Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > ڈاکٹر حامد اﷲ ندوی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

ڈاکٹر حامد اﷲ ندوی
ARI Id

1676046599977_54338411

Access

Open/Free Access

Pages

614

ڈاکٹر حامد اﷲ ندوی
ڈاکٹر حامد اﷲ ندوی کے انتقال کی افسوس ناک خبر تاخیر سے ملی، انہوں نے ۱۹؍ اکتوبر ۹۹؁ء کو سنگاپور میں داعی اجل کو لبیک کہا، ان کا وطن تامل ناڈو کی مشہور ریاست آرکوٹ (نارتھ) کا ایک قصبہ چروتاپور تھا۔ یہیں وہ ۱۹۲۵؁ء میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد دارالعلوم ندوۃ العلماء میں داخلہ لیا، ندوہ سے فراغت کے بعد پونے یونیورسٹی سے فارسی اور اردو میں ایم۔اے کیا۔
درس و تدریس کا آغاز بمبئی کے مشہور تعلیمی ادارے انجمن اسلام سے ہوا، اس کے ریسرچ سنٹر سے بھی وابستہ رہے اور عرصہ تک مہاتما گاندھی میموریل سنٹر کی ہندوستانی پرچار سبھا سے منسلک رہے، جس کے ڈائریکٹر پروفیسر عبدالستار دلوی تھے۔ اسی زمانے میں ہمارے سابق رفیق مولانا عبدالرحمن پرواز اصلاحی کا تعلق بھی اس سینٹر سے تھا، انہی کے ہم راہ راقم نے پہلی بار ان دونوں حضرات سے ملاقات کا شرف حاصل کیا، دونوں دارالمصنفین کے بڑے قدرداں اور خیر خواہ تھے اس لیے مجھ سے بڑے اخلاص، محبت اور گرم جوشی سے ملے اور توقع سے زیادہ میری پذیرائی کی۔
آخر میں ڈاکٹر حامد اﷲ ندوی کا تعلق بمبئی یونیورسٹی کے شعبہ عربی سے ہوگیا، اس سے وظیفہ یاب ہونے کے بعد بمبئی کی ہنگامہ خیز زندگی سے الگ رہ کر وہ خاموشی سے علمی، ادبی اور تحقیقی کاموں میں مشغول رہتے تھے جس سے ان کو بڑا شغف تھا۔ تحریر و تصنیف کا بھی اچھا ذوق اور خاص سلیقہ تھا جس کا ثبوت ان کی تصنیفات ہیں جو تلاش، تحقیق اور محنت و جستجو سے لکھی گئی ہیں۔
ان کی کتاب ’’لکھنؤ کی لسانی خدمات‘‘ شایع ہوئی تو علمی حلقوں میں اس کی بڑی پذیرائی ہوئی، دوسری کتابیں ’’اردو کی چند نایاب مثنویاں‘‘ اردو کے چند نامور ادیب اور شاعر ’’ہندوستان اور مشرق وسطیٰ کے تجارتی تعلقات‘‘ اور ’’کتب خانہ جامع مسجد بمبئی کے اردو مخطوطات‘‘ بھی ان کی تلاش و تفحص کا نتیجہ ہیں۔ حال ہی میں ان کی کتاب ’’انجمن کے چند روشن چراغ‘‘ شایع ہوئی تو بمبئی کے علمی و ادبی حلقوں میں اس کو پسند کیا گیا۔
ڈاکٹر حامد اﷲ متین، سبخیدہ اور خاموش طبع شخص تھے، اپنے کام سے سر و کار رکھتے، دوسروں کا شکوہ و شکایت نہ کرتے، ان کی وفات سے اردو اپنے ایک عاشق و شیدائی اور لایق عالم و محقق سے محروم ہوگئی، اﷲ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس نصیب کرے اور اعزہ و متعلقین کو صبر و قرار بخشے، آمین! (ضیاء الدین اصلاحی، جنوری ۲۰۰۰ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...