Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > عبدالرحمن خان نشتر ؔ

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

عبدالرحمن خان نشتر ؔ
ARI Id

1676046599977_54338267

Access

Open/Free Access

Pages

478

عبدالرحمن خان نشترؔ
جناب عبدالرحمن خان نشتر کی وفات نے پورے اترپردیش کو سوگوار بنادیا ہے، وہ اس صوبہ کے ایک مقبول اور ہر دلعزیز لیڈر تھے، ان پر دو بار دل کی بیماری کا حملہ ہوچکا تھا، ۷؍ اکتوبر کو بریلی کے ایک مشاعرہ میں نعتیہ کلام سماعت فرما رہے تھے کہ پھر حملہ ہوا اور جاں بحق ہوگئے، اِناﷲِ وَ اِنا اِلَیہ رَاجِعُون، انھوں نے پہلے کان پور میں تجارت شروع کی، پھر قوم و وطن کی خدمت کے لیے اپنی زندگی وقف کردی وہ کانگریس پارٹی کے سرگرم اور مخلص کارکن تھے، مختلف تنظیمی عہدوں پر فائز رہنے کے علاوہ وزیر بھی رہے، اقلیتوں کے مسائل اور قومی یکجہتی کے پروگرام سے دلچسپی کی بناء پر کانگریس کے اقلیتی سیل کے صدر اور ریاستی قومی یکجہتی کونسل کے نائب صدر مقرر کیے گئے، جو بھی عہدہ اور ذمہ داری انھیں سپرد کی جاتی، اسے محنت، قابلیت اور دیانت داری سے انجام دیتے اور نیک نامی حاصل کرتے۔
نشتر صاحب ایک خوش عقیدہ مسلمان اور بزرگان دین کے بڑے متعقد تھے، مزاروں پر بھی حاضری دیتے، صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے، تلاوت قرآن میں ناغہ نہ کرتے، حج کا فریضہ بھی ادا کیا تھا، گزشتہ سال لکھنو کی تقدس حج کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے انھوں نے جو پرمغز اور دلنشین تقریر کی اس سے لوگ بہت متاثر ہوئے، اس سے ان کی گہری مذہبیت کا بھی اندازہ ہوا، مسلمانوں کے مخصوص مسائل سے بھی دلچسپی لیتے اور اس کے لیے جرأت و بے باکی سے آواز بلند کرتے، وہ اپنی نیکی، شرافت، وضعداری اور انسانیت دوستی کی وجہ سے ہر طبقہ میں مقبول تھے، دوسروں کی مدد کرکے خوش ہوتے، بڑے عہدوں پر فائر ہونے کے باوجود عوام سے بھی برابر رابطہ قائم رکھتے، راقم سے ملاقات ہوتی تو بڑے تپاک سے ملتے اور شفقت فرماتے، دارالمصنفین کے بڑے خیرخواہ اور قدردان تھے، جناب سید صباح الدین عبدالرحمن صاحب مرحوم کی وفات کے بعد تعزیت کے لیے یہاں تشریف لاکر بڑے اخلاص اور گہرے تعلق کا ثبوت دیا۔ اﷲ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے، آمین۔ (ضیاء الدین اصلاحی، اکتوبر ۱۹۸۸ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...