Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > ڈاکٹر سید عبداللطیف

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

ڈاکٹر سید عبداللطیف
ARI Id

1676046599977_54338129

Access

Open/Free Access

Pages

315

ڈاکٹر سید عبداللطیف
ہماری بزم علمی کی پرانی یادگاریں روز بروز اٹھتی جاتی ہیں اور ہر مہینہ کسی نہ کسی کا ماتم کرنا پڑتا ہے، گذشتہ مہینہ دو نامور اہل علم نے وفات پائی، ہندوستان میں ڈاکٹر سید عبداللطیف نے اور پاکستان میں غلام رسول مہر نے، ڈاکٹر صاحب اس دور کے نامور فاضل اور انگریزی کے مشہور اہل قلم تھے، ان کی پوری زندگی علمی و تعلیمی مشاغل میں گذری، وہ جامعہ عثمانیہ میں انگریزی یا فلسفہ کے پروفیسر تھے، اس سے ریٹائر ہونے کے بعد ان کا سارا وقت تالیف و تصنیف میں گزرتا تھا، وہ راسخ العقیدہ مسلمان تھے، ان کے دل میں مذہب و ملت کا درد تھا، اسلامیات پر بھی ان کی نظر وسیع تھی، کلام مجید سے خاص شغف تھا، ان کی بیشتر تصانیف اور مضامین کلام مجید اور اسلامی تعلیمات اور تہذیت و ثقافت کے کسی نہ کسی پہلو پر ہیں، انھوں نے کلام مجید اور مولانا ابوالکلام آزاد کے ترجمان القرآن کا انگریزی ترجمہ کیا، یہ دونوں شائع ہوچکے ہیں، انگریزی تصانیف میں The Mind Al-Quran Builds زیادہ مشہور ہے، اس کا اردو ترجمہ چھپ چکا ہے، ایک کتاب اردو میں ’’اساس تہذیب‘‘ کے نام سے لکھی اس میں کلام مجید اور احدیث نبوی سے عالمگیر انسانی تہذیب کے عناصر دکھائے گئے ہیں، اردو شعر و ادب سے بھی ذوق تھا، انھوں نے غالب پر انگریزی میں ایک کتاب لکھی، اس میں ان کی زندگی کے وہ پہلو بھی دکھائے گئے ہیں، جن سے ان کے سوانح نگار اغماض برتتے ہیں، ان مستقل تصانیف کے علاوہ انھوں نے مذہب اسلام اور اسلامی تہذیب و ثقافت پر بکثرت مضامین لکھے، ان کا آخری کارنامہ یہ ہے کہ اپنی وفات سے پہلے انھوں نے قرآنی ٹرسٹ کے نام سے ایک ٹرسٹ قائم کیا اور اس کو اپنی تمام تصانیف کا حق اشاعت اور بیس ۲۰ ہزار روپے نقد دئیے، ایسے اہل علم مسلمانوں میں اب مشکل سے ملیں گے، اﷲ تعالیٰ علم دین کے اس خادم کو اپنی بے پایاں رحمتوں سے سرفراز فرمائے۔
(شاہ معین الدین ندوی، دسمبر ۱۹۷۱ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...