Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

آپ ؐ بحیثیت معلم
ARI Id

1689956677855_56117534

Access

Open/Free Access

Pages

65

آپ ؐ بحیثیت مُعلّم
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنہ
صدر ِذی وقار اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کی سعادت حاصل ہور ہی ہے وہ ہے:’’آپؐ بحیثیت معلم ‘‘
جنابِ صدر!
’’وہ ہے اسوۂ حسنہ‘‘ اس مختصر وقت میں آپ ؐ کی زندگی کے تمام گوشوں پر روشنی ڈالنانا ممکن ہے میں صرف آپؐ بحیثیت معلم پراظہار خیال کروں گا۔
صاحبِ صدر!
حضورؐ کی سیرت طیبہ پر اگر سرسری نظر ڈالی جائے تو ہمیں وہاں زندگی کی بوقلمونیوں کا ایک حسین و جمیل مرقعّ نظر آتا ہے، وہاں جنگ کی شعلہ بیانیاں بھی ہیں اورصلح کی راحت و رحمت بھی، دشمن نفرت کے انگارے بھی برساتے ہیں اور عقیدت مند اپنی محبت و مودت کے رنگین پھول بھی نچھاور کر رہے ہوتے ہیں۔ ہم نے محبوبِ خداؐ کو حلقہ یاراں میں بھی دیکھا ہے اور حملہ آوروں کے نرغہ میں بھی۔ ہم نے ان کی کاروباری مصروفیتوں کا بھی مطالعہ کیا ہے، اور غارِ حرا میں خلوتوں میں ان کے سوز و گداز کا بھی جائزہ لیا ہے ،ہم نے انہیں اپنے وطن سے بظاہر انتہائی بے بسی اور بے کسی میں ہجرت کرتے بھی دیکھا ہے اور چند سال بعد اس شہر میں فاتحانہ انداز میں داخل ہونے کا منظر بھی ملاحظہ کیا ہے۔ اپنے اہل وعیال کے ساتھ ان کے برتاؤ کا ریکارڈ بھی ہمارے سامنے ہے اور اپنے جاں نثار اور وفا شعار ساتھیوں کے ساتھ حسن سلوک کی تفصیلات بھی ہمارے پیش نظر ہیں۔
جنابِ صدر!
زندگی کے وسیع وعریض میدان کا کوئی کونہ ایسانہیں ہے جہاں حبیب کبریا ؐنے اپنے اسوۂ حسنہ کے حسین و جمیل نقوش نہ چھوڑے ہوں۔ یہ جامعیت، یہ ہمہ گیریت ، اسوۂ محمدیؐ کے علاوہ کہیں نظر نہیں آتی۔ زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا ہر آدمی اسی آبِ زلال سے اپنی پیاس بجھا سکتا ہے۔
معزز سامعین!
نبی کریمؐ نے ارشاد فر مایا کہ ’’میں معلم بنا کر بھیجا گیا ہوں‘‘ آپؐ نے اپنی بعثت کا مقصد یہ بتایا کہ مجھے اللہ تعالیٰ نے تعلیم و تدریس کے لیے بھیجا ہے۔ آپؐ نے بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست میں لانے کے لیے بڑی تکلیفیں اور پریشانیاں برداشت کیں، اللہ تعالیٰ نے آپ ؐ کو خاتم النبین بنا کر بھیجا، رحمت العالمین بنا کر بھیجا، بشیر و نذیر بناکر بھیجا لیکن آپؐ نے جس کا ذکرخصوصیت کے ساتھ کیا وہ معلم ہے یعنی آپؐ نے فرمایا کہ ’’میں معلم بنا کر بھیجا گیا ہوں‘‘
صدرِذی وقار!
یہ آپؐ کی تعلیم کا ہی اثر تھا کہ راہزن آئے راہنما بن گئے ، چور آئے رکھوالے بن گئے ، آپؐ کے پاس شرابی آئے عبادت گذار بن گئے ، زانی آئے عزتوں کے پاسباں بن گئے، علیص آئے شیر خدا بن گئے ، عثمان صآئے ذوالنورین بن گئے، عمر صآئے میدانِ عدل وانصاف کے شاہسوار بن گئے، ابوبکرص آئے صدیقِ اکبر بن گئے۔ عرب کے بدو آئے تہذیب وتمدن کی تصویر بن گئے۔
اک عرب نے آدمی کا بول بالا کر دیا
خاک کے ذروں کو ہم دوش ثریا کر دیا
خود نہ تھے جو راہ پر اوروں کے ہادی بن گئے
کیا نظر تھی جس نے مُردوں کو مسیحا کر دیا
جنابِ صدر!
اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو معلم بنا کر بھیجا۔ آپؐنے سادگی کی تعلیم دی تو سادگی اختیار کی۔ آپؐ نے حق و صداقت کی بابت ارشاد فرمایا تو خود کو کفار سے بھی صادق اور امین کہلوایا، آپؐ نے وعدہ خلافی سے اجتناب کا ذکر کیا تو خود ایفائے عہد کی مثال بھی قائم کی ، آپؐ نے سخاوت کی تعلیم دی تو خود کو جودوسخا کے مرتبے پر فائز بھی کیا۔ آپؐ نے امن و آشتی کا پیغام دیا تو اپنے آپ کو امن و آشتی کا علمبردار بھی ثابت کیا، آپؐ نے اخلاق کی تعلیم دی تو خود کو اس صفت کی معراج پر پہنچایا الغرض آپؐ نے نہ صرف زبان سے اپنے فریضے کوعملی جامہ پہنایا بلکہ اپنے آپ کو بطور نمونہ بھی پیش کیا۔
صدرِذی وقار!
آج اگر ایک معلم کامیاب استاد بننا چاہتا ہے تو اس کو آپؐ کے در کی دریوزہ گری کرنی پڑے گی، آپؐ کے آستانے پر جبین نیاز جھکانا پڑے گی ، آپؐ کی پیروی کرنا پڑے گی، آپؐکے نعلین مبارک کو سرکا تاج بنانا پڑے گا۔ آپؐ کی اتباع دنیا وآخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔
جو کرنی ہے جہانگیری محمدؐ کی غلامی کر
عرب کا تاج سر پر رکھ خداوندِعجم ہو جا
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...