Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

کتاب بہترین ساتھی
ARI Id

1689956677855_56117520

Access

Open/Free Access

Pages

35

کتاب بہترین ساتھی
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کرنی ہے وہ ہے:’’کتاب بہترین ساتھی‘‘
صدرِذی وقار!
کتابوں سے محبت عظیم لوگوں کا شیوہ ہوتا ہے، کتابوں سے محبت کر نے والا آسمانوں کی بلندیوں پر پرواز کرتا ہے، کتابوں کا مطالعہ کر نے والا کبھی تنہائی کا شکار نہیں ہوتا، کتب بینی ایسا شوق وذوق ہے جس سے جہالت کے بادل چھٹ جاتے ہیں اور مطلع دل و دماغ پر صاحبِ علم و دانش کا آفتاب و ماہتاب چمکناشروع ہو جاتا ہے۔
جنابِ صدر!
کتب کی رفاقت ایک ایسی رفاقت ہے کہ جو اپنے ہم نشیں کو بھی تنہائی کا شکار نہیں ہونے دیتی، جو اپنے ہم نشیں کے دل میں خلوتوں اور تنہائیوں کی وحشت کو ختم کر کے محبت و مودّت کے شگوفے کھلاتی ہے، کتب کے مطالعہ سے تاریخِ عالم پڑھنے کا موقع ملتا ہے۔ قوموں کے عروج و زوال سامنے آتے ہیں، قوموں کی معاشی ، اقتصادی، سیاسی اور روحانی زندگی سے آشنائی ہوتی ہے۔
محترم صدر!
تاریخ اسلام اس بات پر شاہد ہے کہ مسلمانوں کو کتب بینی و مطالعہ میں ہمیشہ ایک امتیازی مقام حاصل رہا ہے، مسلمانوں نے ہمیشہ کتابوں سے محبت کی ہے ، دسمبر کی زمستانی ہوائیں ہوں، یا جون کی تڑپا دینے والی دھوپ، وقت عصر ہو یارات کا پچھلا پہر ،تدریسی اسباق کی تیاری ہو یاممبر رسول پر وعظ کے لیے تقریر کی تیاری، کسی امتحان کی تیاری کرنی ہو یا فکرآخرت کی تیاری کتب ہائے خیر سے ذی شعور اور ذی فہم و فراست افراد کی دوستی مثالی رہی ہے۔
جنابِ صدر!
اچھی کتاب ایک بہترین سرمایہ ہوتی ہے۔ دنیا و آخرت کی ساتھی ہوتی ہے، ایک مفکر کا قول ہے’’ کچھ کتا بیں محض چکھنے کے لیے ہوتی ہیں ، کچھ نگلنے کے لیے اور صرف چند کتا بیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں خوب چبانا اور ہضم کرنا ہوتا ہے، اور انھی کتابوں کی دوستی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہوتی ہے۔ کتاب کی دوستی سے مرادعلم دوستی ہوتی ہے اورعلم دوست انسان گلستان ہستی کے رنگارنگ پھول، صحت مندمعاشرے کے ماتھے کا جھومر، بیمار انسانیت کے مسیحا، مرغِ بسمل کی طرح تڑپنے والے لوگوں کے لیے رفعت و رحمت اور جہالت کے بحر بیکراں میں ہچکولے کھاتی ہوئی ناؤ کے ناخدا ہوتے ہیں۔
معزز سامعین!
کتب بینی کا خوگرعلم دوست ہی ہوسکتا ہے، کتب بینی سے قاری کی گودعلم ومعرفت کے خزانے سے بھر جاتی ہے، اس کا دامن دانش و آگہی کے آب زلال سے تر ہو جاتا ہے، اس کا ساتھ اسے ابدی زندگی بخشتا ہے۔ بہترین کتاب آخرت کی تیاری میں ممد و معاون ثابت ہوتی ہے۔ کتاب کا مطالعہ کردار سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے، مطالعہ کا مشغلہ انسان کے لیے نفاست، لطافت، لیاقت اور عبادت کے مواقع فراہم کرتا ہے، مطالعہ کا عادی شخص کئی خباثتوں سے محفوظ ومامون رہتا ہے۔کتابیں دانش و حکمت کا سر چشمہ ہیں۔
کتابوں میں دنیا کی دانش بھی ہے
اُلوہی اجالوں کی بارش بھی ہے
صدرِذی وقار!
جس نے کتاب سے دوستی کی کتاب نے اس کا حق ادا کر دیا۔ ابنِ خلدون رحمۃ اللہ علیہ نے کتاب سے دوستی کر کے مقدمہ ابنِ خلدون تصنیف کی،حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے کتاب سے تعلق پیدا کر کے انفاس العارفین لکھی، محی الدین رحمۃ اللہ علیہ ابن عربی نے کتاب سے ناتا جوڑاتوفصوص الحکم لکھی ، داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے کتاب سے دوستی کی تو کشف المحجوب لکھی، شیخ سعدی رحمۃ اللہ علیہ نے کتاب سے ناتا قائم کیا تو گلستان اور بوستان لکھیں، حضرت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے کتب سے رشتہ ناتا جوڑا تو پیامِ مشرق اور ارمغانِ حجاز تصنیف کیں۔ الغرض جس جس نے بھی کتاب سے تعلق قائم رکھا اللہ تعالیٰ نے اسے میدان علم و دانش کا شاہسوار بنادیا، آسمانِ علم و آگہی کا آفتاب و ماہتاب بنادیا۔ کائنات میں ایک مقام عطا فرما دیا، ملک و قوم کے لیے ایک نابغۂ روز گار ہستی بنا دیا اور پھر ان تصنیفات نے انہیں دنیا کا امام بنادیا۔ وہ کتب کے ساتھ ہمنشینی کی بدولت دنیا میں شمس وقمر بن کرچمکے۔
