Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > گردشِ خاک > ۳۹۔ آتم کتھا

گردشِ خاک |
حسنِ ادب
گردشِ خاک

۳۹۔ آتم کتھا
ARI Id

1688708536651_56116625

Access

Open/Free Access

Pages

۱۰۱

آتم کتھا

وہ مجھ سے اس وقت بچھڑا تھا

جب آنکھوں کے سیپ خوابوں کے موتیوں کوترستے تھے

جب جسم و جاںپر رنگِ بہار نہیں چڑھا تھا

جب روح احساسِ کرب سے نا آشنا تھی

زندگی کی حقیقت کا ادراک نہیں تھا

کوئی دوست تھا نہ دشمن

اب میرے پاس سب کچھ ہے

یادیں ،محرومیاں ،اذیتیں

کیسے انمول کھلونے ہیں

مگر افسوس بے فکری کی دولت چھن گئی

میرا تواب بھی کوئی دوست نہیں

آسودگی اور ناآسودگی خدا کی کیسی دین ہے

خود کشی بھی بیزاری میں ڈھلتی جا رہی ہے

مجھے ایام ِ گزشتہ میں سے کچھ بھی یاد نہیں

جز صدائوں کے اس سیلاب کے

جو نیم کے سائے سے یکبارگی بہہ نکلا

میری ہر خوشی بہا لے گیا

تب سے دل کے در و دیوار خستہ پڑے ہیں

اب بھی اسی دیوارِ گریہ پر

اذیت کے فریموں میں لمحات کی چند ٹوٹی پھوٹی تصویریں سجی ہیں

میری آنکھوں کی تہوں میں خواب انگڑائیاں لینے لگے ہیں

سنا ہے بچھڑے لوگ خواب میں ملنے آتے ہیں

میں اسی امید پر ہر رات

 آنکھوں کے گھائل در بند کر لیتا ہوں

شاید وہ ازل کا مسافر

کبھی راستہ بھول کر میر ے پاس آ نکلے

مگر ایسا کبھی نہ ہوا

میں رات کی طویل پگڈنڈی پر

پلکوں پہ انتظار کے دیے جلائے منتظر ہوں

سیاہ آسمان میں سرمئی بادل تیر رہے ہیں

جن سے آج تک کوئی ایسی بوند نہ ٹپکی

جس نے خامشی کی کوکھ میں آواز بن کر جنم لیا ہو

کسی برگِ گل کو رعنائی بخشی ہو

ہر طرف خارِ پریشاں گریہ زاری کر رہے ہیں

اچانک سورج کی کرنیںپلکوں کا در کھٹکٹاتی ہیں

 میں خود کو دن کے دشت میں پڑا پاتا ہوں

جس میں قدم قدم پر سراب ہیں

 سارا دن اس جلتے دشت میں چلتا ہوں 

یادوں کی کرنیں تیروں کی طرح برستی ہیں

شام کی مہجور چو کھٹ پر پہنچ جاتا ہوں

جہاں اداسی کا دھواں مجھ میں در آتا ہے

میں چارو ناچار آنکھوں کے شکستہ در بند کر کے

رات کی طویل پگڈنڈی پررینگنے لگتا ہوں

نیم کا نیم برہنہ پیڑ

سراسیمگی کے عالم میں مجھے حیرت سے تکتا ہے

یہیں سے آخری بار شورِ حزیں اٹھا تھا،جس نے

نیم کی کرواہٹ رگ و پے میں اتار دی ہے

اور لبوں پہ مسکراہٹ اُگ آئی ہے

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...