٹی بنادی جو بڑے اخلاص اور توجہ کی دیکھ بھال کررہی ہے اور اس کی ترقی کے لیے فیاضی سے دولت خرچ کررہی ہے۔چار پانچ سال کے عرصہ میں آپ پر دو تین مرتبہ فالج کا حملہ ہوا، اور بالآخر اسی مرض میں ۱۴؍ مئی ۱۹۵۹؁ء جمعہ کی رات دس بجے ستر سال کی عمر میں انتقال کیا۔
آپ نے اپنے پیچھے اپنے چھوٹے بھائی کاکا محمد اسحق صاحب ٹرسٹی جامعہ اور تین لڑکوں (کاکا رشید احمد صاحب سکریٹری محمدیہ اسکول و مدرسۂ نسواں کاکا حاجی محمد عمر صاحب جائنٹ سکریٹری جامعہ دارالسلام عمر آباد، کاکا حاجی مولوی سعید احمد سکریٹری عمر لائبریری) اور پانچ لڑکیوں کو چھوڑا ہے۔ اللھم اغفرلہ وارحمہ۔ (اکتوبر ۱۹۵۹ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...