Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > علامہ محمد بن صالح العثیمین

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

علامہ محمد بن صالح العثیمین
ARI Id

1676046599977_54338423

Access

Open/Free Access

Pages

627

علامہ محمد بن صالح العثیمین
پچھلی صدی عیسوی کا اختتام عالم اسلام کی متعدد مایہ ناز شخصیات کی المناک وفات پر ہوا تھا، علامہ عبدالعزیز بن باز، مولانا سید ابوالحسن علی ندوی، شیخ ناصرالدین البانی اور شیخ محمد عمر فلاتہ جیسے آسمان علم و فضل کے آفتاب و ماہتاب اس کے کہر میں چھپ گئے تھے۔ اب اس صدی کا آغاز بھی ایک متواضع، منکسر المزاج اور درویش عالم کی اندوہ ناک وفات سے ہوا، جو علمی حلقوں میں ابن عیثمین کے نام سے مشہور و متعارف تھے۔
مرحوم سعودی عرب کے ایک قدیم معزز خاندان کے چشم و چراغ تھے، صوبہ قصیم کے شہر عنیزہ میں ان کی ولادت ہوئی، شیخ عبدالرحمن السعدی اور مشہور مفسر شیخ محمد امین شنقیطی سے اکتساب فیض کیا، شیخ السعدی ان کے ہم وطن اور ان کے ابتدائی استاد تھے اس لیے وہ ان سے زیادہ متاثر ہوئے اور ان کے انتقال کے بعد ان کے علمی جانشین مقرر ہوئے۔
مدۃالعمر عنیزہ میں تدریس، وعظ و ارشاد اور تصنیفِ رسائل میں مشغول و منہمک رہے، سعودی عرب میں شیخ ابن باز کے انتقال کے بعد علماء اور طلبہ علوم دینیہ کا مرکز وہی بن گئے تھے مگر شیخ ابن باز کی جدائی ان کو گوارا نہ ہوئی، ان کی وفات کو ابھی دو برس بھی نہیں گزرے تھے کہ شیخ عثیمین نے بھی رختِ سفر باندھا اور ان سے افادہ و استفادہ کا سلسلہ موقوف ہوگیا۔
جدہ کے ایک اسپتال میں ان کا انتقال ہوا، مکہ مکرمہ میں ان کی نماز جنازہ پڑھی گئی اور مقبرہ العدل میں شیخ ابن باز کے پہلو میں مدفون ہوئے۔ تقریباً پانچ لاکھ نفوس نے ان کے جنازہ کی مشایعت کی جن میں سربراہان مملکت بھی شامل تھے جو ان کی مقبولیت کا بین ثبوت ہے۔
علامہ مرحوم بڑے خلیق، متواضع اور سادگی پسند شخص تھے، انہوں نے کبھی بھی دنیا کی آرائش و زیبائش کی طرف مڑکر نہیں دیکھا ہمیشہ درس و تدریس، وعظ و افتاء اور تصنیف و تالیف سے سروکار رکھا، سرکاری مناصب کی پیشکش بھی ہوئی تو انہوں نے اپنے محبوب مشغلہ تدریس سے جدا ہونا پسند نہیں کیا، ان کی وفات صرف ایک ملک کا سانحہ نہیں ہے بلکہ پوری دنیائے علم کا ناقابل تلافی خسارہ ہے، مشغلہ اﷲ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، آمین!!
(عارف عمری، مئی ۲۰۰۱ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...