Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > خان عبدالغفار خان

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

خان عبدالغفار خان
ARI Id

1676046599977_54338260

Access

Open/Free Access

Pages

473

خان عبدالغفار خاں
خان عبدالغفار خاں کی موت سے پورا ملک گہرے رنج و غم میں ڈوب گیا، وہ ہندوستان کے ان عظیم لیڈروں کی آخری یاد گار تھے، جنھوں نے قوم کی بے لوث خدمت اور وطن کی آزادی کے لیے اپنے سروں پر کفن باندھ لیے تھے، ان کی پوری زندگی خدمت ، جدوجہد خلوص، جوش عمل، سرگرمی، ایثار، قربانی، سرفروشی، استقامت اور نوع انسانی سے محبت و ہمدردی کا ایک نمونہ تھی، وہ ہمیشہ امن و آشتی اور عدم تشدد کے علمبردار رہے اور فرقہ واریت اور تنگ نظری کے خلاف ہمت، جرأت، اولولعزمی اور بہادری سے لڑتے رہے۔
ان کے والد بہرام خاں پشاور کے ایک گاؤں اتمان زئی کے خوش حال زمین دار تھے، خان عبدالغفار خاں کا بچپن نازونعم میں بسر ہوا، ابتدائی تعلیم پشاور کے ایک مشنری اسکول میں ہوئی، ایک سال کے لیے علی گڑھ بھی آئے، یہاں سے واپس ہو کر انھوں نے تعلیمی حیثیت سے اپنے پس ماندہ علاقے میں آزاد قومی اسکول قائم کرنے کی مہم شروع کی، اسی اثنا میں مولانا ابوالکلام آزادؒ کے اخبار الہلال اور دوسرے قوم پرور اخبارات زمیندار لاہور اور مدینہ (بجنور) نے ان کا رخ قومی و سیاسی سرگرمیوں کی جانب موڑدیا، شیخ الہند مولانا محمودالحسنؒ سے بھی ان کا ربطہ رہا اور وہ ریشمی رومال تحریک میں بھی شامل ہوئے، ۱۹۱۹؁ء میں گاندھی جی نے رولٹ ایکٹ کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کی، خان عبدالغفار خاں نے بھی اپنے وطن کے ایک جلسہ عام میں ایکٹ کی مذمت ریزویشن منظور کیا، اس جلسہ میں نوے ۹۰ برس کے ان کے بوڑھے باپ بھی شریک تھے، ۱۹۲۰؁ء میں دہلی کی آل انڈیا خلافت کانفرنس میں شریک ہوئے جس میں ایک پر جوش نوجوان نے ہجرت کی تجویز پیش کی تھی، اس کے نتیجہ میں اٹھارہ ہزار پختون کابل چلے گئے، اور یہ بھی ایک بڑی جماعت لے کر گئے۔
پختونوں کی مذہبی و معاشرتی اصلاح کے لیے پہلے انجمن اصلاح الافغانیہ کی تشکیل کی، پھر خدائی خدمت گار تنظیم اور افغان جرگہ قائم کیا، ان تحریکوں سے قبائلیوں میں سیاسی بیداری بھی پیدا ہوئی اور پشتو زبان و داب کی ترقی بھی ہوئی، خدائی خدمت گار تنظیم کو پہلے سول نافرمانی کی تحریک سے وابستہ کیا اور پھر اسے کانگریس کی ایک رضاکار شاخ بنادیا، ۳۱؁ء میں وہ گاندھی ارون معاہدے کے تحت گجرات جیل سے رہا ہونے کے بعد کانگریس کے سرگرم کارکن ہوگئے تھے، اسی سال وہ پہلی بار گاندھی جی سے ملے، اس کے بعد ان سے اتنا تعلق بڑھا کہ یہ خود سرحدی گاندھی کہلانے لگے بہشت نگر کے پختونوں نے خاں عبداالغفار خاں کی بے لوث خدمت کی وجہ سے ایک دن مسجد کے پاس جمع ہوکر انہیں اپنا بادشاہ بنالیا، گاندھی جی بھی انھیں شفقت سے بادشاہ خاں کہنے لگے، پھر یہی نام بچے بچے کی زبان پر چڑھ گیا، وہ واقعی پٹھانوں کے بے تاج کے بادشاہ تھے، انھوں نے سرحد کے پٹھانوں جیسے تشدد پسند لوگوں کو امن و عدم تشدد کا خوگر بنادیا، ۳۴؁ء میں انھیں کانگریس کی صدارت پیش کی گئی، تو کہہ کر اسے رد کر دیا کہ ’’میں سپاہی ہوں اور سپاہی کی طرح مرنا چاہتا ہوں ـ‘‘۔
خان عبدالغفار خاں متعدد بار جیل گئے، اور انھوں نے جلا وطنی کی زندگی بھی گذاری، آزادی سے پہلے وہ پندرہ ۱۵ برس جیل میں رہے اور آزادی کے بعد بھی اتنا ہی عرصہ جیل میں گذارا مگر نہ کبھی ان کے عزم و ارادہ میں کوئی تبدیلی آئی اور نہ ملک کی تقسیم اور دو قومی نظریے کو ماننے کے لیے وہ تیار ہوئے اس بارے میں خود کانگریس کے سرکردہ لیڈروں سے ان کا اختلاف رہا، آزادی کے بعد معمولی درجہ کے لیڈر بھی مسند اقتدار پر فائز ہوتے رہے، مگر یہ خدائی خدمت گار اور صف اول کا مجاہد آزادی جیل کی صعوبتیں برداشت کرتا رہا، وہ چاہتا تو اسے ہر قسم کا عیش و آرام مل جاتا، مگر وہ اپنے اصولوں پر اٹل رہا اور جن لوگوں کے ساتھ اس نے زندگی گذاری تھی انھیں بے یار مدد گار چھوڑنا گوارا نہ کیا، آزادی کے بعد وہ چار بار ہندوستان آئے اور ہر بار ان کا نہایت پرجوش خیر مقدم کیا گیا پہلے ’’نہرو امن ایوارڈ‘‘ اور پھر ملک کا سب سے بڑا اعزاز ’’بھارت رتن‘‘ دیا گیا، مگر یہ قدر و منزلت دیکھ کر بھی ان کے دل میں یہاں مستقل رہائش کا خیال نہ ہوا بلکہ وہ ملک میں تشدد، فرقہ پرستی، علاقائیت اور انتشار کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف احتجاج ہی کرتے رہے، کاش ان کی آؤ بھگت کرنے والے ان کے اصولوں کی بھی قدر کرتے، وہ بڑے سچے اور نیک مسلمان تھے، اﷲ ان کی مغفرت فرمائے۔ (ضیاء الدین اصلاحی، فروری ۱۹۸۸ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...