Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

ڈینگی ایک چیلنج
ARI Id

1689956677855_56117542

Access

Open/Free Access

Pages

84

ڈینگی ایک چیلنج
نحمدہ وَ نُصَلِّیْ علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
صدرِذی وقار معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب ساتھیو! آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کی سعادت حاصل کرنی ہے وہ ہے:’’ڈینگی ایک چیلنج،،
جنابِ صدر!
آج کل پورے پاکستان میں جس بیماری نے پاکستانیوں کے اعصاب کو مضمحل کر رکھا ہے وہ ڈینگی ہے اور ڈینگی بخار ہی کی ایک قسم ہے، چھوٹے، بڑے، امیر ،غریب ، کالے، گورے سب اس سے خوفزدہ ہیں ، سب اس سے فرار کا رستہ اختیار کرنے کے متمنی ہیں، اس کے نام سے ہی رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔
صد رِمحترم!
فرمان ِباری تعالیٰ ہے ’’کہ ایّا م لوگوں کے درمیان ایک جیسے نہیں رہتے، بدلتے رہتے ہیں۔ ‘‘ وقت کا دھارا گزر جاتا ہے۔ خزاں کے ختم ہوتے ہی بادِ بہاری کو اٹھکیلیاں سوجھنا شروع ہو جاتی ہیں۔ مردہ پتے گرنے لگتے ہیں، اورنئے شگو فے کھلنا شروع ہو جاتے ہیں،چمنستانِ ہستی میں بہار آ جاتی ہے، ستاروں کی گردش، اور زمین کی حرکت ارضی اور سماوی تبدیلیوں کی نشاندہی کرتی ہے۔
اے ہم نشیں ! کلام میرا لا کلام ہے
سُن! زندگی تغیّرِ پیہم کا نام ہے
صدرِذی وقار!
انسان پر بھی حالات ایک جیسے نہیں رہتے،کبھی مسرت و شادمانی کی کیفیت ہوتی ہے، کبھی غم اور اندوہ ساتھ نبھانے کا تہیہ کر لیتے ہیں، کبھی امارات کے بادل سایہ فگن ہو جاتے ہیں، کبھی غربت و افلاس کی چکی میں پسنا مقدر بن جاتاہے۔ کبھی بیماری کا بھیانک چہرا جیسے ڈینگی کی صورت میں سامنے آتا ہے دیکھنا پڑتا ہے اورکبھی تندرستی اور صحت کی نوید جانفرا سنائی دینا شروع کر دیتی ہے۔
جنابِ صدر!
انسان اشرف مخلوقات پیدا فرمایا گیا ہے۔ اس کونشیب و فراز سے واسطہ پڑتا ہے، اس کو افراط و تفریط سے تعلق پیدا کرنا ہوتا ہے ،لیکن یہ تمام امو ربحسن وخوبی سرانجام دیتا ہوا اپنے سفر حیات کو جاری و ساری رکھتا ہے، کوہ و بیاباں سامنے آئے تو یہ سیل تندروبن کے گزر جاتا ہے اور اگر چمنستانی خطہ آجائے تو یہ جوئے نغمۂ خواں ہو جا تا ہے چنانچہ اس کو ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنا آتا ہے۔
گزر جا بن کے سیل تُند رو کوہ و بیاباں سے
گلستاں راہ میں آئے تو جوئے نغمہ خواں ہو جا
معزز سامعین!
جب ہم چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں تو ڈینگی جو ایک بیماری ہے تو اس کا مقابلہ کیوں نہ کریں گے، اس سے چھٹکارا حاصل کیوں نہ کر سکیں گے ، اس کے خاتمے کے لیے ہمیں نفسیاتی طور پر مضبوط ہونا ہوگا۔ ’’موت جس کا ایک وقت مقررہے‘‘ کا عقیدہ سامنے رکھ کے اس ہولناک تصوّر سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔
محترم صدر!
ہمیں ڈینگی بخار سے ڈرنے کی بجائے اس کے علاج کی طرف توجہ کرنا ہو گی کمزور اور مالی طور پر پریشان مریض کو ہسپتال پہنچانا ہوگا، مریض سے پرہیزکی بجائے مرض سے پرہیز کرنا ہوگا۔ سرکاری طور پراس کے خاتمے کے لیے اُٹھنے والے اقدامات کی پرزور حمایت اور تائید کرنا ہوگی، اور اس مرض سے متاثرہ مریض کو حو صلے سے کام لیتے ہوئے اس چیلنج کوقبول کرنا ہو گا۔ ڈینگی بخار ہمارے لیے چیلنج ہے اور ہم نے ہی چیلنج قبول کر کے اس کے خاتمے کے اقدامات کرنے ہیں۔
وہ مرد نہیں جو ڈر جائے حالات کے خونی منظر سے
اُس دور میں جینا لازم ہے جس دور میں جینا مشکل ہو
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...