Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

سیرت النبی محمد مصطفی
ARI Id

1689956677855_56117522

Access

Open/Free Access

Pages

41

سیرت النبی محمد مصطفیٰؐ
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب شاہینو! آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کا موقع مل رہا ہے وہ ہے:’’سیرت النبی محمد مصطفیٰؐ‘‘
محترم صدر!
آج سے چودہ سو سال پہلے کا ئنات گھٹا ٹوپ تاریکیوں میں مستورتھی۔ ہر طرف جبر و تشدد کی ژالہ باریاں مصروف تباہی تھیں۔ درندگی وبہیمیت کی فضا میں حق پرستی و پرہیز گاری ناپید ہو چکی تھی۔ صنف نازک کی عصمت کا کوئی محافظ نہ تھا۔ ہر طرف آلام و مصائب کے بگولے محورقص تھے۔ صبح و شام غرباء فقراء کے سروں پر ظلم و تعدی کی تلوارلٹکتی رہتی تھی۔ جہاں تک نظر پڑتی کشت و خون ، درندگی و حیوانیت اور خوف و ہراس کا دور دورہ تھا۔ انسانی عقائدضعف اور اضمحلال کا شکار ہو چکے تھے گویا کفر و ضلالت کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا طوفان تھا جس کے تند و تیز تھپیڑوںمیں انسانیت کی شکستہ نائو ہچکولے کھا رہی تھی۔ بلائے عظیم میں گرفتہ کسی نجات دہندہ کے منتظر تھے۔
آخر خالق کائنات کوسسکتی ہوئی انسانیت پر رحم آیا۔ رب کعبہ نے رشد و ہدایت کے اس آفتاب کوافق فاراں پر طلوع کیا۔ وہ آفتاب صداقت جوختم المرسلین ہے۔ جورحمت اللعالمین ہے۔ شافع المذنبین ہے۔ اسلام جس کا دین ہے۔ جس کے نور سے روشن ساری زمین ہے۔
نگاہ عشق و مستی میں وہی اوّل، وہی آخر
وہی قرآں ، وہی فرقاں، وہی یٰسیں، وہی طہٰ
معزز سامعین!
رسول عربیؐکیا آئے کائنات میں انقلاب آ گیا۔ یاس وقنوطیت سے پژمردہ چہروں پر امید کی بہارآگئی، قتل و غارت اور خوف و ہراس کی آندھیاں تھم گئیں۔صنم ہائے تراشیدہ ریزہ ریزہ ہو گئے۔ عرب وعجم کے ایوانِ ہائے عیش وطرب منہدم ہونے لگے۔ وادیٔ خزاں میں گلہائے رنگ کے لئے صدق وصفا اور عدل و انصاف نے جنم لیا۔ بندہ صاحب ومحتاج وغنی کا امتیاز مٹ گیا۔ رسالت کی ضیاء پاشیوں سے گمراہی و ضلالت کی سیاہی دھل گئی۔ رسولِ ہاشمی نے قلب ونظر کوشرک و کفر کے خس و خاشاک سے مبراو منزہ کر کے توحید و رسالت کا گہوارہ بنادیا۔
وہ دانائے سبل ، ختم الرسل ، مولائے کل جس نے
غبار راہ کو بخشا فروغ وادی سینا
محترم صدر!
آپ کی قیادت میں ریگستان عرب کے بدُّو صفا ہستی پر چھا گئے۔ بحرِ رسالت میں غواصی سے عثمان غنی صذو النورین بنتے ہیں تو کہیں عمر کی وفا شعاریاں انہیں فاروق اعظمص بنا دیتی ہیں۔ درسِ رسالت میں کوئی صدیق اکبرص بنتا ہے تو کوئی حیدرِ کرار کے نام سے موسوم ہوتا ہے۔
جس طرف چشم محمَّد کے اشارے ہو گئے
جتنے ذرّے سامنے آئے ستارے ہو گئے
آپؐ کی حیاتِ طیبہ کا گوشہ گوشہ فکر و عمل کالمحہ لمحہ اور کتاب زیست کی ہر سطر آفتاب و ماہتاب سے تابندہ تر ہے۔ آپ ؐ کی زندگی کے روز و شب اور قول وفعل کانمونہ ہمارے لئے باعث ِنجات ہے۔ لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنہ
حسن یوسف، دمِ عیسیٰ، یدِ بیضا داری
آنچہ خوباں ہمہ دارند ، تو تنہا داری
معزز سامعین!
خیر الامم کی سیرت و کردار ایک کھلی کتاب ہے ہرشخص اس کا مطالعہ کر کے اپنے قلب ونظر کو روشن کر سکتا ہے۔ کوئی تاجور ہو یا سخنور، امیر ہو یا فقیر ،خطیب ہو یا طبیب ،ماہی گیر ہو یا عالمگیر اورمحتاج وغنی سب کے لئے مشعل راہ ہے۔
دوستو !اُمراء خطہ عرب کے خزانوں کا والی دیکھیں غربا وشعب ابی طالب اور ہجرت مدینہ کو دیکھیں ، سپہ سالار غزوات بدر وحنین کا مطالعہ کریں۔ فاتحین فتح مکہ کا نظارہ کر یں توراہ پا سکتے ہیں۔ کیونکہ اس دنیا میں کوئی انسان کامل نہیں۔کسی کی زندگی اتنی ہمہ جہت اور ہمہ گیر نہیں جتنی رسالت مآبؐ کی۔ دنیا کے بڑے سلاطین ، دانشور اور علماء ، فلسفہ دان اور ماہرینِ نفسیات آپ کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
غالب ثنائے خواجہ بہ یزداں گذاشتیم
کاں ذات پاک مرتبہ دان محمدؐ است
تاجدار مدینہ کی نگاہ ناز سے اعلیٰ و ادنیٰ، قلب ونظر اور عقل و شعور یکساں فیضیاب ہوتے ہیں۔
تیری نگاہ ناز سے دونوں مراد پا گئے
عقل، غیاب و جستجُو! عشق، حضور و اضطراب
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...