محترم صدر!
کتاب سے دوستی جینے کا ڈھنگ سکھاتی ہے، کتاب سے دوستی قوموں کی زندگی کے نشیب و فراز سے آگاہ کرتی ہے، ایک اچھی کتاب انسان کی مشکلات میں اس کی مدد کرتی ہے اور پریشانیوں میں اس کی دلداری کا سامان مہیاکرتی ہے، افکار و آلام کے ہجوم میں کتاب انسان کے ذہنی سکون اور تفریح طبع کا بہترین ذریعہ ہے۔ معروف انگریز مصنف سمرسٹ ماہم کا خیال ہے کہ مطالعہ کی عادت اختیار کر لینے کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے گویا دنیا جہان کے دکھوںسے بچنے کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ تیار کر لی ہے۔
معزز سامعین!
کتب بینی ذہنی تسکین کے علاوہ انسانی قلب و دماغ کو بھی منور کرتی ہے ، کتابیں ہمیں بصیرت عطا کرتی ہیں۔ خیالات میں وسعت پیدا ہوتی ہے ،علم میں اضافہ ہوتا ہے، عقل و دانش کی تکمیل ہوتی ہے، اخلاق کی اصلاح ہوتی ہے۔ کتاب ایک ایسی معلم ہے جو بلا معاوضہ اور بلا خوف و خطر انسان کوتعلیم دے کر اس کے ذہنی افق کوروشن اور وسیع کرتی ہے۔
صدرِذی وقار!
کتاب کے اجتماعی اثرات کی اہمیت اور بھی زیادہ ہے، اقوام عالم کی تاریخ گواہ ہے کہ جس نے کتاب سے اپنے تعلق کو بحال رکھا دنیا کی بادشاہت ، مال و دولت ، ہیرے جواہرات لونڈی بن کر اس کے گھر کی دہلیز پر آ گئے ، بعض کتابیں تو ایسی تھیں جنہوں نے قوموں کی تاریخ ہی بدل ڈالی، قرآنِ پاک جیسی عظیم کتاب نے عرب کے جاہلوں اور گنْواروں کو اپنے دور کی بہترین اور ترقی یافتہ قوم بنا دیا، اس نے ان کے اندر ہمت، جرأت ، بلند اخلاق اور جہاں بینی پیدا کر دی کہ قیصر وکسریٰ کے ایوان بھی لرزاُٹھے۔
خود نہ تھے جو راہ پر اوروں کے ہادی بن گئے
کیا نظر تھی جس نے مردوں کو مسیحا کر دیا
صدرمحترم!
ڈاکٹر علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ قرطبہ کی جامع مسجد میں نماز ادا کر رہے ہوں، حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ اصلاح قوم کے لیے غور وخوض میں مصروف ہوں ، سید احمد شہید رحمۃ اللہ علیہ معر کہ بالا کوٹ میں مسلح موجود ہوں ، سیدمجددالف ثانی رحمۃ اللہ علیہ دین الٰہی کے نام پر فتنہ و فساد کی بھیانک صورتحال سے نمٹنے کے لیے کمر بستہ ہوں، طارق بن زیاد اندلس کے ساحل پر کشتیاں جلانے میں مصروف ہو، امام غزالی رحمۃ اللہ علیہ اپنی معرکتہ الآرا کتاب احیاء العلوم کا دیباچہ رقم کر رہے ہوں، حضرت خواجہ معین الدین رحمۃ اللہ علیہ نوے لاکھ مسلمانوں کو کلمہ پڑھارہے ہوں، داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ مسجد کے محراب کی سمت کا صحیح تعین کر رہے ہوں، بہاؤ الدین زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ، بابا فرید الدین گنج شکررحمۃ اللہ علیہ ، شہدائے کربلا و بدروحنین، خلفائے راشدین کفروشرک کی جڑ کاٹ کر توحید و رسالت کے جھنڈے گاڑ رہے ہوں، ہاں ہاں صاحبِ صدر خواہ حضرت محمدؐ اپنی نبوت کا اعلان فرما رہے ہوں سب کے سب کتاب ہی کے مرہونِ منت ہیں اور وہ کونسی عظیم کتاب ہے۔ وہ کتاب قرآن پاک ہے۔ قرآن اگر چہ اللہ کا کلام ہے لیکن پھر بھی کتاب کے نام سے موسوم ہے اور جس نے بھی اس کے ساتھ محبت کی دین ودنیا کی بھلائیاں سمٹ کر اس کے قدموں میں آگئیں۔ کتاب واقعی ایک بہترین ساتھی ہے اگر معیاری ہو۔
ہم نشینی اگر کتاب سے ہو
اس سے بہتر کوئی رفیق نہیں
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...