Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

قائد کا فرمان کام، کام اورکام
ARI Id

1689956677855_56117541

Access

Open/Free Access

Pages

82

قائد کا فرمان کام ، کام اور کام
نحمدہ وَ نُصَلِّیْ علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اساتذہ کرام اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
آج مجھے جس موضوع پر اظہار خیال کرنا ہے وہ ہے:’’قائد کا فرمان کام، کام اور کام‘‘
جنابِ صدر!
اس کا ئناتِ رنگ و بو میں جو رنگینیاں نظر آرہی ہیں، اس کائنات میں جوحسن نظر آرہا ہے اس کائناتِ رنگ و بو میں جو تنوع دکھائی دے رہا ہے، اس کائنات کے گلشن میں جو بہار آ ئی ہوئی ہے، یہ سب کچھ اپنے آپ وجود میں نہیں آگیا، یہ کسی نہ کسی کاریگر کا شاہکار ہے، کسی نہ کسی محنتی کی محنت ہے۔
جنابِ صدر!
محنت اور جدوجہد ہی انسان کو انسانیت کے مقام پر فائز کرتی ہے، معاشرے میں اس کا ایک مقام بناتی ہے، کام سے محبت ہی بڑے بڑے کا م بناتی ہے، کام کرنے والا شخص کسی کا دست نگر نہیں ہوتا، اُس کی خودی میں اضافہ ہوتا ہے، اُس کی خودداری کی دیوار میں شگاف نہیں پڑتا، وہ غریب اور بے کس کی دستگیری بھی کر سکتا ہے۔
بے محنت پیہم کوئی جوہر نہیں کُھلتا
روشن شرر تیشہ سے ہے خانۂ فرہاد
صدرِذی وقار!
بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا یہ فرمان زبان زدعام ہے کہ کام ، کام اور کام، اس نابغۂ روزگارہستی نے کام کر کے یہ ثابت کر دیا کہ اگر انسان کا ارادہ نیک ہو، انسان کے جذبات حق وصداقت کے ترجمان ہوں، اور مقصد نیک ہو، عوام النّاس کی خدمت کا جذبہ موجزن ہو تو مقصد کے حصول میں کوئی چیز رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتی۔
صدرِذی وقار!
قائدِاعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے جب یہ فرمایا، کہ کام سے تعلق پیدا کرو، محنت کروتو پھر اس طرح کام کر کے بھی دکھایا ، شب و روز محنت کی ، دن رات ایک کیا ، اور کوشش کرتے رہے اللہ تعالیٰ نے ملک ِپاکستان کے قیام میں مدد فرمائی اور پاکستان بن گیا یہ سب کچھ آپ کی انتھک محنت شاقہ اور جدوجہد کا نتیجہ تھا۔
صدرِ محترم!
کام ، کام اور کام ظاہر یہ تین الفاظ نظر آرہے ہیں لیکن زندگی کی گاڑی کوصحیح انداز میں چلانے کے لیے اس پٹڑی اور اس لائین کو ضرور استعمال کرنا پڑے گا۔ کام سے محبت کرنے والے لوگ اس دنیا میں آسمان پرستاروں کی طرح چمکتے ہیں۔ اس دنیا کی زیبائش میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، اس گلشنِ گیتی میں سے خس و خاشاک کو ختم کرنے میں ان کاکردار نمایاں ہوتا ہے۔
جنابِ صدر!
کام سے محبت کرنے والے مالی کا باغ دور سے ہی حسین نظر آتا ہے، کام سے لگن رکھنے والے کا شتکار اور مزارع کا کھیت کشت ِزعفران کا نمونہ پیش کر رہا ہوتا ہے، کام سے پیار کرنے والا شخص معیاری ہوتا ہے، اس کی زمین سونا اگل رہی ہوتی ہے، اس کے تعلیمی ادارے اچھے اچھے سائنس دان پیدا کر رہے ہوتے ہیں، اس کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں، اس کے ہسپتالوں میں بے رونقی ہوتی ہے، کام ہمیشہ کام بناتا ہے لیکن ہر چیز میں اعتدال بھی ایک حُسن ہوتا ہے اور یہی ہمارے قائد کا فرمان ہے جو قائد ِاعظم محمد علی جناح کے بھی قائد ہیں یعنی حضرت محمد ؐ۔
راشدؔ اگر جہاں میں کرنا ہے پیدا نام
کرنا پڑے گا تجھ کو دِن رات کام، کام
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...