Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > گردشِ خاک > ۴۵۔ دروازہ

گردشِ خاک |
حسنِ ادب
گردشِ خاک

۴۵۔ دروازہ
ARI Id

1688708536651_56116631

Access

Open/Free Access

Pages

۱۱۷

دروازہ

دہلیز پہ بیٹھی ایک بڑھیا چہرے کی جھریاں سہلا رہی تھی

اس کی دھندلائی آنکھیں بیتے دنوں پہ نوحہ کناں تھیں

جیسے یادوں کی آگ آنسوئوں سے بجھا رہی ہو

نحیف ہاتھوں میں وقت کا تحفہ تھامے

ڈھلکتے آنچل سے بے خبر نجانے کن دنیائوں میں گم تھی

اپنی صدا سے دور کئی صدائوں میں گم

دھندلی آنکھوں سے ماضی میں جھانک رہی تھی

وہ دل کش چہرے اور حسین منظر

کچی دیواریںاور کھلے در

روشن طاقچے اور جھلملاتی چلمنیں

بچوں کی اٹھکیلیوں سے مہکتے آنگن

چاندنی میں نہائے مسکراتے چہرے

پیپل کے پتوں کی سرسراہٹ اور جھولوںکی آوازیں

کیاریوں میں پھولوں پر بیٹھی مکھیوں کی بھنبھناہٹ

کچی دیوار کے طاقچے میں بیٹھی ایک گڑیا

بابا کے شانوں پہ بیٹھی ہوا میں جھومتی ہوئی ایک بچی

بڑھیا کو دیکھ کرسوال کرتی ہے

’’یہ گڑیا طاقچے میں اکیلی کیوں ہے؟

اس کا گڈا ، اس کا سانوریا کہاں گیا؟‘‘

بڑھیا داہنے ہاتھ سے جھریاں صاف کرتے ہوئے کہتی ہے

’’بٹیا۔۔۔! زندگی بچھڑنے کا نام ہے

کبھی گڈا پہلے بچھڑ جاتا ہے ،کبھی گڑیا

یہ میرے سفید ژولیدہ بالوں کو دیکھتی ہو

نجانے کتنے پھول ان میں سجنے کو بے تاب رہتے تھے

اب حالات کی سیاہ چادر میں دبکے رہتے ہیں

یہ کلائیاں دیکھو جن پہ لوہے کے کنگن رہ گئے ہیں

کبھی پھولوں کے گجرے ہوتے تھے

کانچ کی چوڑیاں بھی ان کو بار لگتی تھیں

یہ خمیدہ کمر دیکھ رہی ہو

کبھی شاعر اس کے قصیدے بیان کرتے تھے

انسان بھی کتنا بے بس پجاری ہے

تمام عمر خواہشوں کو پوجتا ہے

یہ مٹی کا پتلاجسے اذیتوں بھرے ساٹھ ستر برس دے کر

اوندھے منہ زمین پر گرا دیا گیا

جن میں سے آدھے خواہشیں نگل جاتی ہیں

کچھ بھوکے بھیڑیے بھی ہیں جو خواہشوں کا بدن نوچ کھاتے ہیں

بٹیا۔۔! یہاں ہر نفس گم ہے

کوئی فضائوں میں کوئی سزائوں میں

کوئی وفائوں میں، کوئی جفائوں میں

تم سے اگر ہو سکے تودروازے کے اُس پار ہی رہنا

اِس پار تو اذیتوں کے سوا کچھ نہیں

اس طرف درد ہیں، چھبن ہے

صحرا ہے، دہشت ہے ،وحشت ہے‘‘

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...