Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > مولانا عبدالمجید حریری

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

مولانا عبدالمجید حریری
ARI Id

1676046599977_54338141

Access

Open/Free Access

Pages

319

مولانا عبدالمجید حریری مرحوم
دوسرا علمی حادثہ مولانا عبدالمجید حریری مرحوم کی وفات کا ہے، انھوں نے بھی گزشتہ مہینہ وفات پائی، مرحوم مدنپورہ بنارس کے ایک ممتاز انصاری خاندان سے تھے، عربی اور انگریزی دونوں زبانوں کے فاضل تھے، عربی کی تکمیل کے بعد انگریزی کی تعلیم علی گڑھ کالج میں حاصل کی تھی، اور اپنے دور کے ممتاز طلبہ میں تھے، یہیں سے خلافت اور نان کو اپریشن کی تحریک میں شریک ہوئے اور ایک زمانہ تک جنگ آزادی میں سرگرمی سے حصہ لیتے رہے، اس دور کے تمام بڑے بڑے لیڈروں سے ان کے تعلقات تھے، ہندوستان کی آزادی کے بعد حکومت ہند نے ان کو سعودی عرب میں قونصل جنرل مقرر کیا، کئی سال تک اس عہدہ پر رہے، اس سے سبکدوش ہونے کے بعد کچھ دنوں تک سعودی عرب کے پایہ تخت ریاض میں قیام رہا، مرحوم ہندوستان کے ممتاز صاحب علم تھے، عربی زبان پر ان کو اہل زبان کی جیسی قدرت حاصل تھی، مقرر بھی اچھے تھے، لیکن افسوس ان کے سیاسی ذوق نے ان کے علمی جوہروں کو چمکنے نہ دیا، ایک عرصہ سے اس کا دائرہ بھی مقامی سیاست تک محدود ہوگیا تھا، اس لئے وہ جس علمی شہرت کے مستحق تھے وہ ان کو حاصل نہ ہوسکی اور اب عرصہ سے خانہ نشینی اختیار کرلی تھی، وہ مسلکاً اہل حدیث تھے، لیکن ہر مسلک کے علماء اور اہل علم سے ان کے تعلقات تھے، دارالمصنفین کے بزرگوں سے بھی ان کے پرانے روابط تھے، اس سلسلہ میں کئی مرتبہ ان کا یہاں آنا ہوا گزشتہ سال ایک تقریب سے بنارس جانا ہوا تو ملاقات کے لئے ان کی خدمت میں بھی حاضر ہوا تھا، بہت ضعیف ہوچکے تھے دماغ بھی پوری طرح کام نہ دیتا تھا، تعارف کے بعد پہچانا اور بڑی شفقت و محبت سے پیش آئے اس وقت اندازہ ہوگیا تھا کہ اب یہ چراغ زیادہ دنوں جلنے والا نہیں، ایک زمانہ میں علمی اور سیاسی حلقوں میں ان کی خاصی شہرت تھی، مگر اس دور کے لوگ تو ان کے نام سے بھی واقف نہ ہوں گے۔ والبقاء ﷲ وحدہ، اﷲ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔ (شاہ معین الدین ندوی، جنوری ۱۹۷۳ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...