Search from the table of contents of 2.5 million books
Advanced Search (Beta)

نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر |
حسنِ ادب
نسیم سخن: سکول ، کالج اور مدارس کے طلبا و طالبات کے لیے انمول تقاریر

ایک ہو ں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
ARI Id

1689956677855_56117572

Access

Open/Free Access

Pages

157

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امّا بعد فاعوذ بااللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
معزز اسا تذہ کرام اور میرے ہم مکتب شاہینو!آج مجھے جس موضوع پر لب کشائی کا موقع مل رہا ہے وہ ہے’:’ایک ہوںمسلم حرم کی پاسبانی کے لیے ‘‘
محترم صدر!
اتحاد جس شکل میں موجود ہو قابل تحسین تصور کیا جا تا ہے جوقوم ملی اتحاد کی دولت سے مالامال ہوتی ہے وہ ہر لحاظ سے خوش و خرم ہوتی ہے اس کی فضاؤں میں آلودگی نہیں ہوتی اس کے کھلیانوں میں خس و خاشاک نہیں ہوتے۔ اس کے میز گردجہالت سے خالی ہوتے ہیں اس کے افراد کی عروق مردہ نہیں ہوتیں۔ اس کے میدان ویران نہیں ہوتے۔ اس کے ہسپتال آباد نہیں ہوتے۔
محترم صدر!
اتحاد جس قوم میں بھی ہو وہ دیگر اقوام میں ممتاز ہوتی ہے۔ اس کے وجود میں حسن اور نکھار پیدا ہو جاتا ہے چند اینٹیں متحد ہو جائیں تو ایک مکان تعمیر کر دیتی ہیں ایک عمارت بنادیتی ہیں ایک دیوار کھڑی کر کے بے پردہ گھر کو باپردہ بنادیتی ہیں، چند قطرے اکٹھے ہو جائیں تو ایک بحیرہ اور پھر بحر کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ ریت کے چند ذرّے اکٹھے اور متحد ہو جائیں تو ریگستان وجود میں آجاتا ہے۔
صدرِذی وقار!
اسلام میں اتحادملی پر بہت زور دیا گیا ہے۔ حدیث نبویؐ ہے مسلمان مسلمان کا بھائی ہے، مسلمان مسلمان کوکبھی گالی نہیں دیتا، مسلمان مسلمان کو کبھی بُر ابھلا نہیں کہتا، اسلام کے زیور سے مرصعّ شخص معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہوتا ہے۔ اس کے انداز نشست و برخاست معیاری ہوتے ہیں، اس کی گفتگو میں حسن ہوتا ہے۔ جواتحادملی کے جذبے سے سرشار ہوتا ہے۔
جنابِ صدر!
دنیائے رنگ و بو کے تمام مظاہر اتحاد و یگانگت کا درس دے رہے ہیں ستاروں کی اخوت تار یک شب کے اندھیرے چاک کر کے رکھ دیتی ہے۔ سنگریزوں کے اکٹھے ہونے سے کو ہسارجنم لیتا ہے۔ بہت سے قطرے باہم مل کر سمندر کا روپ دھار لیتے ہیں، مختلف پھولوں کی ترتیب و تنظیم سے خوش نما اور خوش رنگ گلدستہ تیار ہوتا ہے۔ اسی طرح مسلمان اکٹھے ہو جائیں تو کفر کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو سکتے ہیں۔
ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لیے
نیل کے ساحل سے لے کر تابخاک کاشغر
جنابِ صدر!
مسلمان جب اکٹھے ہو جائیں تو دریاؤں کی طغیانی کو ختم کر سکتے ہیں، بحرِظلمات میں اٹھنے والی عداوت وبغض کی موجوں کا رخ موڑ سکتے ہیں۔ اسلام کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو پھوڑ سکتے ہیں، دین اسلام کے خلاف بولنے والی زبان کو گدی سے نکال سکتے ہیں، مسلمانانِ عالم کی طرف اٹھنے والے ہاتھوں کو شل کر سکتے ہیں بشرطیکہ سب ایک ہو جا ئیں۔
بتانِ رنگ و خوں کو توڑ کر ملت میں گم ہو جا
نہ تورانی رہے باقی نہ ایرانی نہ افغانی
صدرِذی وقار!
ہمارے اسلاف تھے جن سے کفر وشرک خائف تھا، جن کی للکار سے کفر و شرک کے ایوانوں میں زلزلہ آ جا تا تھا، جن کے کردار سے معاندین اسلام لرزہ بر اندام تھے، جن کی گفتار سے غیر مسلم قوموں کے در و دیوار میں دراڑ پڑ جاتی تھی،آج ہم ہیں کہ ماضی کے برعکس ہر شعبہ ٔحیات میں زوال و انحطاط کا شکار ہیں۔ جس کا سبب صرف اور صرف انتشار، افتراق، پھوٹ اور اختلاف ہے۔

گنوا دی ہم نے جو اسلاف سے میراث پائی تھی
ثریا سے زمیں پر آسماں نے ہم کو دے مارا
جنابِ صدر!
آج ہم ایک ہو جائیں، نیک ہو جائیں ، متحد ہوجائیں ، انتشار ختم کر دیں ،متفق ہو جائیں اختلاف ختم کر دیں، فرقہ واریت، اقرباء پروری، رشوت ستانی، تعصب، خودغرضی، بددیانتی، ملاوٹ، ڈاکہ زنی کے اژدہا کو محبت و مودّت، اخوت و بھائی چارہ اور اتحاد واتفاق کے آہنی راڈ سے کچل دیں تو ہم حفظ ِحرم اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ کا فریضہ بطریقِ احسن ادا کر سکتے ہیں۔
آج بھی ہو جو براہیم کا ایماں پیدا
آگ کر سکتی ہے انداز گلستاں پیدا
والسلام

Loading...
Table of Contents of Book
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
ID Chapters/Headings Author(s) Pages Info
Similar Books
Loading...
Similar Chapters
Loading...
Similar Thesis
Loading...

Similar News

Loading...
Similar Articles
Loading...
Similar Article Headings
Loading...