Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مفتی عبداللطیف

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مفتی عبداللطیف
ARI Id

1676046599977_54338048

Access

Open/Free Access

Pages

251

مفتی عبداللطیف
افسوس ہے کہ علمائے قدیم کی ایک اہم اور آخری یادگار مفتی عبداللطیف صاحب نے گزشتہ مہینہ انتقال فرمایا، مرحوم استاذ العلماء مولانا لطف اﷲ صاحب علی گڑھ کے شاگرد مولانا فضل رحمن گنج مراد آبادیؒ کے مرید اور دارالعلوم ندوۃ العلماء کے دور اول کے اساتذہ میں تھے، حضرت سید صاحب مرحوم نے ابتدائی کتابیں ان ہی سے پڑھی تھیں۔ پھر ندوہ سے اپنے خواجہ تاش مولانا محمد علی مونگیریؒ کے پاس مونگیر چلے گئے اور کچھ دنوں یہاں قیام کے بعد حجاز تشریف لے گئے اور کئی سال تک مدرسۂ صولتیہ مکہ معظمہ میں درس و تدریس کی خدمت انجام دی، اسی زمانہ میں مصر و شام و عراق وغیرہ کی سیاحت کی، پھر حجاز سے واپس آکر مونگیر میں تصنیف و تالیف کا سلسلہ شروع کیا، جامعہ عثمانیہ کے قیام کے بعد جب ان کے ہم درس مولانا حبیب الرحمن خاں شروانی اس کے وائس چانسلر مقرر ہوئے تو انھوں نے مفتی صاحب کو اس کے شعبۂ دینیات میں لکچرر مقرر کیا اور آخر میں وہ اس کی صدارت کے عہدہ سے وظیفہ یاب ہوئے۔ جامعہ عثمانیہ سے سبکدوشی کے بعد شروانی صاحب نے مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ دینیات میں ان کا تقرر کرایا۔ مگر چند ہی سال کے بعد ضعف پیری کی وجہ سے اس خدمت سے سبکدوش ہوگئے، اور علی گڑھ میں مستقل قیام فرمایا، مگر درس و تدریس کا سلسلہ آخر عمر تک جاری رہا۔
مفتی صاحب مرحوم ہندوستان کے مشہور اساتذہ میں تھے، دینی علوم پر ان کی نظر بڑی گہری اور وسیع تھی۔ ان کے تلامذہ کی تعداد سیکڑوں سے متجاوز ہے۔ جن میں مولانا سید سلیمان ندوی مرحوم جیسے شاگرد بھی تھے۔ تالیف و تصنیف کا بھی مشغلہ رہتا تھا۔ چنانچہ ان کی کئی کتابیں تاریخ القرآن، سیرت امام ابوحنیفہ اور فقہ کے چند رسائل چھپ کر شائع ہوچکے ہیں، ان کی سب سے اہم تصنیف ’’جامع ترمذی‘‘ کی شرح ہے، جو مکمل ہوچکی ہے مگر ابھی اس کے چھپنے کی نوبت نہیں آئی ہے، مفتی صاحب مرحوم اپنے دور کی آخری یادگار تھے۔ انتقال کے وقت نوے سال سے اوپر عمر تھی۔ اب شاید ہی ان کا کوئی ہمعصر زندہ ہو، اﷲ تعالیٰ اس خادم علم و دین کی مغفرت اور ان کے مدارج بلند فرمائے۔
(شاہ معین الدین ندوی، جنوری ۱۹۶۰ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...