Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولانا سعید انصاری

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولانا سعید انصاری
ARI Id

1676046599977_54338066

Access

Open/Free Access

Pages

258

مولانا سعید انصاری
افسوس ہے کہ گذشتہ مہینے ہمارے قدیم اور سابق رفیق مولانا سعید انصاری نے لاہور میں انتقال کیا، وہ دارالمصنفین کے دور اول کے رفقاء میں تھے، ان میں تالیف و تصنیف کا بہت اچھا سلیقہ تھا، اور وہ اردو زبان و ادب کا بڑا ستھرا مذاق رکھتے تھے، لیکن مزاج میں استقلال اور اعتدال و توازن نہ تھا، اس لئے کسی ایک مقام پر جم کر نہ رہ سکے، پہلی مرتبہ دارالمصنفین میں ان کا قیام سات آٹھ سال تک رہا، اس مدت میں انھوں نے سیر انصار اور سیر الصحابیات لکھی، اور امام ابو مسلم اصفہانی معتزلی کی تفسیر ’’جامع التاویل لمحکم التنزیل‘‘ جو اب دنیا سے ناپید ہوچکی ہے، اس کے اقتباسات امام رازی کی تفسیر کبیر سے جمع کرکے اس کو کتابی شکل میں مرتب کیا، جو اسی زمانہ میں دارالمصنفین سے شائع ہو گئی تھی، پھر دارالمصنفین چھوڑ کر صوفی پنڈی بہاء الدین کے یہاں چلے گئے اور اس کے لئے سیر الصحابہ کے نام سے شیخینؓ کے حالات ایک جلد میں لکھے، اس کے بعد مختلف اسکولوں میں ٹیچر رہے، مگر ان میں مستقل قیام نہ رہ سکا اس لئے حضرت سید صاحبؒ نے ان کو پھر دارالمصنفین بلالیا، اس مرتبہ ان کا قیام تین چار سال رہا، مگر متفرق مضامین کے علاوہ اس دور کی اور کوئی یادگار نہیں ہے، یہاں سے دوبارہ الگ ہونے کے بعد مختلف رسالوں کے اڈیٹر رہے، پھر سید صاحب نے ان کو ہندوستانی اکیڈمی الہ آباد کے سہ ماہی اردو رسالہ کا اڈیٹر مقرر کروایا، چند برسوں کے بعد اس سے بھی الگ ہوگئے، اور پاکستان قائم ہونے کے بعد لاہور چلے گئے، حضرت سید صاحبؒ نے ان کو لاہور یونیورسٹی کے شعبۂ اردو انسائیکلوپیڈیا میں رکھا دیا، اسی خدمت پرتھے کہ دفعتہ ان کے انتقال کی خبر ملی، شاعر بھی تھے، نشترـؔ تخلص تھا، اردو اور فارسی دونوں میں داد سخن دیتے تھے، اردو کلام کا انتخاب جمالیاتی شاعری کے نام سے الہ آباد کے قیام کے زمانہ میں اور فارسی غزلوں کا مجموعہ چند سال ہوئے لاہور سے شائع کیا تھا، اپنے مکاتیب کا مجموعہ بھی مرتب کیا تھا، مگر اس کی اشاعت کی نوبت نہ آسکی تھی کہ وقت آخر ہوگیا، ان کی شخصیت ان کے احباب کے لئے بڑی دلکش و دلآویز تھی اور ان کے بعض اوصاف بڑے معصومانہ تھے، اﷲ تعالیٰ ان کو اپنی رحمت و مغفرت سے سرفراز فرمائے۔ (شاہ معین الدین ندوی، نومبر ۱۹۶۲ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...