Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولانا محمد یوسف

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولانا محمد یوسف
ARI Id

1676046599977_54338083

Access

Open/Free Access

Pages

264

مولانا محمد یوسف
شیخ التبلیغ مولانا محمد یوسف صاحب رحمتہ اﷲ علیہ کی وفات پوری ملت اسلامیہ کا حادثہ ہے، اس وقت ہندوستان کی تمام جماعتوں میں تبلیغی جماعت اپنے اثرات و نتائج کے لحاظ سے سب سے زیادہ مفید کام انجام دے رہی ہے، اس نے لاکھوں نامسلمانوں اور منکروں کو مسلمان اور مسلمانوں کو مومن کامل اور اسلام کا مبلغ بنادیا، اس کے قافلے ساری دنیا میں رواں دواں ہیں، جس کی مثال قرونِ اولیٰ کے بعد نہیں ملتی، اور یہ سب نتیجہ ہے ایک صاحب عزیمت مرد مومن مولانا محمد الیاس رحمتہ اﷲ علیہ کے اخلاص و ﷲیت اور دینی تڑپ کا، ان کے بعد ان کے خلف الصدق مولانا محمد یوسف نے اس بار امانت کو سنبھالا، اور اس لگن سے اس کو چلایا کہ اس کا دائرہ ایشیا سے نکل کر افریقہ اور یورپ تک پھیل گیا، لیکن مشیت ایزدی کو کچھ اور منظور تھا، مولانا مرحوم تبلیغ کے سلسلہ میں لاہور تشریف لے گئے تھے کہ وقت موعود آگیا، وہیں قلب کا دورہ پڑا اور مبلغ اسلام اپنے رب کے حضور حاضر ہوگیا، اﷲ تعالیٰ ان کی دینی خدمات کو قبول اور ان کے مدارج بلند فرمائے، اللھم صبب علیہ شابیب رحمتک و رضوانک یہ حادثہ اتنا سخت ہے کہ بظاہر اس کی تلافی کی امید نظر نہیں آتی لیکن اگر اﷲ تعالیٰ کو اپنے دین کی تبلیغ اور اپنے محبوب کی امت کی اصلاح کا کام لینا منظور ہے تو اس کا کوئی نہ کوئی انتظام فرما دے گا۔
تبلیغی جماعت کی کامیابی کا راز اس کا اخلاص و ﷲیت ہے، وہ ہر قسم کے جماعتی تعصب اور گروہ بندی سے پاک، اختلافی مسائل سے الگ اور قیادت و اقتدار کی ہوس سے بلند ہے، اسی لیے اس میں ہر عقیدہ و خیال کے مسلمان شریک ہیں، اس کے مبلغ اپنا بار کسی پر نہیں ڈالتے، اپنے صرف سے خدا کی راہ میں نکلتے ہیں، کسی کی دعوت تک قبول نہیں کرتے مسجدوں میں ٹھہر کر مسلمانوں کو اﷲ اور اس کے رسولﷺ کے احکام سناتے ہیں اور ان پر عمل اور استقامت کی دعوت دیتے ہیں، ان کا دعوتی نظام ایسا موثر ہے کہ جس شخص کو بھی اس کے اجتماعات میں شرکت کا موقع مل جائے وہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ (شاہ معین الدین ندوی،اپریل ۱۹۶۵ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...