Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > ڈاکٹر عبدالرب عرفان

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

ڈاکٹر عبدالرب عرفان
ARI Id

1676046599977_54338425

Access

Open/Free Access

Pages

628

آہ ڈاکٹر عبدالرّب عرفان!
قارئین معارف کو یہ سن کر بڑا افسوس ہوگا کہ ڈاکٹر عبدالرب عرفان ۳۰؍ اپریل کو انتقال کرگئے، وہ معارف کے بڑے قدر دانوں اور خاص مضمون نگار اور دارالمصنفین شبلی اکیڈمی سے گہرا تعلق رکھتے تھے، اردو، فارسی کے عالم اور ان زبانوں کی ادبیات کی تاریخ سے اچھی واقفیت رکھتے تھے، ہندوستان کے عہد اسلامی کی تاریخ پر ان کی نظر تھی، اس عہد کے سلاطین و مشائخ اور علماء و فضلاء کے حالات و تراجم سے ان کو بڑی دلچسپی تھی اور اس پر ان کے مضامین ملک کے بلند پایہ رسالوں میں شائع ہوتے تھے مگر معارف پر ان کی نظر عنایت زیادہ تھی۔ اس شمارے میں بھی ان کا ایک مضمون شامل ہے اور ابھی دو ایک اور مضامین میری فائل میں ہوں گے۔
میری ان کی ملاقات کبھی نہیں ہوئی مگر خط و کتابت رہتی تھی، ان کے خطوط سے اندازہ ہوتا تھا کہ ان کے دل میں میری کتنی قدر و محبت اور معارف سے ان کو کیسا والہانہ لگاؤ تھا۔ مجھے ان کے حالات زندگی سے کوئی واقفیت نہیں تھی ان کے ایک ہم وطن جناب فیروز حیدری کے خط سے معلوم ہوا کہ انہوں نے کامٹی کے ایم۔ایم ربانی ہائی اسکول سے میٹرک کا امتحان امتیازی نمبر سے پاس کیا تھا۔ اور مارس کالج ناگپور سے بی۔اے کیا تھا۔ پھر فارسی زبان و ادب میں ایم۔اے میں امتیازی نمبر ہی نہیں بلکہ گولڈ میڈل کے بھی حق دار قرار پائے تھے، ۱۹۶۱؁ء میں ودبھ مہاودیالیہ امراؤتی میں فارسی کے استاد کی حیثیت سے ان کا تقرر ہوا اور بہت جلد شعبہ فارسی کے صدر بنائے گئے، ۱۹۸۲؁ء میں ان کا تبادلہ ناگپور میں وسنت راؤناٹک گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز (سابق مارس کالج) ہوگیا۔ ڈاکٹر عبدالرب عرفان طبعاً شریف، سادہ مزاج، صاف گو، مخلص اور کم آمیز تھے، ان میں کبر و غرور کا شائبہ نہ تھا۔ مرحوم کی عمر ۶۵ برس رہی ہوگی، قلب کی بیماری پہلے سے تھی اور یہی جان لیوا ثابت ہوئی، اﷲ تعالیٰ بشری لغزشوں سے درگزر فرمائے اور اپنی رحمت کاملہ سے نوازے، آمین!! (ضیاء الدین اصلاحی، جون ۲۰۰۱ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...