Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > رام لعل نابھوی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

رام لعل نابھوی
ARI Id

1676046599977_54338341

Access

Open/Free Access

Pages

550

رام لعل نابھوی
قارئین معارف اور اردو کے شیدائیوں کو جناب رام لعل نابھوی کے انتقال کی خبر سن کر بڑا دکھ ہوگا، وہ ہندوؤں کی اس نسل سے تعلق رکھتے تھے جو اردو کو اپنی زبان اور مسلمانوں سے زیادہ اس پر اپنا حق سمجھتی تھی، وہ کہتے تھے کہ نہ زبان کا کوئی مذہب ہے اور نہ اس پر کسی قوم اور گروہ کی اجارہ داری ہے۔
؂ پروانہ چراغِ دیر و حرم نہ داند
رام لعل صاحب بڑے زود نویس تھے مگر ان کا قلم پختہ اور منجھا ہوا تھا اور وہ موزوں طبع بھی تھے خاکہ و مزاح نگاری میں ان کو زیادہ کمال حاصل تھا لیکن ان کا اصل میدان تلاش و تحقیق تھا، پچھلے کئی برسوں سے معارف میں ان کے مضامین برابر شایع ہورہے تھے، اپنی اس کدو کاوش سے وہ یہ بتانا چاہتے تھے کہ ہندوؤں کے پُرکھوں نے اردو ہی نہیں فارسی اور عربی کی بھی مفید خدمت انجام دی ہے اور مسلمانوں کے بزرگوں کی خدمات برج بھاشا اور سنسکرت میں کم نہیں ہیں۔
ہندو مذہب میں راسخ العقیدگی کے باوجود وہ مسلمانوں سے بغض و نفرت نہیں کرتے تھے، دوسرے شریف ہندوؤں کی طرح انہیں بھی بابری مسجد مسمار کیے جانے پر بڑا دکھ تھا مگر وہ کہتے تھے کہ بعض مسلمانوں نے بھی مندر توڑے ہیں اس لیے ان واقعات کو بار بار دہرانے سے زخم ہرا ہوگا۔
دل میں درد مندی، طبیعت میں شرافت، مروت اور انکسار تھا، ایک بار لکھنؤ میں ملاقات ہوئی تو ان کی ان خوبیوں اور علم و ادب سے شغف و انہماک کا اندازہ ہوا، مجھے لے کر کئی کتب خانوں اور کتابوں کی دوکانوں پر گئے اور جلدی جلدی کچھ نوٹ تیار کیا، اس پر متاسف تھے کہ وقت کی تنگی کی وجہ سے میرے ساتھ ندوہ کا کتب خانہ دیکھنے نہ جاسکے۔
ان کے صاحبزادے امریکہ میں رہتے تھے وہ اپنی ماں کو بھی اپنے ساتھ لیتے گئے صاحبزادی اپنے گھر رہتی تھیں، اصرار کے باوجود ان کے یہاں جانا گوارا نہیں تھا، اپنے گوشۂ عافیت میں بیٹھ کر قرطاس و قلم سے واسطہ رکھتے، پڑھنے لکھنے میں ایسا محو ہو جاتے کہ دن دن بھر کھانے کا خیال نہ ہوتا صحت کب تک ساتھ دیتی آخر کینسر کا مرض جان لیوا ثابت ہوا۔ (ضیاء الدین اصلاحی، اپریل ۱۹۹۵ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...