Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ARI Id

1689956677855_56117568

Access

Open/Free Access

Pages

147

ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب شاہینو!
آج مجھے جس موضوع پر اظہار خیال کرناہے وہ ہے: ’’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘‘
جنابِ صدر!
شاعراس شعر میں ہماری توجہ جہد مسلسل کی طرف دلانا چاہتا ہے، وہ کاہلی، سستی اور تساہل کے قعرِ ذلت میں گرنے سے بچاتا ہے ،وہ یہ یاد کرانا چاہتا ہے کہ حرکت میں برکت ہے اور ہمیشہ کی کدو کاوش سے انسان بالآ خرمنزل پرپہنچ جاتا ہے۔
صدرِمحترم!
زندگی حرکت کا نام ہے۔ حیات کے لمحات متحرک رہنے والے کے ہوتے ہیں،لمحات زیست کی چاشنی جمود کا شکار افراد کے لیے سمِ قاتل ہے۔ زندگی کی رنگینیاں، زندگی کی رعنائیاں اسی کوملتی ہیں جو ان کے حصول کے لیے جسمانی اور فکری قویٰ منظر عام پرلاتا ہے اس طرح وہ نہ صرف ستاروں کو دیکھتا ہے بلکہ ستاروں پر کمندیں بھی ڈال لیتا ہے اور کامرانی اس کے قدم چوم لیتی ہے۔
جنابِ صدر!
انسان اگر آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار رکھے گا، تو آسانیاں میسر آتی جائیں گی، مشکلیں حل ہوتی جائیں گی ، پریشانیوں کا وجود عنقا ہو جائے گا ، مشکلات، سہولیات میں بدل جائیں گی ، الجھنیں کافور ہو جائیں گی ، خوشیوں اور مسرتوںکے گلستانوں میں بہار آجائے گی۔
صدرِ محترم!
جمود انسان کے لیے سم قاتل ہے، جمود اشیاء خوردنی میں آجائے تو انہیں متعفن کر کے رکھ دیتا ہے۔ اعضائے جسمانی میں آجائے تو انہیں شل کر کے رکھ دیتا ہے علم و دانش میں آجائے تو فصاحت، جہالت کے قریب ہو جاتی ہے۔ جمودمطالعہ میں آجائے توصاحب علم کی میز گردآلود ہو جاتی ہے۔
صدرِمحترم!
انسان کی ترقی کا راز جذبہ مسابقت میں مضمر ہے، اس کے عروج میں یہی جذبہ کام آتا ہے، اس کی تنزُّل کی نفی اسی جذبے کی بیداری میں ہے، وہ لوگ عظیم ہوتے ہیں جو اس جذبے کے حامل ہوتے ہیں، یہ نابغہ ٔروزگار ہستیاں زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہوئے ہیں کیونکہ وہ آگے بڑھنے کار جحان اپنے اندر بدرجہ اتم رکھتی ہیں۔ بقول شاعر:۔
چڑیوں کی طرح دانے پہ گرتا ہے کس طرح
پرواز رکھ بلند کہ بن جائے تو عقاب
جنابِ صدر!
کسان میں یہ جذبہ پیدا ہو جائے تو اس کے کھیت کشت ِزعفران بن جاتے ہیں ، سرسبز و شاداب ہو جاتے ہیں، اس کے کھیت وکھلیان سونا اگلنے لگتے ہیں، اس کے شب وروزحسین ہو جاتے ہیں، اس کے ایّامِ زیست میں نکھار آجاتا ہے، اس کے آنگن میں بہار آ جاتی ہے، اس کے مکانوں کی منڈیر پرخوشی و خوش بختی کا ہما ڈیرہ جمالیتا ہے۔
جنابِ صدر!
جذبہ مسابقت ایک طالب علم کے ذہن میں پیدا ہو جائے ، تو اسے ایک عظیم انسان بنا دیتا ہے۔ اس کے مطالعے کا رخ بدل دیتا ہے، اس کے قلوب و اذہان مثبت سوچ کے حامل ہو جاتے ہیں، اس کی سوچوں میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ پیدا ہو جا تا ہے۔ اس کی زندگی عوام النّاس کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو جاتی ہے اور وہ مستقبل کا ایک رُجل رشید ہو جاتا ہے۔
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
صدرِذی وقار!
من جد وجد کے تحت جو آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے اس کے لیے آسانیاں پیدا کر دی جاتی ہیں ، رکاوٹیں دور کر دی جاتی ہیں، ماحول ساز گار کر دیا جاتا ہے، اضمحلال ختم ہو جاتا ہے، طبائع مانوس ہو جاتی ہیں آرام و سکون کی موسلا دھار بارشیں شروع ہوجاتی ہیں، اور زندگی شاہراہ طمانیت پر رواں دواں ہوجاتی ہے۔
محترم صدر!
ضرورت اس امر کی ہے کہ طالب علم اپنی فیلڈ میں کوشش کرے ،معلم اپنے انداز تدریس میں انفرادیت پیدا کرے، کسان آلاتِ زرعی میں ندرت پیدا کرے، منصف انصاف کی میز پر اوقاتِ مطالعہ میں اضافہ کرے، تاجر رزق حلال کی فراوانی میں سعی کرے،خطیب اپنے خطبہ کو مثالی بنائے ، ہرشخص موجود پرتوکل کر کے نہ بیٹھ جائے بلکہ مزید آگے بڑھتا جائے یہی انسانیت کی معراج بھی اور اسلام کا طرہ ٔامتیاز بھی ہے۔
ہر لحظہ ہے مومن کی نئی شان نئی آن
کردار میں گفتار میں اللہ کی برہان
یہ راز کسی کو نہیں معلوم کہ مومن
قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قرآن
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...