Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > نیل کے سنگ > جامعہ الازہر میں اردو شناسی

نیل کے سنگ |
حسنِ ادب
نیل کے سنگ

جامعہ الازہر میں اردو شناسی
ARI Id

1688711613335_56116754

Access

Open/Free Access

Pages

۹۱

جامعہ الازہر میں اردو شناسی

مصر میں ہمارا آخری پڑائو جامعہ الازہر تھا ۔میرے خیال میں مصر کی تاریخ جامعہ الازہر کے بغیر نامکمل ہے ۔دس لاکھ بشمول پچاس ہزار غیر ملکی طالب علموں کی علمی آبیاری کر نے والے اس ادارے کو دیکھنا اور وہاں کے اساتذہ اور طلبہ سے مصاحبہ اور مکالمہ کرنا مسافر کی بڑ ی آرزو تھی۔ پوری مسلم امہ میں شاید یہ واحد بڑی درسگاہ ہے جہاں لگ بھگ سات درجن شعبہ جات میں دینی اور دنیوی علوم کی تدریس ہوتی ہے ۔میں نے دکتور محمود سے پوچھا کہ کون سے بڑے علو م ہیںجو یہاں پڑھائے جاتے ہیں ۔انھوں نے برجستہ کہا سارے علوم ۔انھوں نے پھر وضاحت کی کہ دینی علوم تو ہیں سارے اس کے علاوہ ہندسہ،طب ،معاشیات ،بنکاری ، تجارت ، تاریخ ، تصوف،ادب،ارضیات،عمرانیات،تہذیب اور سائنس غرض بہت سارے علوم ہیں ۔ دکتور محمود نے علم و فنون کا طویل پہاڑ ا ایک سانس میں سنا دیا ۔میں نے ان سے پوچھا کہ اس طویل فہرست میں آپ نے اس شعبے کا نام نہیں لیا جہاں جانا میری خواہش ہے ۔ ہنس کر کہنے لگے ’’اردو‘‘جی بالکل جامعہ ا لازہر ہی نہیں بلکہ مصر کی چھے سات جامعات میں شعبہ اردو ہے ۔

ہم جامعہ کے صدر دروازے سے داخل ہوئے جس پر جلی حروف میں ’’جامعہ الازہر فرع البنات ‘‘لکھا تھا گیٹ پر ضروری سیکورٹی کلیرنس کے بعد ہمیں شعبہ اردو کی طرف جانے کی اجازت دے دی گئی ۔ہم شعبہ اردو کی طرف جا ہی رہے تھے کہ ایک طالبہ دوڑتی ہوئے ہمارے پاس آئی اور عربی آمیز اردو لہجے میں مخاطب ہوئی کہ ’’آپ لوگ پاکستان سے آئے ہیں ؟‘‘دکتور ابراہیم اپنے دفتر میں آپ کا انتظار کر رہے ہیں ۔‘‘ہم ان کے ساتھ ہو لیے اور صدر شعبہ کے دفتر میں داخل ہوئے ۔ویسے تو فیس بک اور ادبی کانفرنسوں کی وجہ سے پروفیسر ابراہیم محمد ابراہیم کی شکل و صورت سے شناسائی تھی مگر یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ ابراہیم صاحب اچھے خاصے بزلہ سنج اور شستہ اردو بولنے والے مصری ہیں۔ ابراہیم صاحب نے ہمیں قدرے کشادہ دفتر میں کشادہ دلی اور خندہ پیشانی سے خوش آمدید کہا ۔ان کا دفتر بہت ساری کتابوں ، رسالوں ،چھوٹی چھوٹی تپائیوں اورتو اور عربی زبان کی کتابوں سے بھری چند الماریوں سے بھرا پڑا تھا جن پر ’’گوشہ مصر و پاک دوستی‘‘تختی لگی ہوئی تھی ۔ہم ان کی یونیورسٹی میں دیر سے پہنچے اور اکثر طالبات چھٹی کر کے رخصت ہو چکی تھیں مگر سال اول کی چند طالبات کو انھوںنے روک رکھا تھا ۔ڈاکٹر صاحب نے شعبے کے طالب علموں سے میرا تعارف کرایا پھر باری باری طالب علموں سے اردو زبان میں تعارف کروایا۔ شاہندہ سعید ،شہد سعد ،ایمان اور دوسری کئی طالبات کی زبانی عربی لہجے میں ترتیلی اردو سن کر بے حد خوشی ہوئی ۔ایک سینئیر طالبہ ڈاکٹر ابراہیم کے قریب بیٹھی ہوئی تھی اس کے بارے میں بتایا گیا کہ یہ پاکستان کے شاعر ابدال بیلا پر پی ایچ ڈی کر رہی ہیں ۔میں نے ان کو بتایا کہ اس موضوع پر ہمارے شعبۂ اردو ہزارہ یونیورسٹی سے ایم فل کی سطح کا تحقیقی کا م ہو چکا ہے ۔جامعہ الازہر کا یہ حصہ صرف خواتین کی تعلیم کے لیے مختص تھا ۔دکتور ابراہیم اس شعبے کے سربراہ تھے ۔ڈاکٹر صاحب سے بے تکلفی ہوتی تو ان سے پوچھتا کہ ’’محترم یہ آپ کی مردانگی پر عدم اعتماد کا اظہار نہیں ؟ ‘‘ اردو ادب سے ان کی محبت اور مصر میں اردو کے فروغ کے لیے ان کی خدمات بلا شبہ کسی سے پوشیدہ نہیں اس کے ساتھ ساتھ ان کی پاکستان دوستی بھی قابل داد ہے ۔یہ روشن دماغ اور کشادہ جبین انسان پاکستان اور پاکستانیوں کے لیے انتہائی اچھے جذبات اور نیک خواہشات رکھتے ہیں۔حکومت پاکستان نے ان کی پاکستان دوستی کے صلے میں انھیں پاکستان کے اعلیٰ سول اعزاز ستارہ پاکستان سے نوازا ہے ۔

ڈاکٹر صاحب کی کرسی کے پیچھے ’’وما توفیقی الا باﷲ‘‘کی خوبصورت تحریر ایک فریم میں آویزاں تھی ۔فریم کے اطراف میں اردو زبان و ادب کے مشاہیر الطاف حسین حالی ؔ ، اشفاق احمد ، احمد ندیم قاسمی ،پروین شاکر اور چند دوسرے اردو ادبا کی تصاویر مالا کی طرح لٹکی ہوئی تھیں۔ ڈاکٹر صاحب نے ایک طالبہ کی طرف اشارہ کیا کہ یہ فاطمہ بد ر الدین ہیں یہ اگلے ماہ بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان چھے مہینوں کے لیے اپنی اردو مزید نکھارنے اور رواں بنانے کے لیے جائیں گی ۔ میں نے کہافاطمہ کو وہاں بھی گھر جیسا ماحول ملے گا ۔لوگ تو ہیں ہی اچھے۔مگر ماحول بھی قاہرہ ہی کی طرح ملے گا ۔ملتان شہر جو چار ’’گ‘‘گردوگر ماگداو گور رستان کے لیے مشہور ہے ۔میں نے وہ چیزیں قاہرہ میں بھی دیکھی ہیں ۔فاطمہ کو تو شاید میری گفتگو سے پتا نہیں چلا کہ کیا کہہ رہا ہوں مگر ڈاکٹر ابراہیم نے اس پر خوب قہقہہ لگایا۔

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...