Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > نواب میر عثمان علی خاں

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

نواب میر عثمان علی خاں
ARI Id

1676046599977_54338095

Access

Open/Free Access

Pages

266

نواب میر عثمان علی خان
افسوس ہے کہ آصف جاہی خاندان کے آخری فرمانروا نظام الملک آصفجاہ نواب میر عثمان علی خاں نے ۲۴؍ فروری کو جان جاں آفریں کے سپرد کری، وہ محض ایک والی ملک نہیں بلکہ اپنے اوصاف اور کارناموں کے لحاظ سے پوری تاریخ اور ایک عہد تھے، آصف جاہی حکومت اپنی تہذیب و روایات اور آئین و آداب میں تیموری حکومت کی جانشین تھی، اور میر عثمان علی خاں اس کی آخری یادگار تھے، انھوں نے اپنے دور میں جو گوناگوں کارنامے انجام دیے اس کی مثال ہندوستان کے کسی والی ریاست میں نہیں مل سکتی ہندوستان کا کوئی قومی و ملی ادارہ ان کی فیاضی سے محروم نہ تھا اور ان کا ابر کرم بلاتفریق مذہب و ملت سب پر یکساں برستا تھا، ان کی ذات سے سیکڑوں حاجت مند خاندانوں اور ہزاروں غرباء پرورش پاتے تھے، ان کی علم نوازی نے ہندوستان کے ہر فن کے اہل کمال کو حیدرآباد میں جمع کرکے بغداد و قرطبہ کی یاد تازہ کردی تھی، ان کا سب سے بڑا کارنامہ عثمانیہ یونیورسٹی ہے، جس میں جملہ جدید علوم کی تعلیم اردو زبان میں ہوتی تھی اور اس کے تعلیم یافتہ استعداد و قابلیت میں ہندوستان کی کسی یونیورسٹی کے طلبہ سے کم نہ تھے، یہ یونیورسٹی پورے ایشیا کے لیے قابل فخر تھی، مگر افسوس اندھے تعصب نے اس کو ختم کردیا اور اس کا بیش قیمت علمی ذخیرہ ردی بن کر رہ گیا جو پوری علمی دنیا کا سانحہ ہے۔
دولت کے لحاظ سے میر عثمان علی خاں دنیا کے امیر ترین آدمیوں میں تھے، حکومتوں اور بڑے بڑے بینکوں کو چھوڑ کر نقد سونے کی شکل میں اتنی دولت شاید ہی کسی فرد واحد کے پاس نکل سکے، اس ثروت کے ساتھ ان کی زندگی اتنی سادہ تھی کہ اس کا قیاس کرنا مشکل ہے، ان سے بعض غلطیاں بھی ہوئیں جو ان کے غلط اندیش مشیروں کا نتیجہ تھیں، جس سے ریاست حیدرآباد اور یہاں کے مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا اور خود نظام کی زندگی کا آخری زمانہ بڑی بیچارگی میں گذرا، ورنہ ریاست حیدرآباد کا اس افسوسناک شکل میں خاتمہ نہ ہوتا، مگر غلطیوں سے کون انسان خالی ہے، اﷲ تعالیٰ ان کو معاف اور ان کے اعمال خیر کے صلہ میں ان کی مغفرت فرمائے، ان کی موت سے ایک عہد کا خاتمہ ہوگیا۔ والبقاء ﷲ وحدہ۔ (شاہ معین الدین ندوی، مارچ ۱۹۶۷ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...