Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > گردشِ خاک > ۴۰۔ کاروانِ زنبور

گردشِ خاک |
حسنِ ادب
گردشِ خاک

۴۰۔ کاروانِ زنبور
ARI Id

1688708536651_56116626

Access

Open/Free Access

Pages

۱۰۴

کاروانِ زنبور

یہ کاروانِ زنبور ازل سے محوِ سفر ہے

اس عظیم جد و جہد پرطویل مسافتیں بھی حیران ہیں

جس نے اپنے لہو رنگ پرچموں سے

نیلے آسماں کو چرخِ احمر میں بدل ڈالا

 سرد راتوں میںخونیں انقلاب کے چراغ جلائے

یہ کاروانِ زنبور

کاندھوں پر اہرامِ مصر اٹھائے

دشت کی وسعتیںناپتا

کوہساروں کی بلند یاں کاٹتا

دریائوں کے دل چیرتا ہوا

 رگوں میں بہتے سرخ خون کا لاوا لیے

 کوہ قاف کے برفیلے راستے پگھلا تا

صحارا کی چلچلاتی دھوپ چاٹتا

دیوارِ چین روندتا

شاہراہِ ریشم پہ پھسلتا ہوامہکتے گلزاروں کی وادی میں اترتا ہے

یہ کاروانِ زنبورستارۂ صبح کے ساتھ طلوع ہوتا ہے

دشتِ معیشت میں گھومتا ہوا

تھک ہار کر رات کی دہلیز پہ آ گرتا ہے

وادیٔ گل میں جب ایامِ عشرت آتے ہیں

خانۂ زنبور سے قطراتِ انگبیں ٹپکتے ہیں

نتھنوں میں خراج کا دھواں داخل ہوتا ہے

خوابیدہ زنبورتڑپتے ہوئے زمین پر گرتے ہیں

وحشی درندے زنبوروں کا جسم نوچتے

قطراتِ انگبیںچرانے پہنچ جاتے ہیں

نوکیلے پنجوں سے نازک گھروندوں کو پامال کرتے ہوئے

یہ درندے لوٹ جاتے ہیں

یہ ایک دیرینہ تسلسل ہے

شاہی ٹکڑوں پہ پلتی ہوئی ضعیف تاریخ گواہ ہے

جو ہمیشہ سے مغرب کے سایہ ٔ آسیب میں ہے

ایشیا کے حریص و ناتواںاذہان

 افرنگی دیوں کے سحر میں جکڑے ہوئے ہیں

یہ قانونِ شہرِ یزداں نہیں

جو پہاڑ کاٹ کر جوئے شیر نکالے

وہ جرعۂ آب کو بھی ترستا رہے

جن سے سفرۂ طعام کی سب لذتیں ہیں

وہ پارچۂ نانِ جویںکو تکتے رہیں

نجانے یعسوب الوقت کیوں بے خبر ہے

ان اہرمنی بھڑوں کی ڈار سے

جو اعلیٰ مسندوں پر ڈنک نکالے انتظار میں ہیں

کب اِن کاڈنک کار گر ہو

تا کہ ایامِ عشرت گزر سکیں

حریص حشرات اکثر ان کا رزق بنتے ہیں

مگر ایامِ زوال میں

یہ کالے دھن سے پلے ہوئے اہرمن

ٹھٹھرتے ہوئے توند کے بل زمین پر گرتے ہیں

کچھ مکڑیوں کے شیش محل میں جاگرتے ہیں

بھوک کے مارے نحیف حشرات

ان کی میتیں اٹھائے دھوم مچاتے ہیں

مگر اس بات سے بے خبر

کہ بھڑوں کی نئی نسل انھیں ڈسنے کو تیار بیٹھی ہے

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...