Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولاناعبدالغنی پھولپوری

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولاناعبدالغنی پھولپوری
ARI Id

1676046599977_54338071

Access

Open/Free Access

Pages

260

مولانا عبدالغنی پھولپوریؒ
افسوس ہے کہ گزشتہ مہینہ مولانا عبدالغنی پھولپوریؒ نے کراچی میں انتقال فرمایا۔ مولانا مرحوم حضرت مولانا اشرف علی صاحب تھانویؒ کے اجل خلفاء میں تھے اور اس صوبے کے مشرقی اضلاع خصوصاً اعظم گڑھ میں ان کا علمی اور حافی فیض نصف صدی سے زیادہ جاری رہا، انھوں نے مرشد کی تعلیمات اور ملفوظات و مواعظ کو ایسا جذب کیا تھا کہ ان کی تحریر اور گفتگو میں اس کا عکس نظر آتا تھا، ان میں جذب و سلوک دونوں کی شاخیں تھیں، اہتمام شریعت اور مریدین متوسلین کی تعلیم و تربیت میں سالک تھے اور اپنی نجی زندگی میں مجذوب، ان میں عجیب سادگی اور دارستگی تھی۔ ضروریات زندگی میں سے کسی چیز میں بھی اہتمام نہ تھا۔ وہ صحیح معنوں میں زاہد تھے۔ ان کی سادگی بلکہ بے سامانی کو دیکھ کر ان کے ایک خواجہ تاش بزرگ نے ایک مرتبہ فرمایا تھا کہ ان کے یہاں نئی کیا پرانی روشنی کا بھی گزر نہیں ہے۔
مولانا نے عربی کے دو مدرسے قائم کیے تھے، ایک سرائمیر میں، دوسرا پھولپور میں، پھولپور کے مدرسے کی حیثیت اب مکتب کی رہ گئی ہے، مولانا کی تعلیم و تربیت عملی تھی، اس لیے تالیف و تصنیف کی طرف ان کی توجہ نہ تھی، آخر عمر میں چند رسالے اور ایک ضخیم کتاب معیت الٰہیہ کے نام سے لکھی تھی جو سالکین راہ طریقت کے لیے بہت مفید ہے، حضرت مولانا اشرف علیؒ صاحب سے حضرت سید صاحبؒ کی ادارت کے بعد مولانا مرحوم کو دارالمصنفین کے لوگوں سے خاص تعلق ہوگیا تھا اور وہ یہاں اکثر تشریف لایا کرتے تھے، دو تین سال ہوئے پاکستان چلے گئے تھے، چند مہینے ہوئے کہ فالج کا حملہ ہوا، اس کے اثر سے ۱۱؍ اگست کو کراچی میں انتقال فرمایا۔ نوے سال کے قریب عمر تھی۔
اﷲ تعالیٰ عالم آخرت میں ان کے مدارج بلند فرمائے۔ ان بزرگوں میں سے جو بھی اٹھتا ہے، اس کی جگہ ہمیشہ کے لیے خالی رہ جاتی ہے۔ مولانا پھولپوری کے انتقال کے بعد نواح میں صرف مولانا وصی اﷲ صاحب کی ایک ذات رہ گئی ہے، جس سے ارشاد و ہدایت کا چراغ روشن ہے، اﷲ تعالیٰ ان کا سایہ عرصہ دراز تک قائم رکھے۔
(شاہ معین الدین ندوی، ستمبر ۱۹۶۳ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...