Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی
ARI Id

1689956677855_56117540

Access

Open/Free Access

Pages

80

جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی
نحمدہ وَ نُصَلِّیْ علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اساتذہ کرام اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
آج مجھے جس موضوع پرلب کشائی کی سعادت حاصل ہورہی ہے وہ ہے:
’’جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی‘‘
جنابِ صدر!
انسان نے ایّام زیست گزارنے ہیں، عالم رنگ و بو میں سانس لینا ہے، اس جہاں کے اندر موجود نشیب و فراز سے اسے واسطہ پڑنا ہے، افراط و تفریط کا شکار بھی ہونا ہے، اور پھر افراط وتفریط کے گرداب سے اپنی ناؤ کی حفاظت بھی کرنی ہے، کا ئنات کی رنگینیاں، رعنائیاں اور دل آویز یاں بھی اُس کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں گی۔ یہ سب منظر اس کی آنکھوں کے سامنے سے گزرنے ہیں۔
صدرِذی وقار!
ان انعامات الٰہیہ سے صرف وہی مستفید ہو سکتا ہے، جس میں ان کے حسین مناظر کو دیکھنے کی سکت ہو ،جس کی قوتِ سماعت مضبوط ہو، جس کے حواسِ خمسہ ان حسین و جمیل نظاروں کے لیے مستعد رہتے ہوں ،جونسیمِ صبح کی فرحت بخش ٹھنڈک محسوس کرنے کے لیے ہمہ وقت آرزومند ہو، جن کے جسم و جاں کسی اضمحلال کا شکار نہ ہوں۔
محترم صدر!
انسان کو اللہ تعالیٰ نے اشرف المخلوقات بنایا ہے، عظمت کا تاج اس کے سر پر سجایا ہے، انسان ہمیشہ اعلیٰ سے اعلیٰ اور ارفع سے ارفع کا آرزو مند رہتا ہے، اُس کا طائر غور و فکر بلند پروازی کا متمنی رہتا ہے، اُس کی اُمنگیں اور آرزوئیں عظیم سے عظیم تر ہوتی ہیں، وہ کبھی گھٹیا اور ادنیٰ حرکت کا مرتکب نہیں ہوتا۔ اُس کے حوصلے بلند اور عزائم مضبوط ہوتے ہیں۔
جنابِ صدر!
شاعرِمشرق حضرت علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ انسان کو اس کی حقیقت سے شناسائی کا درس دے رہے ہیں، اُس کو اپنے مقام و مرتبہ سے آگاہ کررہے ہیں، اُس کو یہ باور کروایا جارہا ہے کہ انسان کو اپنی حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہیے۔ گدھوں کی طرح مردار پرنہیں گرنا چاہیے ،شاہین کی طرح پرواز بلند کرنی چاہیے۔
پرواز ہے دونوں کی اسی ایک فضا میں
کرگس کا جہاں اور ہے شاہیں کا جہاں اور
صدرِمحترم!
انسانیت بزدلی کا نام نہیں ، انسانیت شجاعت اور بہادری کا نام ہے، انسانیت بخل اور کنجوسی کا نام نہیں، انسانیت سخاوت اور ہمدردی کا نام ہے، انسانیت غرور وتکبر کا نام نہیں ، انسانیت عاجزی و انکساری کا نام ہے، انسانیت ظلم و استبداد کا نام نہیں، انسانیت عدل وانصاف کا نام ہے۔
جنابِ صدر!
اِن صفات کے حصول میں قُویٰ صرف ہوں گے، قُویٰ کے حصول کے لیے رزق کی ضرورت ہوگی ، رزق کے حصول کے لیے وسائل تلاش کرنا ہوں گے، وسائل ناجائز بھی ہوں گے، وسائل جائز بھی ہوں گے ، نا جائز ذرائع کے استعمال میں سبکی ہوگی، جائز ذرائع کے استعمال میں مقام و مرتبہ حاصل ہوگا۔
جنابِ صدر!
اگر ہم نے پرواز بلندرکھنی ہے، اپنی عزت و عظمت کا لوہامنوانا ہے، اپنی ساکھ کو استحکام بخشنا ہے، اپنے معیارکو بلند رکھنا ہے، اپنی ترقی کو دوام بخشناہے، تو ہمیں تنزلی کی دلدل میں دھکیلنے والی عاداتِ قبیحہ سے کنارہ کشی اختیار کرنا ہوگی، اور ترقی وعروج کی فلک بوس چوٹیوں کو اپنا مسکن بنانے کے لیے عاداتِ صالحہ کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنانا ہوگا۔
اے طائر لاہوتی! اُس رزق سے موت اچھی
جس رزق سے آتی ہو پرواز میں کوتاہی

والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...