Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

میرا شہر
ARI Id

1689956677855_56117544

Access

Open/Free Access

Pages

87

میراشہر
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب ساتھیو!
آج مجھے جس موضوع پرلب کشائی کرنی ہے وہ ہے:’’میراشہر‘‘
جناب ِصدر!
میرا شہر، میرا گھر ، میر اسکول، میرا ملک ایسے الفاظ ہیں جس سے محبت پیار آشکار ہوتا ہے، جس سے اپنائیت کا احساس ہوتا ہے، جس سے بیگانی کا قلع قمع ہوتا ہے، میرا شہر ، میرا گھر، میر اسکول، میرا ملک کہنے سے نسبت واضح ہورہی ہے۔
صدرِمحترم!
میرا شہر میرا وطن ہے، میری سرزمین ہے، میری سوہنی دھرتی ہے، میرا علاقہ ہے، اور اپنی سرزمین ہر محب ِوطن کو پسند اور محبوب ہوتی ہے۔ اسی لیے تو نبی کریمؐنے ہجرتِ مد ینہ کے موقع پر مکہ کی طرف رخِ انور کر کے ارشاد فرمایا کہ مکہ تومیرا شہر ہے اور تجھ سے مجھے محبت ہے لیکن یہ لوگ مجھے یہاں رہنے نہیں دیتے اسی طرح آپؐ نے مدینہ منورہ کے لیے ارشاد فر مایا کہ اللہ تعالیٰ اس شہر کو با برکت بنادے، اس سے یہ بات روزِ روشن کی طرح واضح ہورہی ہے کہ اپنے شہراور وطن سے پیار کرنا حضور اکرمؐ کی سنت بھی ہے۔
صدرِ ذی وقار!
جہاں تک میرے شہرکا تعلق ہے کہ یہ بڑا پر رونق شہر ہے، مجھے اس سے بہت مانوسیت ہے، میں اس سے دل کی گہرائیوں سے عشق کرتا ہوں، اس میں عظیم مساجد ہیں جن سے دن میں پانچ مرتبہ اذان ہوتی ہے، مؤذن کی مسحور کن آواز کانوں میں رس گھولتی ہے ، میرے شہر میں تعلیمی درسگاہیں ہیں جوطلباء کو زیورِ تعلیم سے مزیّن و مرصعّ کر رہی ہیں ، یہاں دینی درسگاہیں بھی ہیں جو قرآنِ پاک کی تعلیم سے تشنگانِ علم کی پیاس بجھارہی ہیں۔
صدرِمحترم!
میرا شہر ایک عظیم شہر ہے، اس کے چار بازار ہیں، جو درمیان میں ایک چوک پر اکھٹے ہو جاتے ہیں اور گویا اتحاد و اُخوت کا درس دے رہے ہیں۔ میرے شہر کی ہر چیز نرالی ہے، ہر چیز انوکھی ہے، میرے شہر میں فروٹ کثرت سے پایا جاتا ہے، میرے شہر کا وقوع تقریباً ًپنجاب کے تمام امصار سے زیادہ اچھا ہے، میرے شہرکا فروٹ فروش جب صدالگا تا ہے تو اس کی زبان سے نکلنے والے الفاظ عجب سماں باندھ دیتے ہیں۔
معزز سامعین!
میرے شہر میں ہسپتال ہیں ایک سرکاری ہسپتال ہے اور کچھ پرائیویٹ ہیں جو غریب اور مفلوک الحال صاحب ِفراش لوگوں کی خدمت کر کے اپنافریضہ احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ میرے شہر میں ایک ریلوے اسٹیشن ہے، میرے شہر کی ایک عظیم خصوصیت یہ ہے کہ اس سے کسی دوسرے شہر میں جانے کے لیے کسی پریشانی کا سامنا نہیں کر نا پڑ تا چوبیس گھنٹوں میں جب دل چاہے کہیں سے آ سکتے ہیں اور جب دل چاہے کہیں جا سکتے ہیں کیونکہ بس اسٹاپ دور دراز نہیں ہے۔
جنابِ صدر!
میرا شہر اس بات کا متقاضی ہے کہ اس کو صاف ستھرا کیا جائے ، اس کی ہر شے سے محبت کی جائے، اس کے در و دیوار سے محبت کی جائے ، اس کو آلودگی سے بچانے کے لیے ہرقسم کی کوشش کی جائے ، اس کے شجر وحجرسے پیار کیا جائے ، میرا شہر اس بات کا بھی تقاضا کرتا ہے کہ یہاں کے باشندگان کے ساتھ پیار کیا جائے ، یہاں پر علمی و ادبی مذاکرے کروائے جائیں، یہاں کے عوام کو ہر قسم کی سہولتیں وافر مقدار میں دی جائیں یہاں پر رہائش پذیرمعذور عوام کی خاطر خواہ مدد کی جائے، یہاں سے رشوت ستانی، اقربا پروری ، عصبیّت، چوری، ڈاکہ زنی کے قلع قمع کے لیے حکومت وقت کی مدد کی جائے۔ میراشہر اس بات کا بھی متقاضی ہے کہ اس کی ہر چیز کو خوبصورت بنانے میں تن من دھن کی بازی لگانے سے بھی گریز نہ کیا جائے۔
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...