Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > وفیات معارف > محتشم عبدالغنی

وفیات معارف |
قرطاس
وفیات معارف

محتشم عبدالغنی
ARI Id

1676046599977_54338507

Access

Open/Free Access

Pages

748

محتشم عبدالغنی مرحوم
جناب محتشم عبدالغنی مرحوم کا تعلق سرزمین بھٹکل سے ہے، ہندوستان کے مغربی ساحل پر بحر عرب کی موجوں کی بے تابی، نمی، خنکی، گہرائی اور گیرائی کے ہمہ وقت نظارے میں محو، بھٹکل کی یہ ساحلی زمین، مردم خیز رہی ہے، جناب محتشم عبدالغنی بھی اپنی دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کی وجہ سے بھٹکل کے قابل فخر فرزند تھے، نام و نمود سے دور رہنے اور خموشی کو ترجیح دینے اور تجارت میں مصروف رہنے کے باوجود ان کی ملت کے لیے دل سوزی اور مقاصد کے مطلوب سرمستی ورعنائی نے ان کو بڑی مقبولیت عطا کی تھی، دارالعلوم ندوۃالعلما کی مجلس انتظامیہ اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے وہ رکن اساسی تھے، مسلم یونی ورسٹی علی گڑھ کی کورٹ کے معزز ممبر بھی تھے، قوم و ملت کے اداروں کے لیے فکر مند اور عملاً ان کی بہود و ترقی کے لیے کوشاں رہے لیکن ان کی جدوجہد، ایثار و قربانی کا سب سے حسین مرقع بھٹکل بلکہ گواسے کیرلا تک پورا مغربی ساحل ہے، دینی، اخلاقی، تعلیمی، تجارتی اور سیاسی لحاظ سے یہ پورا خطہ دوسروں کے لیے قابل تقلید ہے، وہاں کے مسلمانوں کی اس بیداری میں بے شبہ محتشم عبدالغنی مرحوم کی خدمات سب سے نمایاں ہیں، بھٹکل میں ان کو قائد قوم کہا جاتا تھا، حق یہ ہے کہ ان کی قیادت کی ضرورت پوری ملت اسلامیہ ہندیہ کو تھی۔
راقم الحروف کو ان کی خدمت میں حاضر ہونے کا موقع ملا، جسمانی لحاظ سے وہ قد آور اور وجیہ و شکیل تھے، دل بھی اتنا ہی پاک اور شفاف تھا، گفتگو کی دل کشی ان کے لہجے کی معصومیت سے اور سوا ہوجاتی تھی، وہ مولانا سید ابوالحسن علی ندوی کے بڑے عقیدت مند تھے اور اسی عقیدت کی وجہ سے دارالعلوم ندوۃالعلما سے جذباتی تعلق تھا، درارلمصنفین کے بھی بڑے قدرداں تھے، یہاں کے احوال و مسائل سنے تو ترپ اٹھے اور اب اس کے استحکام کے لیے فکرمند تھے، یہاں آنے کی خواہش بھی ظاہر کی، افسوس کہ یہ آرزو پوری نہ ہوئی اور انہوں نے آخری رخت سفر باندھ لیا، ۲۷؍ مارچ کو عمر مستعار کے قریب ۷۳ سال اس دنیائے فانی میں گزار کر وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے، اﷲ تعالیٰ جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے، آمین۔ ( عمیر الصدیق دریابادی ندوی ، جون ۲۰۰۸ء)

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...