Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > ریاض الدین احمد

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

ریاض الدین احمد
ARI Id

1676046599977_54338419

Access

Open/Free Access

Pages

624

ریاض الدین احمد
علمی اور تعلیمی حلقوں میں جناب ریاض احمد صاحب کی وفات سے جو خلا ہوا ہے اس قحط الرجاں میں اس کا پرُ ہونا مشکل ہے۔ ان کا اصل وطن غازی پور تھا۔ لیکن وہ الٰہ آباد میں متوطن ہوگئے تھے۔ انہوں نے مجیدیہ اسلامیہ انٹر کالج کے نیک نام اور کامیاب پرنسپل کی حیثیت سے بڑی شہرت و عزت حاصل کی وہ طلبہ کی ذہنی و دماغی اور علمی تربیت بڑی دلسوزی سے کرتے تھے، ان کے زمانے میں کالج کا معیار تعلیم بہت بلند تھا، ان سے فیض حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد بے شمار ہے۔
ریاض الدین احمد صاحب کا خاص مشغلہ درس و تدریس تھا لیکن انہیں علم سے شغف اور تحریر و تصنیف کا اچھا ذوق تھا، طلبہ کی درسیات کے لیے متعدد کتابیں لکھیں جو مقبول ہوئیں، سائنس ان کا خاص موضوع تھا، اس پر جو کتابیں لکھیں وہ مدارس کے طلبہ کے لئے خاص طور پر مفید ہیں، قرآن مجید کے درس و تعلیم کا اچھا منصوبہ بنایا تھا۔ ان میں بڑی دینی و ملی غیرت تھی، مسلمان بچوں کو اپنے عقیدہ و مذہب پر استوار اور ملی شناخت باقی رکھنے کے لیے انہوں نے ایمانی پرائمر وغیرہ کے نام سے کئی مفید کتابیں لکھیں۔
قدرت نے انہیں درد مند دل اور بے چین طبیعت عطا کی تھی، وہ قوم و ملت کی فلاح کے ہر کام میں پیش پیش اور مسلمانوں کی ترقی و سر بلندی کے لیے برابر فکرمند رہتے مجلس مشاورت اور دینی تعلیمی کونسل سے شروع ہی سے وابستہ رہے، دینی تعلیمی کونسل کے جلسوں اور کانفرنسوں میں دلچسپی سے شریک ہوتے تھے، ایک دفعہ اس کی ایک بڑی کانفرنس اعظم گڑھ میں ان کی صدارت میں ہوئی، ان کا خطبہ صدارت اور قاضی محمد عدیل عباسی کی اہم تقریر کو لوگوں نے بہت پسند کیا۔ وہ اقلیتی تعلیمی اداروں کی ایسوسی ایشن کے عرصے تک جنرل سکریٹری رہے اور اب اس کے نائب صدر تھے۔
مرحوم کی عمر نوے ۹۰ برس کی تھی، ان کے ایک بیٹے ڈاکٹر انور عبداﷲ امریکہ میں تھے جن کے یہاں آتے جاتے رہتے تھے، ادھر چند ماہ سے ان کے پاس امریکہ کے شہر رچمنڈ میں مقیم تھے، وہیں ۱۵؍ فروری ۲۰۰۱؁ء کو داعی اجل کا پیغام آگیا اور دین و ملت کا یہ بے لوث خادم ہمیشہ کے لیے رخصت ہوگیا اﷲ تعالیٰ غریقِ رحمت کرے اور اعزہ و متعلقین کو صبر و شکیب عطا کرے۔ آمین!! (ضیاء الدین اصلاحی، اپریل ۲۰۰۱ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...