Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > تاریخ ادبیات سیالکوٹ > ڈاکٹر نصیر احمد اسد - یار من

تاریخ ادبیات سیالکوٹ |
Asian Research Index
تاریخ ادبیات سیالکوٹ

ڈاکٹر نصیر احمد اسد - یار من
Authors

ARI Id

1688382102443_56116051

Access

Open/Free Access

Pages

15

ڈاکٹر نصیر احمد اسد کی کتاب آ پ کے ہاتھوں میں ہے پڑھ کے خود ہی فیصلہ کر لیجیے گا،مجھے کتاب سے زیادہ صاحب کتاب پر بات کرنی ہے کہ میں نے اپنی زندگی کے بہت سے شب و روز نصیر کے ساتھ گزارے ہیں۔ ایم فل میں داخلہ اس کا سبب بنا۔ سرگودھا یونیورسٹی میں کلاس کا آ غا ز ہوا تو زندگی کا ایک نیا باب شروع ہوا۔ طارق کلیم ہمارا کلاس سی آ ر بھی تھا اور راجہ اندر بھی۔ محفلیں جمانا، خوش گپیاں کرنا اور ٹک کر نہ بیٹھنا طارق کلیم کی مٹی میں گندھے ہوئے تھے دو چار کے ساتھ نہیں بلکہ پوری کلاس کو ساتھ لے کر کنٹین کے ساتھ اس لان میں بیٹھنا جہاں ڈاکٹر طاہر تونسوی کی نظر بھی پڑ جاتی۔ عجیب دن تھے میری مردہ نسوں میں زندگی پھر سے دوڑنے لگی تھی۔ اس اثنا میں جن لوگوں سے قربت ہوئی ان میں نصیر اسد بھی تھا سوٹڈ بوٹڈ، باریش، زودگو اور صاف دل بھولا بھالا نصیر اسد جس میں لڑکپن کی بے فکری اور ادھیڑ عمری کی سنجیدگی باہم پیکار میں تھیں۔ اسے تعلیم کی بہت فکر تھی میری کم گوئی کو اس نے لیاقت جان لیا اور گوندل ہاسٹل میں میرے پاس آنے لگا مل کر پڑھتے،مل کر کھاتے پیتے اور مل کر یونیورسٹی جاتے۔ اس کے پاس ایک سائیکل تھی جس پر سوار ہو کر ہم یونیورسٹی جاتے ڈرائیور عام طور پر نصیر اسد ہوتا۔ وقت گزرتا رہا دوستی پروان چڑھتی رہی اور یوں بلآخر ہمارا ایم فل ہو گیا۔ پھر استاد محترم ڈاکٹر سید عامر سہیل صاحب اور طارق کلیم کے اکسانے پر ہم پی ایچ ڈی میں داخلے کے لیے بغیر تیاری کے ٹیسٹ میں جا بیٹھے۔ پرا نے کلاس فیلوز میں سے پانچ لوگ تھے جن کا داخلہ ہوا۔ ان میں طارق کلیم،نصیر اسد، عابدہ نسیم، مہر نصیر احمد اور راقم شامل تھے۔ اس بار کالج سے چھٹی نہیں مل سکی تھی اس لیے ہاسٹل نہیں رکھا۔ کالج میں کلاسز لے کر یونیورسٹی پہنچتے اور کلاسز اٹینڈ کر کے طارق کلیم کے مہمان بن جاتے۔ ایسا میزبان زندگی میں نہ دیکھا نہ سنا۔ امتحانوں کی تیاری بھی طارق کلیم کے گھر میں بیٹھ کے ہوتی۔ یوں میں اور نصیر اسد اچھے دوست بن گئے اور یہ سلسلہ تا حال برقرار ہے۔ یہ اعتراف کرنے میں کوئی باک نہیں کہ تحقیقی کام کے حوالے سے نصیر اسد مجھ سے زیادہ سنجیدہ اور محنتی ہے۔ اسے دیکھ کر ہمیں بھی تحریک ہوتی تھی یوں فطری سستی سے واقع ہونے والی کمی اس رقابت میں دور ہو جاتی کہ وہ کام کر رہا ہے تو میں کیوں نہ کروں۔ لشتم پشتم کام مکمل بھی ہو گیا تاہم تحقیق و تنقید کا ذوق ڈگری سے آ گے نہ بڑھ سکا۔ تاہم نصیر اسد پی ایچ ڈی اردو کی تکمیل کے بعد بہت سرگرم ہوگیا۔ ’’تاریخ ادبیات سیالکوٹ‘‘ جیسی ایک ضخیم ادبی تاریخ، پنجاب لٹریری فورم کا قیام،’’نقش فریادی‘‘ ادبی جریدے کا اجرا، مختلف علمی و ادبی پروگراموں میں شرکت اور اب اپنے تحقیقی کام کو چھپوانے کا مرحلہ ہمیشہ اسے مصروف کار دیکھا۔

           وہ داغ دہلوی کے ایک شاگرد رشید شجر طہر انی کا کلیات بھی مرتب کر رہے ہیں جو چوبیس مسودات پر مشتمل ہے۔

          نصیر اسد بات چیت اور گپ شپ میں بہت بھولا بھالا ہے۔ کبھی کبھی بچوں جیسی باتیں کر جاتا ہے شاید اسی لیے ہمارے ایک کلاس فیلو اور دوست افتخار عاکف(معروف شاعر) نے ایم فل کے دوران کہا تھا کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ جو ڈگری مجھے ملنی ہے وہی نصیر اسد کو بھی ملنی ہے۔ یہ طنز بہت مقبول ہوا تاہم حسن اتفاق دیکھیے کہ نصیر اسد نے ایم فل افتخار سے بہت پہلے مکمل کر لی اور پی ایچ ڈی اردو میں بھی دا خلہ ہو گیا۔ اس کی باتوں کی عمومیت سے لگتا نہیں تھا کہ وہ تحقیق کے میدان میں از خود دوڑے گا تاہم وہ دوڑا اور اس نے سندی تحقیق کے بعد بھی اسے جاری رکھا جس کا ثبوت وہ تحقیقی مضامین ہیں جو مختلف ریسرچ جرنلز میں شائع ہو چکے ہیں۔نصیر اسد شاعری بھی کر لیتا ہے میرے خیال میں ہم دوستوں میں سے وقت کا بہترین استعمال یا تو ڈاکٹر طارق کلیم نے کیا ہے کہ اپنے من پسند سیاست کے میدان کا شہ سوار بنایا پھر ڈاکٹر نصیر احمد اسد نے کہ تحقیق کو محض سند تک نہیں رکھا بلکہ مسلسل مصروف کار ہے۔ نصیر احمد اسد کی ایک خوبی یہ ہے کہ وہ جس کام کی ٹھان لیتا ہے اسے کر کے رہتا ہے۔

          ایسا پرعزم آ دمی زیادہ دیر منزل سے دور نہیں رہتا۔ مجھے امید ہے کہ وہ محقق کے طور پر اپنی الگ پہچان بنانے میں کامیاب ہو گا اور اس کا یہ تحقیقی سفر تسلسل سے جاری رہے گا۔ سیالکوٹ کے حوالے سے جو کام نصیر احمد اسد نے کیا ہے وہ سیالکوٹ کے ادبی افق کا احاطہ کرتا ہے اور ارض اقبال کے ادبی وقار میں اضافے کا باعث ہو گا۔ انشاء اﷲ

پروفیسر ڈاکٹر احمد عبدﷲ قمر

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...