Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > ڈاکٹر شجاعت علی سندیلوی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

ڈاکٹر شجاعت علی سندیلوی
ARI Id

1676046599977_54338360

Access

Open/Free Access

Pages

570

ڈاکٹر شجاعت علی سندیلوی
دسمبر کے آخری عشرے میں اردو کے ایک بڑے عاشق و مجاہد، اچھے استاد اور صاحب قلم ڈاکٹر شجاعت علی سندیلوی چل بسے۔ وہ ۱۹۱۶؁ء میں اودھ کے مشہور قصبہ سندیلہ کے ایک علمی خانوادے میں پیدا ہوئے، ان کے والد مولوی عنایت علی صدیقی بھی ذی علم شخص تھے۔
شجاعت صاحب کا اصل مشغلہ درس و تدریس تھا۔ ممتاز ڈگری کالج اور لکھنو یونیورسٹی میں اردو کی تدریسی خدمات دے کر سبکدوش ہوئے تو اپنے گھر پر اور اردو اکاومی میں طلبہ کو اردو پڑھاتے رہے۔
انہوں نے ’’حالی بحیثیت شاعر‘‘ کے عنوان سے تحقیقی مقالہ لکھ کر پی۔ایچ۔ڈی کی ڈگری لی، ان کا یہ مقالہ کتابی صورت میں چھپ کر مقبول ہوچکا ہے جو حالی پر مستند اور معیاری کام ہے، اس کے علاوہ بھی متعدد ادبی، تنقیدی اور تحقیقی کتابیں یادگار چھوڑیں۔ اردو اور ہندی کی بعض نصابی کتابیں بھی ترتیب دیں۔ وہ اردو کی مختلف تنظیموں سے وابستہ تھے۔ انجمن ترقی اردو اور اترپردیش انجمن اساتذہ اردو کے سرگرم ممبر تھے۔ ادارہ فروغ اردو سے ان کا گہرا تعلق تھا۔ اس کے ماہانہ رسالہ فروغ اردو کے خاص نمبروں کی ترتیب و تدوین میں ان کا بھی حصہ تھا۔
مرحوم اودھ کی روایتی شرافت، وضع داری، تواضع اور اخلاق کا نمونہ اور بڑی پاکیزہ اور دلکش شخصیت کے حامل تھے، راقم کو ان سے دو ایک بار ہی ملنے کا اتفاق ہوا مگر ان کے خلوص، انکسار، شرافت اور شائستگی کا نقش اب تک دل میں بیٹھا ہوا ہے۔
اردو کے اس بحرانی دور میں اس کے ایسے مخلص اور سراپا عمل خدمت گزار کا اٹھ جانا بڑا حادثہ ہے، اﷲ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور ان کے پس ماندگان خصوصاً چھوٹے بھائی شفاعت علی صدیقی صاحب کو صبر و شکیب عطا فرمائے۔ یہ سطریں تحریر کی جاچکی تھیں کہ شفاعت صاحب پر بھی شدید قلبی دورہ کی خبر ملی، اﷲ تعالیٰ انہیں صحت یاب کرے، آمین۔ (ضیاء الدین اصلاحی، جنوری ۱۹۹۷ء)

 
Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...