Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

وجہ تالیف
ARI Id

1689956677855_56117513

Access

Open/Free Access

Pages

17

وجہ تالیف
انسان ہر میدان میں روج کا خواہاں دکھائی دیتا ہے ۔زوال نام سے خائف ہے ، معاشی، معاشرتی ، سیاسی یا روحانی میدان ہو خواہش اُ س کی یہی ہوتی ہے کہ ان سب پر اُسی کا قبضہ ہو اور دیگر حضرات اِن میادین میں اُس کی دریوزہ گری کریں ، تحریر ہو، تقریر ہو، خطابت ہو، کتابت ہو،سب میدان اپنے نام کرنا چاہتا ہے ۔ لیکن یہ قانون قدرت ہے کہ ملتا وہی ہے جس کے لیے لیس للانسان الا ماسعٰیکے مصداق وہ جہدِ مسلسل کرتاہے۔ انسانی شخصیت میں جو شعبے نکھار پیدا کرتے ہیں وہ خطابت اور تحریر ہیں ، مقالات و خطابت میں ، انسان اپنا مافی الضمیر یا تواپنی زبان کی حرکت سے بیان کرتا ہے اوریا پھر قلم کو اذنِ خرام دے کر قرطاس ابیض پر کچھ رقم کر کے تخیلات و تصورات کو منصۂ شہود پر لا کر کرتا ہے ۔ ایّام زیست و حیات کے طائر خوش الحان کو محو پرواز رکھنے کے لیے تحریر و تقریر کی فضائے خوشگوار کی اشد ضرورت ہے ۔ اسی فضاء میں زندگی کی گاڑی بطریق احسن اپنی منزل کی طرف رواں دواں ہو سکتی ہے ۔ ان حقائق کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عوام النّاس کے لیے بالعموم اور طلباء کے لیے بالخصوص چند عنوانات پر مشتمل مضامین کا انتخاب کیا ہے جو طلباء میں فصاحت و بلاغت کے ساتھ ساتھ اُن کی معاشرتی زندگی میں بھی ممدو معاون ثابت ہوں گے۔ نیز ان کے لیے تحریر و تقریر کے میدان میں مہمیز ثابت ہوں ۔ یہ چنگاری کافی عرصے سے اس وجودِ خاکی میں سلگ رہی تھی کہ کوئی تو ذریعہ ایسا سامنے آئے جس سے نونہالانِ وطن کے دماغ کے دریچوں کو جنبش دی جا سکے اور اُن کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجا گر کیا جا سکے ۔ اِس میں جو خارجی عوامل میرے لیے مہمیز ثابت ہوئے وہ گورنمنٹ مڈل سکول نمبر 1عاف والااورمثالی زکریا سکول عارف والا کے درو دیوار ہیں ۔یہ جملہ تقاریر میں نے اپنے چار سالہ دورانیہ جو محترم محمد اصغر صاحب اور محمد سلیم صاحب پرنسپل صاحبان مثالی زکریاعارف والا کے ساتھ گزار ا میں رقم کیں ۔ اِن حضرات کے تعاون سے تحریر میں چاشنی پیدا ہوتی گئی اور میرا حوصلہ بڑھتا گیا ۔ ان میں اکثر تقاریر ایسی ہیں جو مقابلوں میں شامل ہو کر امتیازی پوزیشن حاصل کر چکی ہیں۔ اِ س وقت اگر میں پروفیسر محمد اکرام تائب صاحب کا ذکر نہ کروں تو انصاف نہ ہو گا۔ انہوں نے کتاب کی تدوین میں دامے، درمے،قدمے،سخنے ہر لحاظ سے تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی اور یہ حوصلہ افزاء ماحول بھی پیدا کیا نیز کتاب کی تصحیح و نظر ثانی میںشب وروز ایک کرکے اغلاط کی واضح نشاندہی کی،احباب کا جمِ غفیرمیرے تحریری ذوق سے آشنا تھا اور گاہے بگاہے اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے مجھے متحرک کرتا رہتا تھا۔ اس طرح ان کی کاوش بھی اس کتاب ’’نسیم سخن‘‘ کے منصہ شہود پر آنے کا سبب بنی ۔ سید الف عین اللہ شاہ، حکیم غلام محی الدین ، حکیم غلام دستگیر، نظام دین اورمحمد شریف طیب صاحب اس سلسلے میں کافی پیش پیش رہے ۔
اِس سلسلے میں اگر مرحوم حکیم محمد طفیل عابد جلالیؔ کا ذکر نہ کیا جائے تو یہ بہتر نہ ہو گا مرحوم میرے عم زاد تھے اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔ اُن کی تحریر میں ایک ندرت تھی۔ اور میری تحریر کی مشاطگی میں اُن کا وافر حصّہ موجود ہے یہ شاید اُنہی کی رفاقت تھی جو میرے لیے عزت کا باعث بنی اور محترم برادران حاجی نیاز احمد ،میاں سراج احمد بھٹی نے بھی کافی حوصلہ افزائی کی۔
المختصراللہ تعالیٰ کا فضل شامل حال نہ ہو تو تمام کوششیں بے کارہو جاتی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کا فضل اور میرے بزرگوں کی دعائیں شامل حال ہوئیں تو ناچیز اس اہل ہوا کہ یہ علمی ، ادبی سرمایہ پیشِ خدمت کر سکے۔
واضح رہے کہ پہلے مضامین اور تقاریر ایک ہی جلد میں طبع ہو رہے تھے۔ اب تقاریر کو ’’نسیم سخن‘‘ کے عنوان سے علیحدہ طباعت کے مراحل سے گزارار جا رہا ہے تا کہ قاری دونوں کتابوں کا مطالعہ آسانی سے کر سکے اور اس کی ضخامت طبع نازک پربارِ گراں ثابت نہ ہو۔اس سلسلہ میں جناب ڈاکٹر نوید عاجز صاحب کی تجویز کارگر ثابت ہوئی۔ اُن کا بھی کتاب کی مشاطگی میں حظِ وافر موجود ہے۔
خاکِ پائے صاحبدلاں
حکیم حافظ محمد اکرم راشدؔ
خطیب محمدی مسجد، این بلاک، عارف والا
ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر
گورنمنٹ ہائی سکول 143ای۔بی عارف والا

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...