Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)
Home > نیل کے سنگ > جہاں گرد کی واپسی

نیل کے سنگ |
حسنِ ادب
نیل کے سنگ

جہاں گرد کی واپسی
ARI Id

1688711613335_56116755

Access

Open/Free Access

Pages

۹۳

جہاں گرد کی واپسی

مسافر قاہرہ کے ہوائی مستقر پر کھڑا اجازت لے رہا تھا ۔وقتِ رخصت ان کی آزردہ دلی مجھ سے دیکھی نہیں جا رہی تھی وطن واپسی کے لیے جہاز کے اڑان بھرنے سے چار گھنٹے پہلے مجھے ائیر پورٹ پہنچنا تھا ۔میں دو گھنٹے مزید پہلے پہنچا تھا ۔دکتورہ بسنت ،احمد صاحب ،، دکتورعلی،دکتورہ شائمہ اور باقی سارے دوستوں کے ساتھ مصر میں چھے دن اس قدر مصروف کہ وقت بیتنے کا احساس ہی نہیں ہوا اور اب رخصتی کے یہ چھے گھنٹے جیسے رک سے گئے ہیں ۔ سب کی محبت اور آنسوئوں سے لبریز آنکھیں میرا راستہ روک رہیں تھیں ۔دکتورہ بسنت کا ’’پھر کب آئو گے ‘‘والے سوال سے میرا پیچھا چھڑانا مشکل تھا۔ دکتورہ شائمہ کا مشورہ کہ ’’نیل کا پانی پی کر جائو جس نے بھی پیا واپس ضرور آیا ‘‘مصر سے میرے تعلق اور مراسم کے ایسے کچے دھاگے ہیں جن کی مضبوط گرفت سے خود کو آزاد کرانا مشکل ہو رہا تھا ۔کہا جاتا ہے کہ اہل مصر بے وفا ہوتے ہیں ،خود غرض ہوتے ہیں، حسب ضرورت و سہولت مراسم رکھتے ہیں مگر میں نے مصر اور اہل مصر کو وفادار انسان دوست اور ملنسار پایا ۔ اگر اہل مصر وفا شعار اور انسان دوست نہ ہوتے تو بازارِ مصر میں فروخت شدہ اور زندانِ زاویرا میں مقید رہنے والے حضرت یوسفؑ اپنے والد حضرت یعقوب ؑ اور اپنے اہل و عیال کو کنعان سے مصر مستقل سکونت کے لیے کیوں بلاتے ۔قاہرہ ائیر پورٹ کی انتظار گاہ کی کھڑکی سے روشن چاند واضح نظر آ رہا تھا یو ں لگ رہا تھا جیسے وادی سینا کے عقب سے چاند نے مصر کو منور کر نے کے لیے اپنے دودھیا اجالے کی پھوار پھینکی ہو ۔میں چشمِ تخیل سے ساحلوں ،ٹیلوں ،وادیوں اور پر شکوہ عمارات پر چاند کی نقرئی کرنوں کو محسوس کر رہا تھا ۔ مصر داستانوں اور افسانوں کی سر زمین ہے ۔یہاں نفر تیتی ،زلیخااور قلو پطرہ آج بھی شائمہ ، بسنت، ایمان اور شاہندہ کی شکل میں حسن اور فسوں گری کی ضو پاشی کرتی نظر آتی ہیں ۔یہاں یوسف ؑ ،موسیؑ اور ہارون ؑ جیسے برگزیدہ ہستیوں کی عظمت رفتہ اس مقدس قیدار کو قید زماں سے آزادی دلاتی ہے ۔ مسافر قاہرہ کے ہوائی مستقر کی انتظار گاہ میں بیٹھا واپسی کے لیے باندھے گئے اپنے رختِ سفر سے پانی کی سبز بوتل نکالتا ہے اور نیل کا پانی غٹا غٹ پینے لگتا ہے ۔

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...