Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > شاہ مصطفےٰ احمد ردولوی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

شاہ مصطفےٰ احمد ردولوی
ARI Id

1676046599977_54338052

Access

Open/Free Access

Pages

253

شاہ مصطفی احمد ردولوی
افسوس ہے کہ گزشتہ مہینہ ایک بڑی محترم شخصیت شاہ مصطفی احمد صاحب ردولوی نے انتقال کیا۔ گو ان کو پبلک میں کوئی شہرت حاصل نہیں تھی، لیکن ان کی زندگی مسلمانوں کے لیے نمونہ تھی۔ وہ حضرت مخدوم احمد عبدالحق ردولوی قدس سرہ کی اولاد میں تھے۔ اﷲ تعالیٰ نے ان کو دین و دنیا دونوں سے نوازا تھا۔ وہ علی گڑھ کالج کے پرانے تعلیم یافتہ تھے۔ اکاؤنٹسی کی تعلیم کے سلسلہ میں ان کا قیام لندن میں بھی رہا تھا، مگر بڑے راسخ العقیدہ اور دیندار مسلمان تھے، تہجد کی نماز تک کبھی ناغہ نہ ہوئی، لندن کے قیام کے زمانہ میں بھی روزے نماز کی پابندی میں فرق نہیں آیا، اس زمانہ میں جب تک ذبیحہ کے متعلق پورا اطمینان نہ ہوجاتا تھا گوشت نہ کھاتے تھے، سبزی اور انڈے پر قناعت کرتے تھے، پہلی جنگ عظیم چھڑنے کے بعد ایمڈن جہاز سے واپس آرہے تھے جس کو جرمنی نے تارپیڈو کردیا تھا، اس کے جو مسافر بچ گئے تھے، ان میں ایک شاہ صاحب بھی تھے، انھوں نے کل سامان چھوڑ کر صرف کلام مجید ساتھ لے لیا تھا۔
انھوں نے معمولی حیثیت سے ترقی کی اور بڑی دولت پیدا کی اور اسی فیاضی سے اس کو مذہبی و ملی کاموں اور غرباء و مساکین پر صرف کیا، ان کے در سے کوئی مستحق واپس نہ جاتا تھا، اہم کاموں کے لئے بڑی رقمیں دے دیتے تھے، خواجہ کمال الدین مرحوم کو کلام مجید کے جرمن ترجمے کے لیے دس ہزار روپے دیئے تھے، تحریک خلافت کے زمانہ میں خلافت کمیٹی اور اس کے لیڈروں کی بھی مدد کرتے رہتے تھے، اس زمانہ میں ترکوں کی مدد کے لیے ہندوستان میں جو انگورہ لیجن قائم ہوا تھا، اس کے پرجوش رکن تھے، مسلم یونیورسٹی سے پرانا تعلق تھا، کئی سال تک مسلم یونیورسٹی کورٹ کے ممبر رہے تھے۔ اس کے علاوہ اور ہر قسم کے دنیاوی اعزاز سے انھوں نے ہمیشہ دامن بچایا، بہت سے غریب گھرانے ان کی ذات سے پرورش پاتے تھے مگر خود ان کی زندگی بڑی سادہ اور دوسروں کے لیے نمونہ تھی، آج کل کے پیرزادوں میں ایسی مثالیں مشکل سے ملیں گی، اﷲ تعالیٰ ان کو عالم آخری کی سربلندی سے بھی سرفراز فرمائے۔
(شاہ معین الدین ندوی، فروری ۱۹۶۱ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...