Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

والی آسی
ARI Id

1676046599977_54338438

Access

Open/Free Access

Pages

646

والیؔ آسی
۱۴؍ اپریل کو اردو کے ایک خوش گو اور خوش فکر شاعر والی آسی کا انتقال ہوگیا، انہیں شاعری اور اردو زبان کی خدمت کا ولولہ اپنے نامور والد، مولانا عبدالباری آسی مرحوم سے وارثت میں ملا تھا۔ والی مرحوم کی تعلیم ممتاز اسکول اور امیر الدولہ اسلامیہ کالج لکھنؤ میں ہوئی تھی۔ جناب ساجد لکھنوی سے ان کی دوستی تھی، دونوں نے لاٹوش روڈ پر مکتبہ دین و دنیا قائم کیا، جہاں سے متعدد مجموعے شائع کئے، دونوں نے مل کر نعتیہ کلام کا ایک مجموعہ " ارمغانِ نعت" کے نام سے مرتب کر کے شائع کیا تھا، جو بہت مقبول ہوا۔
والی مرحوم شریف، ملنسار مگر خود دار شخص تھے، صوم و صلوٰۃ کے پابند تھے ان کی شاعری فکر و خیال کی مہارت اور اسلامی رنگ کی حامل ہوتی تھی، ان کے دو مجموعے ’’شہد‘‘ اور ’’موم‘‘ کے نام سے شائع ہوچکے ہیں، رسالوں میں بھی ان کا کلام چھپتا رہتا تھا، مشاعروں میں بھی شریک ہوتے تھے، ان کا ترنم بہت اچھا تھا مگر اکثر تحت اللفظ پڑھتے تھے، آواز اتنی پاٹ دار ہوتی تھی کہ سامعین خود بہ خود متوجہ ہوجاتے تھے، اپنے جان دار کلام کی وجہ سے ملک کے علاوہ دوحہ، قطر، مسقط، جدہ، دبئی، لندن، اور نیویارک کے مشاعروں میں بھی مدعو کئے جاتے تھے، ان کے شاگردوں کا وسیع حلقہ تھا، جن میں مشہور شاعر منور رانا بھی ہیں، وہ بڑے یار باش تھے، امین آباد میں ان کی دکان پر دوست شاعروں کا جمگھٹ رہتا تھا۔ ان کے چند اشعار ملاحظہ ہوں، جو آزادی کے پچاس ۵۰ برس گزرنے کی مناسبت سے کہے گئے ہیں:
کبھی کیا نہ کسی سے بیاں پچاس برس
کہ ہم نے کیسے گزارے یہاں پچاس برس
یہ چاہتے تھے قصیدہ ترا لکھیں لیکن
لہو میں ڈوبی رہیں انگلیاں پچاس برس
درخت کاٹے گئے اور سر بھی کاٹے گئے
مگر کھلی نہ کسی کی زباں پچاس برس
خود اپنی جان بچانے کی چکر ہی میں رہے
ڈرے ڈرے سے میرے پاسباں پچاس برس
اﷲ تعالیٰ انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور اعزہ کو صبر جمیل مرحمت فرمائے۔ (ضیاء الدین اصلاحی، مئی ۲۰۰۲ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...