Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

جدید مآخذ تحقیق (تحصیل اور ماخذ کا اشاریاتی مطالعہ) |
حسنِ ادب
جدید مآخذ تحقیق (تحصیل اور ماخذ کا اشاریاتی مطالعہ)

روزینہ راؤ کی قابلِ ستائش کاوش
Authors

ARI Id

1688708586360_56116659

Access

Open/Free Access

Pages

۷

جدید اور حالیہ ماخذ ِ تحقیق میں ایک اہم اور نہایت مفید و ناگزیر ماخذاشاریہ بھی شامل ہے، جوایک اصول کے طور پر اولاً ان کتابوں میں شامل کیا جانے لگاتھا جوطویل متن پر مشتمل ہوتی تھیں اور اشاریے کے اسماء (اشخاص،اماکن، مطبوعات، عمارات وادارے، وغیرہ   اس متن  کے اندرسے اخذ کیے جاتے اور متون کے آخر میں حروف تہجی کے اعتبارسے سائنسی بنیادوں پرترتیب دے کر شامل کیے جاتے تھے۔اس روایت کا آغاز کوئی تین سوسال قبل ہوا تھا اور خاص طور پر مغرب کے ترقی یافتہ ممالک کی علمی روایات میں علمی و تحقیقی اور تاریخی متون مروج رہا۔جنوبی ایشیا یا ہندوستان اور پاکستان میں بھی یہ مغربی اثرات کے زیر اثر یہاں کی زبانوں کی تصانیف میں قریباً دوسوسال قبل سے یہ روایت دیکھنے میں آتی ہے۔علمی دنیا میں اشاریہ سازی نے کئی مفید و ناگزیر انداز اختیار کیے ہیں اور کامیابی سے اپنا فرض ادا کررہی ہے۔ اسی عمل نے محض متون کی اندر سے اسماء کو اخذ کرنے ہی تک خود کو مخصوص نہ رکھا بل کہ رسائل کے حوالے سے ان کے مشمولات کی فہرست سازی کو بھی اس عمل نے اہمیت دی ہے اور رسائل کے اشاریوں کی ترتیب مختلف صورتوں میں اس طرح انجام دی ہے کہ جن سے متعلقہ رسالے میں شائع شدہ مضامین و مقالات یا جملہ تخلیقات و نگارشات بھی اس کے دائرے میں شامل ہوکر ایک نہایت جامع مشمولات کی فہرست بن گئی ہے جو مختلف صورتوں: اشخاص، مطبوعات، اماکن، ادارے و عمارات غرض سارے ہی موجودہ عنوانات اس ترتیب میں شامل ہوجائیں کہ کسی طرح کاکوئی عنوان اس فہرست سے باہر نہ رہ جائے۔

اسی عمل نے حالیہ برسوں میں، جو کئی دہائیوں پر مشتمل ہے، اردو رسائل و مجلات کے مشمولات کی اشاریہ سازی میں نہایت مفیدصورتیں اختیار کی ہیں جس کے تحت علمی و تحقیقی مجلوں میں شائع شدہ مشمولات کے اشاریوں کی ترتیب و اشاعت کا ایک طول طویل سلسلہ شروع ہوگیاہے جو نہایت مفید اور کارآمد صورت اختیار کرچکاہے۔خود ہر علمی و تحقیقی مجلے یا رسالے کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ ایک سائنٹی فک طریقے سے ، اپنی مصلحت و ضرورتوں کے مطابق اپنے رسالے کا اشاریہ ترتیب دے کر اسے خود اپنے رسالے یا مجلے میں یا کہیں اور شائع کرے جو عام اہل علم اور اہل تحقیق کے استفادے میں آسکے، اور ایسا اب عام طور پر ہورہاہے۔اب یہ بہت آسان اور سہل ہے کہ اب تک اردو زبان کے کن کن علمی و ادبی یاتحقیقی رسالوں اور مجلوں کے اشاریے مرتب اور شائع ہوچکے ہیں جن کی فہرست کچھ کم نہیں! اس طرح یہ ایک بہت قیمتی ماخذ اب ہماری دسترس میں ہے جس سے ہر جانب خاطر خواہ استفادہ کیاجانے لگاہے۔اس اعتبار سے اب بالعموم چھوٹے بڑے متعدد رسائل و جرائد یا مجلوں کے اشاریوں کے مرتب و شائع کیے جانے کا ایک عام سلسلہ شروع ہوچکاہے جس کی ایک تازہ مثال اس وقت ہمارے پیش ِ نظر ممتاز علمی وتحقیقی ادارے:'اسلامک ریسرچ اکیڈمی، کراچی' کے تحقیقی مجلے "تحصیل" اور گوجرانوالہ کے علمی و تحقیقی  مجلے "ماخذ" ہے جو اپنے اشاریوں کے حوالے سے ہونے والے کاموں کی بنیاد پر اس وقت ہماری توجہ کا مرکز ہیں۔

 اس منصوبے کی لائق اسکالر روزینہ راؤ نے کمال محنت و جستجو اور کدوکاوش سے ان دونوں مجلوں:تحصیل' اور 'ماخذ' کے مشمولات کو اپنے جائزے اور مطالعے کا موضوع بنایاہے اورخاصی دل جمعی سے اپنا حق ادا کیاہے۔اس عمل کے دوران  انھوں نے دونوں مجلوں کے منتخبہ مقالات یا مشمولات کا معروضی جائزہ لیا ہے اور تمام ہی ضروری تفصیلات کو اس طرح درج کیاہے کہ کہیں کسی طرح کی تشنگی یا کمی محسوس نہیں ہوتی۔یہ تفصیلات اس طرح پیش کی گئی ہیں منتخبہ مقالہ اپنی تمام معروضی و موضوعی خصوصیات اور مطالب و مباحث کے ساتھ ہمارے مطالعے میں آجاتے ہیں اور یہی اس طرح کے توضیحی اشاریے کا مقصد بھی ہوتاہے کہ جو قارئین یا ضرورت مندوں تک مقالے کے کل موضوعات اور مقالہ نگار کے مطالعے و تحقیق کے نچوڑ کو قاری کے سامنے پیش کردے جو خود اس کا بھی مقصد ہوتاہے۔یہ لائق اسکالر روزینہ تحقیق و تصنیف میں ابھی نوآموز اور مبتدی ہیں، اور انھوں نے اپنے اسی ابتدائی مرحلے پر ہی ایک دقیق اور دشوار منصوبہ اپنے سر لے لیا جس پر ان کی ستائش لازم ہے اور یقیناً اس عمل میں ان کی نگران مقالہ ڈاکٹریاسمین کوثر بھی ان کی معاون رہی ہیں جن کی حوصلہ افزائی نے روزینہ راؤ کو کامیابی اور سرخ روئی کے اس مقام تک پہنچایا۔ یہ بھی یقین کہاجاسکتاہے کہ قران السعدین کی یہی  صورت مستقبل میں بھی مزید سرخ روئی کا سبب بنے گی اور علم و ادب کو قیمتی و نادر منصوبے ونتائج حاصل ہوں گے۔چناں چہ اس زیر نظر کتاب کی اشاعت کے بعد ہم اب نت نئے موضوعات و مسائل پر مستقبل کے علمی وتحقیقی منصوبوں کو بہ احسن  طریق علم و ادب میں مالامال ہوتے ہوئے دیکھیں گے۔ان شاء اللہ!

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...